وہاڑی: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا اچانک وہاڑی کا دورہ

دفتر سے غیر حاضری پر چیف ایگزیکٹو ایجوکیشن، ڈی ای او ایجوکیشن اور ایس ایچ تھانہ صدر کومعطل کر دیا

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 23 اپریل 2019 16:05

وہاڑی: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا اچانک وہاڑی کا دورہ
وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین 23 اپریل 2019ء، نمائندہ خصوصی،منور حُسین رجانہ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار ساہیوال میں گندم کی کٹائی کا افتتاح کرنے کے بعد اچانک وہاڑی پہنچ گئے۔ انہوں نے وہاڑی پہنچتے ہی تھانہ صدر، اراضی ریکارڈ سنٹر، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال، ایجوکیشن اور دیگر دفاتر کے اچانک دورے کیے۔ دفتر سے غیر حاضری پر چیف ایگزیکٹو ایجوکیشن، ڈی ای او ایجوکیشن اور ایس ایچ تھانہ صدر کومعطل کر دیا۔

وزیراعلیٰ عثمان احمد بزدار ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسپتال کے مختلف وارڈز میں گئے، مریضوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی اس موقع پر وزیراعلیٰ نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں ملنے والی طبی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا اور بعض مریضوں کے لواحقین کی جانب سے طبی ٹیسٹوں کی فیس وصول کرنے کا شکایت پر وزیراعلیٰ کا برہمی کا اظہار کیا ، وزیراعلیٰ کا ہسپتال میں ٹیسٹوں کی فیس وصول کرنے کے معاملے کی انکوائری کا حکم بھی دے دیا اور ذمہ دار کا تعین کرکے کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سردار عثمان بزدارنے اسپتال میں مفت ادویات کی فراہمی کے حوالے سے بھی مریضوں کے رشتہ داروں سے پوچھا، بعض مریضوں کی جانب سے مفت ادویات مہیا نہ کئے جانے کی شکایت سامنے آئی۔ جس پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ کی شکایات کا فوری ازالہ کروں گا، میں صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے بغیر اطلاع ہسپتال کے دورے پر آیا ہوں۔ اس موقع پروزیر اعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ادویات نہ خریدنے پر انکوائری کا حکم دے دیا۔

ہماری حکومت صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے کام کر رہی ہے ۔میں نے اسپتالوں کو ٹھیک کرنے کا بیڑا اُٹھا لیا ہے۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے تھانہ صدر وہاڑی کا اچانک دورہ کیا اور حوالات میں بند ملزمان سے ان کے مسائل پوچھے۔ سردار عثمان بزدار نے پوچھا کہ اگر آپ سے کسی نے رشوت لی ہے تو مجھے بتائیں، میں کارروائی کروں گا۔وزیراعلیٰ کا تھانے میں موٹر سائیکلیں کھڑی کئے جانے پر برہمی کا اظہار کیا اوراستفسار کیا کہ اتنی زیادہ تعداد میں موٹر سائیکلیں تھانے میں کھڑی ہونے کا کیا جواز ہے اور اس معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔

جبکہ تھانہ صدر کے ایس ایچ او کو غیر حاضری پر معطل کر دیا۔ بعدازاں سردار عثمان احمد بزدار نے محکمہ تعلیم کے دفتر کا بھی دورہ کیا اور سی ای او ایجوکیشن غلام مصطفیٰ برجیس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری مصباح رفیق کو تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔اس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار اپنا دورہ مکمل کر کے وہاڑی سے روانہ ہوگئے۔

وہاڑی میں شائع ہونے والی مزید خبریں