وہاڑی کے نواحی گاؤں چک نمبر563ای بی میں بائیو گیس اور سولر سسٹم سے بجلی کی پیدوار کے پائلٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد

ہفتہ 18 مئی 2019 18:25

وہاڑی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے، اس ملک کو ہم سب نے مل کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، موجودہ حکومت کا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ ہر پاکستانی کو اس کاجائز حق اس کے گھر کی دہلیز پر پہنچا یا جائے، پاکستانی قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے، متبادل توانائی کے ذرائع بنا کر بجلی اور گیس کی کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے جس کے لئے ہمیں گرا س روٹ لیو ل سے کام کرنا ہو گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار وہاڑی کے نواحی گاؤں چک نمبر563ای بی میں بائیو گیس اور سولر سسٹم سے بجلی کی پیدوار کے پائلٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کیا۔ پراجیکٹ پر 23کروڑ روپے لا گت آئے گی اوراس کو 31دسمبر 2019ء تک مکمل کیا جائے گا پراجیکٹ کی تکمیل سے گاؤں کے رہائشیوں کو سستی بجلی اور بائیو گیس میسر آئے گی۔

(جاری ہے)

سنگ بنیاد کی تقریب میں ایم این اے اورنگزیب کھچی اور ایم پی اے اعجاز سلطان بندیشہ،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رائے ظہور احمد کھرل،ڈپٹی کمشنر عرفا ن علی کاٹھیا،ایڈیشنل سیکرٹری توانائی امجد بشیر، اسسٹنٹ کمشنر منور حسین مگسی،ڈائر یکٹر ٹیکنیکل توانائی ڈیپارٹمنٹ محمد صابر، فیض فرید رندھاوا،رانا شعیب اصغر، عبد الوحید گریول، ملک فاروق اعوان،ملک محمد علی لنگڑیال، احسن ایو ب بندیشہ، ملک آصف خان ملزئی، پیر خالد حسین شاہ، عبدالوحید نمبردار، چوہدری شبیر حسین آرائیں،ملک محسن، ملک عثمان،نذر فرید رندھاوا، صائمہ نورین اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے فلاحی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں عوام کے لئے سولر اور بائیؤ گیس سے بجلی پیدا کرنے والا پہلا ماڈل منصوبہ ہے اس منصوبے سے تین گاؤں کو سستی اور وافر بجلی اور گیس ملے گی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس نئے پاکستان کا نعرہ عمران خان نے لگایا تھا یہ منصوبہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

صوبائی وزیر توانائی نے مز ید کہا کہ یہ منصوبہ 23 کروڑ روپے کی لاگت سے 31 دسمبر تک مکمل ہوگا اور دو سال تک توانائی کا محکمہ اس کی دیکھ بھال بھی کرے گا عوامی اور فلاحی منصوبوں کو جلد مکمل کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت کی وجہ سے آج ملک مالی بحران کا شکار ہے سا بقہ حکومت نے 24ارب روپے کا قرض لے کر ملک کو بحران کا شکار بنا دیا۔

سابقہ حکمرانوں کی وجہ سے آج ملک پر کچھ مشکل وقت ہے جو کہ جلد ختم ہو جا ئے گا اور ہم بہتر حالات کی طر ف گامز ن ہوں گے سابقہ حکمرانوں نے فنڈز صحیح طریقے سے لگا ئے ہوتے تو آج ہر گاؤں میں اس طرح کے بائیو گیس اور سولر سسٹم کے پلانٹ لگ سکتے تھے۔اب ہماری کوشش ہے کہ ہرگاؤں میں اس طرح کے منصوبے لے کر جائیں تاکہ دیہی علاقوں کے رہائشیوں کو بہتر سہو لیات میسر آئیں۔

وہاڑی میں شائع ہونے والی مزید خبریں