سفاکیت کی انتہا ، گھریلو ناچاقی پر خاوند نے بیوی اور تین بچوں کو قتل کر دیا

قتل ہونے والوں کی شناخت بیوی شہناز، 8 سالہ بیٹی سمیرا، 6 سالہ بیٹا زین اور 3 سالہ بیٹی شانزہ کے نام سے ہوئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 1 ستمبر 2021 12:00

سفاکیت کی انتہا ، گھریلو ناچاقی پر خاوند نے بیوی اور تین بچوں کو قتل کر دیا
وہاڑی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم ستمبر 2021ء) : سفاک شوہر نے گھریلو ناچاقی پر بیوی اور تین بچوں کو موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ تفصیلات کے مطابق وہاڑی میں تھانہ صدر کے علاقے 30 ڈبلیو بی کی بستی ٹاوریاں والا میں گھریلو ناچاقی پر خاوند نے بیوی اور تین بچوں کو قتل کر دیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ واقعے میں ملزم عمر زمان نے کلہاڑیوں کے وار کر کے اپنی بیوی اور تین معصوم بچوں کو قتل کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل بھی تحویل میں لے لیا ہے۔ڈی پی او وہاڑی امیرعبداللّٰہ خان نیازی ایلیٹ فورس اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ پولیس نے مقتولین کی میتوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا اور ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل ہونے والوں کی شناخت بیوی شہناز، 8 سالہ بیٹی سمیرا، 6 سالہ بیٹا زین اور 3 سالہ بیٹی شانزہ کے نام سے ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ گھریلو تنازعات پر قتل و غارت کے واقعات میں حالیہ اضافہ قابل تشویش ہے۔ گذشتہ ماہ بھی سفاک شوہر نے اپنی بیوی اور دو بچوں کو قتل کر کے لاشیں جلا دی تھیں۔ صوبہ پنجاب کے ضلع لیہ میں نشے کے عادی شوہر نے گھریلو ناچاقی پر بیوی اور دوبچوں کو قتل کر کے جلا دیا جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ لیہ کےعلاقے چوک اعظم میں تہرے قتل کی لرزہ خیزواردات ہوئی جہاں نشے کے عادی شخص نے بیوی اور دو بچوں کو قتل کرکے لاشوں کو آگ لگا دی۔

پولیس نے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے نشتر اسپتال منتقل کردیا جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق عرفان نامی نے گھریلو ناچاقی پر بیوی ، سات سال کی بیٹی اور ایک سال کے بیٹے کو تیز دھار آلے سے قتل کرکے لاشوں کو جلادیا۔ اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک واقعہ پیش آیا جہاں گھریلو ناچاقی سے تنگ آ کر معمولی تلخ کلامی پر میاں بیوی نے ایک دوسرے پر فائر کھول دیے تھے۔

وہاڑی میں شائع ہونے والی مزید خبریں