پولیس ڈرائیونگ سکول میں عوام کی دلچسپی ہمار ی کامیابی کا مظہر ہے، ڈی پی او

منگل 22 مئی 2018 23:11

وہاڑی۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر سعید ملک نے کہا کہ پولیس ڈرائیونگ سکول وہاڑی میں عوا م کی بھرپور دلچسپی ہماری کامیابی کا مظہر ہے۔پہلے ڈرائیونگ کلاس کورس کا کامیابی سے انعقاد اس کا ثبوت ہے کہ عوام میں ٹریفک کے متعلق شعور پیداکرنے اور ٹریفک قوانین کو اجاگر کرنے کیلئے وہاڑی پولیس کی طرف سے اٹھایا گیا یہ قدم اپنی مثال آپ ہے ۔

انہوں نے پولیس ڈرائیونگ سکول میں ٹریفک ڈرائیونگ کورس مکمل کرنے والے ٹرینیز میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنیکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تفصیلات کے مطابق پولیس ٹریننگ سکول وہاڑی میں ٹریفک ڈرائیونگ کورس مکمل کرنے والے ٹرینیز میں سر ٹیفکیٹ تقسیم کرنیکی تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر ڈسٹرکٹ بارفیاض احمد لکھویرا، ڈی ایس پی ٹریفک غلام مصطفی ، انچارج ڈرائیونگ سکول انسپکٹر اعجاز اورمیڈیا کے نمائندو ں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی پی او وہاڑی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک حادثات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور اسکی ایک وجہ عوام میں ٹریفک شعور کا نہ ہونا ہے ،اس کی ذمہ داری بحیثیت قوم ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔وہاڑی پولیس اپنی ذمہ داری سے پوری طرح آگاہ ہے اورعوام الناس میں ٹریفک کا شعور بیدار کرنے کے لیے پولیس ڈرائیونگ سکول کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

پہلے بیج میں 22 امیدواران نے داخلہ لیا جو کہ تمام کامیاب ہوئے۔اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار فیاض احمد لکھویرا نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے محافظوں کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہوئے تیزرفتاری یا دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے اجتناب کرین اور ٹریفک کے بہاؤ میں ٹریفک پولیس کیساتھ تعاون کریں۔ آخر میں کامیاب ہونے والے امیدواران میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :

وہاڑی میں شائع ہونے والی مزید خبریں