واپڈا کی جانب سے مبینہ اوورچارجنگ، ضلع میں امن و امان کی صورتحال کے خلافپاکستان کسان اتحاد کا احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 17 اکتوبر 2019 18:02

وہاڑی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) پاکستان کسان اتحاد کے سینکڑوں کارکنان کا واپڈا حکام کی جانب سے مبینہ اوورچارجنگ اور ضلع میں امن و امان کی صورتحال کے خلاف احتجاجی مظاہرہ و ریلی، مظاہرین نے مین ملتان روڈ بلاک کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کسان اتحاد کے سینکڑوں کارکنان نے ضلعی صدر افتخار احمد چوہدری کی قیادت میں واپڈا حکام کے مبینہ بے جا رویہ،اوور چارجنگ اور شہر میں امن و امان کی ابتر صورتحال کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے ڈی سی کمپلیکس کے سامنے مین ملتان روڈ بلاک کردیا روڈ بند ہونے سے گاڑیوں کی لائینیں لگ گئیں اور ٹریفک کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی احتجاجی مظاہرہ میںقاضی محمد نواز، چوہدری اقبال یوسف، غلام حسین مہے،چوہدری یعقوب، میاں ریاض،میاں صدیق کھرل، میاں ارشد، ساجد محمود، اویس رحیم چوہدری،میاں ارشاد،رانا نوازسمیت کثیر تعداد میں کسان ،کاشتکار اور زمیندار شریک تھے۔

(جاری ہے)

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر افتخار احمد چوہدری اور جنرل سیکرٹری محمد اکرم کمبوہ ،قاضی محمد نواز،چوہدری اقبال یوسف و دیگر نے کہا کہ اس وقت واپڈا کی طرف سے کسانوں کو اوور بلنگ اور اوور چارجنگ کا سامنا ہے جس کے باعث کسان دن بدن معاشی مسائل کا شکار ہورہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جعلی سیڈ مافیا اور جعلی زرعی ادویات مافیا نے کسانوں ،کاشتکاروں کو مالی طور پر کمزور کردیا ہے شعبہ زراعت دن بدن بدحالی کا شکار ہورہاہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے گلی گلی میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں ہورہی ہیں۔اس موقع پر مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی جبکہ مظاہرین نے شہر بھر میں ریلی بھی نکالی جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

وہاڑی میں شائع ہونے والی مزید خبریں