وہاڑی،غیر معیاری خوردنی تیل اور گھی جان لیوا بیماریوں کا سبب بنتا ہے جس کی فروخت غیر قانونی اور قابل گرفت ہے، ڈپٹی ڈائر یکٹر آپریشن پنجاب فوڈ اتھارٹی

جمعرات 9 جون 2022 23:07

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2022ء) ڈپٹی ڈائر یکٹر آپریشن پنجاب فوڈ اتھارٹی وہاڑی محمد ارشد نے کہا ہے کہ کھلا ، غیر معیاری خوردنی تیل اور گھی جان لیوا بیماریوں کا سبب بنتا ہے جس کی فروخت غیر قانونی اور قابل گرفت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیوٹریشن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام '' خوردنی تیل کی فورٹیفیکیشن کے فوائد اور پاکستان میں کھلے اور غیر معیاری گھی و خوردنی تیل کے فروخت کی روک تھام'' کے حوالے سے منعقدہ ایک آگاہی سیشن میں کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائر یکٹر انفارمیشن میا ں نعیم عاصم،زونل منیجر ایڈیبل آئل پروگرام نیوٹریشن انٹر نیشنل محمد واصف عمران، جنرل سیکرٹری مرکزی انجمن تاجران راؤ خلیل احمد، نائب صدر میاں ساجد آصف،صدر کریانہ ایسو ایشن محمد اسلم مدنی،عابد پاشا، اعجاز احمد، زاہد ریاض، لیاقت علی،محمدکلیم، ارشاد قریشی،محمد عثمان ادریس،فیاض رسول، محمد اظہر غفاری اور دیگرموجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائر یکٹر آپریشن پنجاب فوڈ اتھارٹی وہاڑی نے مزید کہا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کھلے غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ خوردنی تیل کی فروخت کو روکنے کے لیے دن رات اقدامات کر رہی ہے اس سلسلے میں لوگوں کو بھاری جرمانوں کے ساتھ گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جارہی ہیں اس کے ساتھ غیر خوردنی تیل بنانے والی فیکٹریوں کو بھی سیل کیا جارہا ہے تا کہ خا لص خوراک کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ایک صحت مند معاشرے کا قیام عمل میں لایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں کھلا اور غیر معیاری خوردنی تیل و گھی کی فروخت جان لیوا مسئلہ اختیار کرتا جا رہا ہے اس کی وجہ سے عوام کو سب سے بڑا خطرہ غذائیت اور نشوو نما کی کمی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ ساتھ تاجر حضرات کا تعاون بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ \378

وہاڑی میں شائع ہونے والی مزید خبریں