وہاڑی ،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ ایمر جنسی بورڈ کا اجلاس منعقد

پیر 13 جون 2022 20:01

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2022ء) ڈپٹی کمشنر میاں محمد رفیق احسن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ ایمر جنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں دریاؤں میں متوقع سیلاب اور بارشوں کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متوقع فلڈ کے پیش نظر تمام متعلقہ محکمے اپنی تیاریاں مکمل کریں تمام مشینری اور آلات فنگشنل ہونے چاہئیں، کسی بھی ایمر جنسی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمیں ہمہ وقت تیار رہنا ہو گا۔

انہوں نے محکمہ انہار کے افسران کو ہدایت کی کہ دریائے ستلج کے جملیرا کے قریب بند کو مضبوط بنانے کیلئے مٹی ڈالی جائے اور اسے مزید اونچا کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ دریائے ستلج، ٹھینگی نہر اور دیگربڑی نہروں میں نہانے پر پابندی ہو گی کیونکہ اس سے حادثات رونما ہوتے ہیں اور انسانی جانوں کیلئے خطرہ ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کہ وہ اپنی تحصیلوں میں موجود کنوؤں کے اعداد و شمار اکٹھے کرے اور نمبرداروں کے ذریعے کنوؤں کے مالکان کو پابند کیا جائے کہ وہ کنوؤں کے گرد چار دیواری کروائیں تاکہ انسانوں اور جانوروں کے کنوؤں میں گرنے کے حادثات کور وکا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنرنے مزید کہا کہ متوقع بارشوں کے پیش نظر میونسپل کمیٹیز اپنی ڈی واٹرنگ سیٹ اور دیگر مشینری و آلات کو فنگشنل رکھیں تاکہ بارشوں کی وجہ سے جمع ہونے والے پانی کی فوری نکاسی کے انتظامات ہو سکیں اگر کسی میونسپل کمیٹی کے پاس ڈی واٹرنگ سیٹ کم ہوں تو وہ فوری طور پر نئے ڈی واٹرنگ سیٹ خریدے۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ریسکیو 1122انجینئر دانش خلیل نے متوقع سیلاب اور بارشوں کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں اے ڈی سی ریونیو محمد کاشف ڈوگر، اے سی وہاڑی سید وسیم حسن، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی انجینئر دانش خلیل، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر انجم اقبال، ڈپٹی ڈائر یکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم، ڈی ای او ایلیمنٹری ایجو کیشن محمد اسلم سنپال، سی او میونسپل کمیٹی بوریوالا اکرم واہلہ، ایم او میونسپل کمیٹی وہاڑی شعیب اقبال، سول ڈیفنس آفیسر خالد کریم اور دیگر افسران موجود تھے۔ \378

متعلقہ عنوان :

وہاڑی میں شائع ہونے والی مزید خبریں