وفاقی وزیر زبیدہ جلال کا پاکستان آرڈننس فیکٹریز واہ کینٹ کا دورہ

پی او ایف کی پیداواری صلاحیت اور فلاح وبہبود کی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار منصوبے کی تکمیل کے لیے مکمل مدد کا اعادہ، پی او ایف کے بجٹ کے مسائل حل کرنے کا یقین دلایا

جمعرات 6 ستمبر 2018 22:40

وفاقی وزیر زبیدہ جلال کا پاکستان آرڈننس فیکٹریز واہ کینٹ کا دورہ
واہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 ستمبر2018ء) وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوارمحترمہ زبیدہ جلال نے گزشتہ صبح پاکستان آرڈننس فیکٹریز واہ کینٹ کا دورہ کیا۔ چیئرمین پی او ایف بورڈ لیفٹیننٹ جنرل صادق علی، ہلال امتیاز (ملٹری) نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور انہیں پی او ایف بورڈ کے ارکان سے متعارف کرایا۔ وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار کو پی او ایف کی دفاعی پیداواری صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین پی او ایف بورڈ نے کہا کہ پی او ایف وطن عزیز کا عظیم دفاعی ادارہ ہے جو کہ نہ صرف افواج پاکستان کی دفاعی ضروریات کو پورا کر رہا ہے بلکہ اپنی زائد پیداواری گنجائش کو بروئے کار لاتے ہوئے 40 سے زائد ممالک بھی اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر رہا ہے اسطرح پی او ایف غیر ملکی زر مبادلہ کما کر ملکی معیشت کو مستحکم بنا نے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

پی اوا یف میں جدید پلانٹ اور مشینری کے منصوبے بارے چیئرمین پی او ایف بورڈ نے بتایا کہ پی او ایف کو عہد حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مرحلہ وار جدید ترین اسلحہ اور نئی ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا رہی ہے۔اس منصو بے کے تحت جدید ترین پلانٹ اور مشینری کی تنصیب کا کام مرحلہ وار جاری ہے۔ چیئرمین پی او ایف بورڈ نے مزید بتایا کہ 1985کے بعد ٹیکنالوجی ٹرانسفر کا یہ پہلا بڑا منصوبہ ہے جس سے ملک کی مسلح افواج کی جدید دفاعی ضروریات کم لاگت میں مہیا کی جا سکیں گی۔

وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار کو پی او ایف انتظامیہ کی جانب سے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لیے فلاح و بہبود کے منصوبوںکے علاوہ تعلیمی شعبہ میں نمایاں کارکردگی کے متعلق تفصیل سے بتایا گیا۔ وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال نے پی او ایف کی پیداواری صلاحیت اور فلاح وبہبود کی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بڑی خوشی ہے کہ پی او ایف افواج پاکستان کی ہر قسم کی ضروریات کوپورا کر رہی ہے اور یہ بات قابل اطمینان ہے کہ پی او ایف کے ورکرز محنتی اور تجربہ کار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس ادارہ کا نام پوری دنیا میں جانا جاتا ہے۔

مہمانوں کی کتاب میں اپنے تا ثرات درج کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ -" آج6 ستمبریوم دفاع پاکستان کے تاریخی موقع پر پی او ایف کا دورہ کر کے بڑ ی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ ملک و قوم کیلئے پی اوا یف کی خدمات نہایت شاندار ہیں جو لوگ اس عظیم الشان ادارے میں کام کر رہے ہیں اللہ تعالی ان کا حامی و ناصر ہو" وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوارمحترمہ زبیدہ جلال نے پی اوا یف میں جدید پلانٹ اور مشینری کی تنصیب کے منصوبے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس منصوبے کی تکمیل کے لیے مکمل مدد کا اعادہ کیا اور پی او ایف کے بجٹ کے مسائل حل کرنے کا یقین دلایا ۔

واہ کینٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں