بہترین عوامی و قومی مفادات میں حکومتی اقدامات کی مخالفت برائے مخالفت ملک کیلئے زہر قاتل ہو سکتی ہے، لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم

حکومت آئینی مدت کے آخری دن تک ہر وہ قدم اٹھا سکتی ہے جو عوامی مفاد میں ہو ،انکم ٹیکس اصلاحات (ن)لیگ اور وزیراعظم بڑا کارنامہ ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں، صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 7 اپریل 2018 18:23

واہ کینٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2018ء) مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنماء سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ بہترین حکومتی عوامی اور قومی مفادات کے اقدامات کی مخالفت برائے مخالفت کی روش پاکستان کیلئے زہر قاتل ثابت ہو سکتی ہے،موجودہ حکومت آئینی مدت کے آخری دن تک ہر وہ قدم اٹھا سکتی ہے جو عوامی مفاد میں ہو ،انکم ٹیکس اصلاحات مسلم لیگ (ن) اور وزیراعظم کا ایک بہت بڑا کارنامہ ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

ہفتے کو واہ کینٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر جنرل (ر)عبدالقیوم نے کہا کہ انکم ٹیکس اصلاحات مسلم لیگ (ن) اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ایک بہت بڑا کارنامہ ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کے پیچھے کئی مہینوں بلکہ سالوں کی عرق ریزی ہے،ہر جماعت نے اپنے منشور میں ٹیکس کے نظام کو بہتر کرنے کا وعدہ کیا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ابھی دو ماہ باقی ہیں اور پیپلزپارٹی کی حکومت نے اپنی حکومت کے خاتمہ سے صرف دو ہفتے قبل ایران پاکستان گیس پائپ لائن کے منصوبے پر دستخط کئے جس کیلئے نہ وہ سفارتکاری کی گئی جو ہمیں ایران پر بین الاقوامی پابندیوں سے آزاد کرواتی اور نہ اس منصوبے کیلئے کوئی مالیاتی بجٹ کا بندوبست کیاگیا تھا۔ انہوں نے کہ کسی بھی فلاحی سکیم پر بحث و تمحیص تو اچھی بات ہے لیکن سکیم کو سمجھے بغیر میں نہ مانوں کی رٹ کسی طرح سے بھی مدبرانہ سوچ کی حامی نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے بے مثال چھوٹ پر سراپا احتجاج وہی لوگ ہیں جو زیادہ تر خود ٹیکس نادہندگان کی فہرست میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ غلط ٹیکس تفصیلات جمع کرانے والوں کے اثاثے بھی ضبط ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ بہترین حکومتی عوامی اور قومی مفادات کے اقدامات کی مخالفت برائے مخالفت کی روش پاکستان کیلئے زہر قاتل ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت آئینی مدت کے آخری دن تک ہر وہ قدم اٹھا سکتی ہے جو عوامی مفاد میں ہواور اس کی تکمیل اور عملدرآمد ممکن ہو۔

متعلقہ عنوان :

واہ کینٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں