کامیاب ہونیوالے گریجویٹ ڈاکٹرز اپنے پیشہ ورانہ حلف کی اصل روح کی ہمیشہ پاسداری کریں ،لیفٹیننٹ جنرل صادق علی

ڈاکٹرز بنی نوع انسان کی خدمت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھیں، چیئرمین پی او ایف بورڈ کا تقریب سے خطاب

جمعرات 12 اپریل 2018 19:14

واہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2018ء) کامیاب ہونے والے گریجویٹ ڈاکٹرز اپنے پیشہ ورانہ حلف کی اصل روح کی ہمیشہ پاسداری کریں اور بنی نوع انسان کی خدمت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھیں۔ ان خیالات کا اظہار لیفٹیننٹ جنرل صادق علی، ہلال امتیاز (ملٹری) چیئرمین پی او ایف بورڈ نے واہ میڈیکل کالج کے آٹھویں کانووکیشن کی واہ میڈیکل کالج کے آڈیٹوریم میں منعقدہ پُر وقار تقریب کے موقع پر کیا۔

انہوں نے واہ میڈیکل کالج کے تعلیمی ماحول کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ واہ میڈیکل کالج بہترین گریجویٹ پیدا کرنے میں مصروف ہے ۔انہوں نے کامیاب گریجویٹس کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہوئے کہاکہ قومی و بین الاقوامی سطح پر صحت کی اعلیٰ معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے آپ اپنا کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کامیاب گریجویٹ ڈاکٹرزاور فیکلٹی ممبران کو اعلیٰ تدریسی خدمات پر خصوصی مبارکباد پیش کی اور توقع ظاہر کی کہ کامیاب گریجویٹس بنی نوع انسان کی خدمت کو اپنا مشن سمجھتے ہوئے جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر تعلیمی سال2012-17کے دوران کامیاب ہونے والی104میڈیکل گریجویٹس اور تعلیمی سال 2011-16کے 9میڈیکل گریجویٹس میں ایم بی بی ایس کی ڈگریاںاور میڈلز تقسیم کئے گئے۔ ڈاکٹر نصرت شاہین کو سیشن 2012-17کے سیشن کا بہترین گریجویٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ڈاکٹر نصرت شاہین نے 2012-17کے سیشن کے دوران 16گولڈ میڈلز 2سلور میڈلز اور 5کانسی کے میڈلز حاصل کئے۔اس سے پہلے پرنسپل واہ میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر وسیم الدین نے خطاب کرتے ہو ئے بتایا واہ میڈیکل کالج کو اس مقام تک پہنچانے میں فیکلٹی کا کردار نمایاں ہے۔ پرنسپل نے کامیاب طلباء اور والدین کو مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واہ کینٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں