اردو ادب میں خطہ واہ کو منفرد مقام حاصل ہے واہ کی مردم خیز مٹی نے عظیم شاعر ، ادیب اور فنکار پیدا کیے

واہ کینٹ میں ممتاز شاعر و ادیب پروفیسرجلیل عالی نے محمد توفیق کی کتاب ’’واہ کی تہذیب اور فنون لطیفہ‘‘ کی تقریب رونمائی

پیر 28 اکتوبر 2019 18:46

واہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2019ء) اردو ادب میں خطہ واہ کو منفرد مقام حاصل ہے واہ کی مردم خیز مٹی نے عظیم شاعر ، ادیب اور فنکار پیدا کیے ہیں جنہوں نے قومی سطح پر واہ کا نام روشن کیا۔ ان خیالات کا اظہار آرڈننس کلب واہ کینٹ میں ممتاز شاعر و ادیب پروفیسرجلیل عالی نے محمد توفیق کی کتاب ’’واہ کی تہذیب اور فنون لطیفہ‘‘ کی تقریب رونمائی کے موقع پر اپنے صدارتی خطبہ میں کیا۔

پروفیسر جلیل عالی نے کہا کہ واہ کی قدیم و جدید تاریخ مرتب کر کے محمد توفیق نے علمی و ادبی میدان میں منفرد روایت کا آغاز کیا ہے جس سے اس شہر کے علمی و ادبی منظر نامہ اور سماجی و ثقافتی جہتیں سمجھنے میں مدد ملے گی۔ مہمان خصوصی ممتاز افسانہ نگارسعید اختر ملک نے کہا کہ واہ کی تہذیب اور فنون لطیفہ اپنی نوعیت کی منفرد کتاب ہے جس میں ایک مکمل شہر کی تاریخ سموئی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ واہ اور ٹیکسلاکی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے ۔ مصنف نے اہم تاریخی مواد کو اس کتاب میںنہایت شائستہ اور عام فہم انداز میں پیش کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کتاب مصنف کی تحقیقی اور تخلیقی صلاحیتوں کی آئینہ دار ہے۔ کتاب کے مصنف محمد توفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ واہ کینٹ اور اس میں بسنے والوں کے حالات زندگی اور واہ کے ارتقائی سفر کا کھوج لگا کر میں نے اسے الفاظ کی شکل دی ہے تاکہ علم و ادب اور تاریخ کے طالب علموں کو واہ اور ٹیکسلا کے تاریخی پس منظر سے آگاہی حاصل ہو۔

اس موقع پر ممتاز شاعر مظہر حسین سید ، خطاط اشفاق قریشی ، ڈاکٹر اسد علی اور ماہر تعلیم عطاء الرحمن چوہدری کے علاوہ دیگر علمی و ادبی شخصیات نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض عابد حسین نے انجام دیئے۔

متعلقہ عنوان :

واہ کینٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں