واہ کینٹ جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کا غیر قانونی اتوار بازار، آئی جی موٹر وے پولیس کلیم امام کا نوٹس

حکام سے رپورٹ طلب کر لی ،تجاوزارت کے خاتمہ کی ہدایت

پیر 25 جنوری 2021 20:04

واہ کینٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2021ء) واہ کینٹ جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کا غیر قانونی اتوار بازار، آئی جی ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کلیم امام نے نوٹس لے لیا سید کلیم امام نے حکام سے رپورٹ طلب کر لی، تجاوزارت کے خاتمہ کی ہدایت، عوامی شکایات پر فوری کاروائی ۔تفصیلات کے مطابقنیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے انسپکٹر جنرل سید کلیم امام نے جی ٹی روڈ این 5پر واہ کینٹ کے مقام پر گاڑیوں کے غیر قانونی اتوار بازار کا نوٹس لے لیا ہے ۔

آئی جی کلیم امام نے عوامی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تجاوزات ہٹانے اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے ۔اس سلسلہ میں متعلقہ حکام کی جانب سے کاروائی کا آغاز کرتے ہوئے آئی جی کلیم امام کو ابتدائی رپورٹ بھی پیش کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

موٹر وے پولیس نے مسئلے کے حل کے لیے واہ کنٹونمنٹ بورڈ حکام، واہ کینٹ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر مسئلے کے پائیدار حل کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں ۔

واضح رہے کہ ہر اتوار جی ٹی روڈ پرجمیل آبادسے نیو سٹی تک سڑک کے کنارے شورومز اور چند ڈیلرز کی جانب سے گاڑیوں کی خرید و فروخت کی جاتی ہے جس کے باعث شام کے اوقات میں ٹریفک بری طرح جام ہونا معمول بن گیا ہے ۔ جبکہ ہر آئے ہفتے اتوار بازار وسیع سے وسیع تر ہو تا چلا جا رہا ہے جس کے باعث شہریوں اور تاجروں میں بے حد بے چینی پائی جاتی ہے اور شہریوں کے لیئے کسی عذاب سے کم نہیں ۔

واہ کینٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں