حکومت صدارتی نظام اور نئے صوبے بنانے کے شوشے چھوڑ کر قوم کو گمراہ کر رہی ہے،قمر زمان کائرہ

عمران خان تین سال سوئے رہے اب شرلیاں چھوڑ رہے ہیں،کسان مارچ لانگ مارچ کی کڑی ہے،سابق وفاقی وزیر

منگل 25 جنوری 2022 00:09

وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2022ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی راہنما اور سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت صدارتی نظام اور نئے صوبے بنانے کے شوشے چھوڑ کر قوم کو گمراہ کر رہی ہے ۔عمران خان تین سال سوئے رہے اب شرلیاں چھوڑ رہے ہیں۔کسان مارچ لانگ مارچ کی کڑی ہے۔پیپلز پارٹی نے حکومت کو احتساب اور دیگر کاموں کے لئے اڑھائی سال دیئے ہیں۔

مہنگائی حکومت کی نااہلی کا نتیجہ ہے ۔پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی اور اے این پی کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تجویز کا ساتھ نہ دے کر غیر سیاسی عمل کا مظاہرہ کیا۔وہ یہاں کھاد کی عدم دستیابی پر کسانوں کی احتجاجی ریلی سے خطاب کر رہے تھے جو مولانا ظفر علی خان چوک سے شروع ہو کر اللہ والا چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔

(جاری ہے)

احتجاجی ریلی کے دیگر قائدین میںپی پی پی کے صوبائی نائب صدر اعجاز احمد سماں اور ایم پی اے حسن مرتضیٰ بھی شامل تھے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت بے شرمی کے ساتھ دعوے کر رہی ہے کہ ان کے اقدامات سے عام آدمی متاثر نہیں ہو گا جبکہ عوام کی کمزور قوت خرید نے خاندانوں کو پریشان کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا اربوں ڈالر باہر سے واپس لانے کا دعویٰ بھی جھوٹ کا پلندہ ثابت ہو ا ہے۔ پیپلز پارٹی نے حکومت کو احتساب اور دیگر کاموں کے لئے اڑھائی سال دیئے ہیں لیکن ان کی کارکردگی صفر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپوزیشن جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم دیا جس سے حکومت کے پائوں اکھڑنے لگے تھے۔ اے پی ڈی ایم ، حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کی تجویز مان لیتے تو آج حالات مختلف ہو تے اور عوام بھیء مشکل میں نہ ہوتے۔پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی اور اے این پی سے الگ ہو کر غیر سیاسی عمل کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے 13میں سے 11ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کی اور سیاسی پختگی کا ثبوت دیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ٹیکس وصولی کے ہدف کا اپنا ہی وعدہ پورا نہ کرسکے اور جھوٹے ثابت ہوئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے اور آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی۔انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے تین سال کے دوران بہت سے سیاسی اہداف حاصل کئے اور اپنی ساکھ بحال کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔

وزیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں