وزیرآباد ، دار ارقم سکولوں کا تعلیمی نظام مولانا مودودی کی فکر اور تعلیمات کے مطابق ہے،لیاقت بلوچ

جمعرات 7 مارچ 2019 21:14

وزیرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مارچ2019ء) جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ دار ارقم سکولوں کا تعلیمی نظام مولانا مودودی کی فکر اور تعلیمات کے مطابق ہے۔حکومت سرکاری سکولوں کو نظر انداز کر رہی ہے اس لئے نجی تعلیمی اداروں کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔پاکستان بحرانوں میںگھرا ہوا ہے ۔بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔

ملکی ترقی کے لئے نئی نسل پر اعتماد کرنا ہوگا۔بچوں کو بھارت اور یوروپ کی کارٹون فلموں سے باہر نکالنا ہے جس میںمائوں کا کردار اہم ہے۔وہ یہاں دارِارقم سکول میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔تقریب کی صدارت ڈائریکٹر دار ارقم سکول وزیرآباد صابر حسین بٹ نے کی ۔

(جاری ہے)

دیگر مہمانان میںسابق آئی جی پختونخوا میاں محمد آصف، ڈپٹی کمشنر انکم ٹیکس گوجرانوالہ تحسین صادق تارڑ، ضلعی امیر مولاناغلام مصطفی شامل تھے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ دار ارقم سکولوں میں مولانا مودودی کی فکر کے مطابق نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے جو تعلیم نظام میں توازن برقرار رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تعلیم کے میدان میں پیچھے رہ گیا ہے جو قابل تشویش ہے۔اڑھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں جن کو تعلیم کے دھارے میں لانے کے لئے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری سکولوں پر توجہ نہیں دے رہی ہے جس کی وجہ سے نجی تعلیمی ادارے اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔نجی شعبہ کو اپنی ذمہ داری کو نبھانا ہے اور سرکاری تعلیمی اداروں کی کمی کو پورا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو بھارتی اور یوروپی کارٹون فلموں کے سحر سے باہر نکالنا ہے۔یہ ایک محاذہے جس پر مائوں نے کام کرنا ہے ۔ مائیں بچوں کی اصلاح اور حفاظت کے محاذ پر کام کریں اورقومی اہداف حاصل کریں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ مدینہ طرز کی ریاست میں سچ بولنا، شرم و حیا کا پاس کرنا، نئی نسل پر توجہ دینا اور عوام کو معاشی انصاف دینا لازمی ہوتا ہے جو ملک کو ترقی کی طرف لے جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی سمت واضح ہونا چاہئے۔ پاکستان ایک زرخیز ملک ہونے کے با وجود معیشت خراب ہے۔ ملک سود کی لعنت میں پھنسا ہوا ہے اور ملک کو دوسروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو وسائل دیئے جائیں اور ان پر اعتماد کیا جائے تو نتائج بہتر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بحرانوں سے دوچار ہے ۔ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی مسلسل کوشش میں ہے اور پاکستان کو جنگ کی طرف لے جانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے دشمن کو خاطرخواہ جواب دیا ہے جبکہ نعمان خان اور حسن صدیقی نے بھارتی طیاروں کو گرا کر فوج اور عوام کے مورال کا بلند کیا ہے ۔

پاکستان کی تینوںا فواج کی کارکردگی پر فخر ہے ۔ پوری قوم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور فخرمحسوس کرتی ہے۔اس موقع پر تحسین صادق تارڑ، میاں محمد آصف، طارق مغل اور صابر حسین بٹ نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں مہمانا ن نے پوزیشن کے حامل طلباء میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔

وزیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں