پی ٹی آئی رہنما کی احتجاج کرنیوالے رکشہ ڈرائیورز سے ملاقات

احمد چٹھہ کی یقین دہانی پر رکشہ ڈرائیور پر امن طور پر واپس چلے گئے

پیر 8 جولائی 2019 22:17

وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2019ء) پی ٹی آئی کے رہنما کوآرڈی نیٹرانسپکشن ٹیم پنجاب محمد احمد چٹھہ نے مقامی آفس میں چنگ چی رکشا ڈرائیوروں کے مسائل سنے۔رکشا ڈرائیوربلدیہ وزیرآباد کی جانب سے 20روپے روزانہ فی رکشا ٹیکس کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ چنگ چی رکشا ڈرائیوروںکے نمائندوں نے بتایا کہ ٹھیکیدار کے بد اخلاق ملازم رکشے روک کر ڈرائیوروں کے ساتھ بد تمیزی کرتے اور پیسے وصول کر تے ہیں جبکہ وزیرآباد میں رکشا سٹینڈ بھی نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ پٹرول مہنگا ہونے سے صورتحال ویسے ہی خراب ہے۔احمد چٹھہ نے رکشاڈرائیوروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چنگ چی رکشا پر مذکورہ ٹیکس سابقہ بلدیاتی نمائندوں کے دور میں لگایا گیا تھا جو کونسلر صاحبان نے ہائوس کے اجلاس میں 2017میںپاس کیا تھاجس پر بلدیاتی ادارے ختم ہونے کے بعد 2019میں عمل درآمد کیاگیاہے جس کا پی ٹی آئی کی حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میونسپل کمیٹی کے چیئر میں اور کونسلر صاحبان نے نیا ٹیکس پاس کیا ۔ اب بلدیاتی نمائندے ہی اس نئے ٹیکس کوواپس لے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 20روپے روزانہ ٹیکس وصولی کا ٹھیکہ 15لاکھ روپے میں دیا گیا ہے۔اس ٹیکس کو وزیراعلیٰ پنجاب کے علم میں لایا جائے گااور ان کے دیگر مطالبات کو بھی ان کے گوش گذار کیا جائے گا اور محنت کشوںکی مکمل حمائت کی جائے گی۔محمد احمد چٹھہ نے بلدیہ وزیرآباد کے ہائوس کی کارروائی کی کاپی بھی رکشا ڈرائیوروں کے صدر کے حوالے کی۔ رکشا ڈرائیوروں نے اپنے مطالبات تحریری طور پر محمد احمد چٹھہ کے حوالے کیا اور احمد چٹھہ کی یقین دہانی پر پر امن طور پر واپس چلے گئے۔

وزیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں