کلی شیخان میں بھی اہلیان گاؤں کے غیر تقسیم شدہ شاملات موجود ہیں ،ملک شیخ حمید اللہ مندوخیل

حالیہ جدید نوتوڑ کے نام پر مقامی انتظامیہ چند نام نہاد لوگوں کو ہمارے گاؤں میں سیٹل کرنے کی غیر قانونی کوششیں کر رہی ہے

ہفتہ 5 جون 2021 23:43

ژوب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2021ء) ملک شیخ حمید اللہ مندوخیل شیخ شاہ جہاں مندوخیل شیخ اشرف مندوخیل شیخ عجب مندوخیل شیخ حمید مندوخیل نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جد امجد سے کلی شیخان کے سرکردہ چلے آرہے ہیں اب بھی کلی شیخان کے مالکانہ حقوق ہمارے پاس ہیں۔ موضع شیخان کی تمام تر بندوبستی ریکارڈ میرے آباؤ اجداد کے نام پر درج ہے ہمارے پاس تمام تر مثلہ جات اور ضروری دستاویزات موجود ہیں۔

ہمارے آس پاس رہائش پذیر دیگر بردار اقوام کے ساتھ ہمارے حدودات کا تعین اب تک واضح نہیں ہوا ہے۔ کلی شیخان میں بھی اہلیان گاؤں کے غیر تقسیم شدہ شاملات موجود ہیں حالیہ جدید نوتوڑ کے نام پر مقامی انتظامیہ چند نام نہاد لوگوں کو ہمارے گاؤں میں سیٹل کرنے کی غیر قانونی کوششیں کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

حالانکہ مذکورہ لوگوں کا ہمارے پاس کسی قسم کا ریکارڈ ہے اور نہ ہی کوئی جریب شدہ اراضی نہ ہی قبرستان وغیرہ میں کوئی مدفون ہے۔

صرف اور صرف ایک بے بنیاد دعوے کے بابت ضلعی انتظامیہ عدالت عالیہ کے ناجائز اثرورسوخ کو خاطر میں لاتے ہوئے مذکورہ غیر لوکل باشندگان کو ہمارے ساتھ جوڑنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ جس کی وجہ سے قبائلی جھگڑے پیدا ہو رہے ہیں۔ علاؤہ ازیں ژوب انتظامیہ نے مذکورہ لوگوں کو کلی شیخان کے جعلی سرٹیفکیٹ بھی جاری کر دیئے ہیں حالانکہ کسی بھی گاؤں کے لوکل کی تصدیق کے لیے سرکردہ کا دستخط لازمی ہوتا ہے لیکن انتظامیہ نے ان لوگوں کو بغیر تصدیق کے لوکل جاری کر دیے ہیںجن کو بنیاد بنا کر یہ لوگ گاؤں کے حقوق ( زمین وغیرہ) میں حصہ مانگنے کا ناجائز دعویٰ کر رہے ہیں۔

ان لوگوں نے میرے والد کو اغواء کر کے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور ہمارے گھروں پر متعدد مرتبہ گرنیڈ اور دستی بموں کے ذریعے حملے بھی کیے ہیں۔ہم نے ہائی کورٹ بلوچستان میں سٹے آرڈر لینے کے لیے اپیل دائر کی ہے۔ لیکن وہاں پر کسی خاص اثر ورسوخ کے باعث ہمارے کیس پر کوئی شنوائی نہیں ہو رہی اور نہ ہی میرے وکیل کا موقف سنا جا رہا ہے۔ہم حکام بالا سے خصوصاً چیف جسٹس آف سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ فوری طور پر ہمارے زمینوں کی غیر قانونی سیٹلمنٹ روک دی جائے۔ اور گاؤں کے تمام لوکل سرٹیفکیٹ کی جانچ پڑتال کرکے غیر تصدیقی لوکل سرٹیفکیٹ کو منسوخ کر دیں۔ تاکہ ہماری حق تلفی نہ ہو اور علاقے میں امن و امان قائم رہ سکے۔

ژوب میں شائع ہونے والی مزید خبریں