ژوب چار سالوں میں آنے والے فنڈز کا 10فیصد حصہ بھی زمین پر خرچ نہیں ہوا ،پاکستان مسلم لیگ(ن) ژوب

جمعرات 11 اگست 2022 22:45

ژوب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2022ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) ژوب کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ژوب میں ترقیاتی فنڈز کی خرد برد عروج پر پہنچ گئی ہے گزشتہ چار سالوں میں آنے والے فنڈز کا 10فیصد حصہ بھی زمین پر خرچ نہیں ہوا جبکہ علاقے کے رکن اسمبلی اپنے قریبی رشتے داروں کے ذریعے فنڈز کو ہڑپ کرنے میں مصروف عمل ہیں، بیان میں کہا گیا ہے کہ ژوب میں گزشتہ چار سال سے رکن صوبائی اسمبلی کے قریبی رشتے دار کے ذریعے فنڈز کی خرد برد کا سلسلہ جاری ہے اس عرصے کے دوران جتنے بھی فنڈز آئے ہیں انکا 10فیصد حصہ بھی زمین پر خرچ نہیں کیا گیا ترجمان نے کہا کہ میونسپل کمیٹی ژوب میں ایک فرضی کمپنی کو دو ٹھیکے دئیے گئے ہیں مارکیٹ میں ساڑھے چھ ہزار روپے میں دستیاب اسٹریٹ لائٹ کی قیمت 4لاکھ روپے لگا کر یہ پیسے کرپشن کی نذر کئے جارہے ہیں اس تمام عمل کا ادراک ہونے کے بعد میونسپل کمیٹی کے حکام نے رقم جاری ہونے سے روک دی ہے تاہم انہیں بھی دبائو میں لا یا جارہا ہے مسلم لیگ(ن) ژوب نے وزیراعلیٰ بلوچستان ، صوبائی وزیر بلدیات، سیکرٹری بلدیات سمیت دیگر متعلقہ حکام سے صورتحال کا نوٹس لیکر عوام کے فنڈز کو خرد بردہونے سے بچانے اور ان فنڈز کو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

ژوب میں شائع ہونے والی مزید خبریں