اختیارات کی عدم مرکزیت پر یقین رکھتے ہوئے انہیں ڈویژن اور ضلع کی سطح پر منتقل کررہے ہیں ، وزیراعلیٰ بلوچستان

منگل 25 دسمبر 2018 21:14

اختیارات کی عدم مرکزیت پر یقین رکھتے ہوئے انہیں ڈویژن اور ضلع کی سطح پر منتقل کررہے ہیں ، وزیراعلیٰ بلوچستان
زیارت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہم اختیارات کی عدم مرکزیت پر یقین رکھتے ہوئے انہیں ڈویژن اور ضلع کی سطح پر منتقل کررہے ہیں تاکہ نچلی سطح تک عوام کو ترقیات منصوبوں کے ثمرات مل سکیں اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں، بلدیاتی نظام بھی ایسا ہو جس کا فائدہ عوام کو پہنچے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی چیئرمینوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے گذشتہ روز ان سے ملاقات کی، صوبائی وزراء انجینئر زمرک خان اچکزئی، ضیاء اللہ لانگو اور رکن صوبائی اسمبلی اصغر خان اچکزئی بھی اس موقع پر موجود تھے، وفد نے وزیراعلیٰ کو اعزازیہ کی مد میں واجبات کی ادائیگی اور غیر ترقیاتی فنڈز کے اجراء سمیت بعض دیگر مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ بلدیاتی اداروں کی مدت 28جنوری 2019کو ختم ہوگی تاہم ان مدات میں فنڈز کی عدم ادائیگی کے باعث بلدیاتی اداروں پر مالی بوجھ ہے، وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کے لئے قائم کمیٹی میں موجودہ بلدیاتی نمائندوں کو بھی نمائندگی دینے پر غورکیاجائے گا تاکہ ان کے تجربات سے استفادہ کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ مالی اورانتظامی طور پر بااختیار بلدیاتی ادارے عوامی مسائل کے حل میں کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں، بلدیاتی نظام جتنا مضبوط ہوگا عوام کو اتنا ہی فائدہ مند ہوگا۔

زیارت میں شائع ہونے والی مزید خبریں