پاکستان ہمارے لئے اللہ تعالی کا عظیم تحفہ، اسکی قدر کرنے کی ضرورت ہے،جام کمال خان

اپنے ملک کی تعمیروترقی اور تحفظ کیلئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،وزیرا علیٰ بلوچستان کا یوم قائداعظم کے موقع پر قومی پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب

بدھ 25 دسمبر 2019 22:44

پاکستان ہمارے لئے اللہ تعالی کا عظیم تحفہ، اسکی قدر کرنے کی ضرورت ہے،جام کمال خان
زیارت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 دسمبر2019ء) وزیرا علیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے لئے اللہ تعالی کا ایک عظیم تحفہ ہے جس کی قدر کرنے کی ضرورت ہے، اپنے ملک کی تعمیروترقی اور تحفظ کیلئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم قائداعظم کے موقع پر قائداعظم ریذیڈنسی میں منعقدہ قومی پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف، صوبائی وزرا نورمحمد دمڑ، میر ضیا لانگو، میر ظہور احمد بلیدی، زمرک خان اچکزئی، میر سلیم احمد کھوسہ، محمد خان طوراتمانخیل، عبدالخالق ہزارہ، پارلیمانی سیکریٹری سردار مسعود لونی، دھنیش کمار، سینیٹر انوارالحق کاکڑ، رکن قومی اسمبلی سردار اسرا ر ترین، آئی جی ایف سی میجر جنرل فیاض حسین شاہ، قبائلی عمائدین، طلبا وطالبات اور لوگوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی، وزیراعلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو سلام پیش کرنے کا دن ہے جن کی بے مثال قیادت، عزم وہمت اور سیاسی بصیرت نے ان گنت چیلنجز کا مقابلہ کرکے ایک آزاد اور خودمختار ریاست پاکستان کو حقیقت میں بدل دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے کہا تھا کہ اگر ہم صحیح راستے پر چلیں گے تو ہر چیلنج سے نمٹ سکیں گے، وزیراعلی نے کہا کہ علامہ محمد اقبال نے پاکستان کا خواب دیکھاتھا جس کو قائداعظم نے عملی جامہ پہنایا، قائداعظم کے افکار ہمارے لئے مشعل راہ ہیں جن پر عمل پیرا ہوکر ہم پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں، وزیراعلی نے کہا کہ ہم نے اپنے ملک اور قوم پر فخر کرنا ہے، اور بزرگوں کی رہنمائی سے سیکھنا ہے، نوجوان مستقبل کے معمار ہیں، انہی سے امید کی کرن نظر آرہی ہے، وزیراعلی نے کہا کہ ہمارے ملک کے دشمن زیادہ ہیں جو ہر طرح سے ہمیں کمزور کرنا چاہتے ہیں، ہم متحد ہوکر ہی دشمنوں کے عزائم خاک میں ملاسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اب بھی غفلت کا مظاہرہ کیا تو مستقبل میں حالات اور بھی خراب ہوسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک اور صوبے کے حالات کو ہم سب نے مل کر ٹھیک کرنا ہے اور اپنے علاقوں کو ترقی دینا ہے، ہم ایک عظیم تہذیب وثقافت رکھتے ہیں جسے قابل فخر طور پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعلی نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیں نعمتوں اور وسائل سے بھرپور ایک خوبصورت ملک دیا ہے جسے اپنے عظیم قائد کے وژن کے مطابق ترقی دینے کی ضرورت ہے، قبل ازیں اسکول کے بچوں نے خوبصورت قومی نغمے اور ٹیبلو پیش کئے، تقریب سے قبل وزیراعلی نے قومی پرچم کشائی کی۔

زیارت میں شائع ہونے والی مزید خبریں