Rawalpndi Islamabad Main Khatam E Bukhari Sharif Ki Taqrebaat

اسلام آباد ،راولپنڈی میں ختم بخاری شریف کی تقریبات

اتوار 25 مئی 2014

Abdul Quddoos Muhammadi

عبدالقدوس محمدی

گزشتہ کالم میں مدارس دینیہ کے تعلیمی سال کے اختتام پر اسلام آباد راولپنڈی میں منعقد ہونے والی تقریبات کی دھنک کے چند رنگوں کا آپ نے مشاہدہ کیا ۔آج اس دھنک کے چند اور رنگ ملاحظہ فرمائیے ۔اسلام آباد ، راولپنڈی میں منعقد ہونے والی تقریبات ختم بخاری میں سے دارالعلوم فاروقیہ کی تقریب ختم بخاری منفرد اور مثالی حیثیت کی حامل ہوتی ہے ۔

یہ محض ایک تقریب ہی نہیں ہوتی بلکہ ایک اجتماع کی شکل اختیار کر جاتی ہے ۔دارالعلوم فاروقیہ راولپنڈی کے مہتمم مولانا قاضی عبدالرشیدکی ہردلعزیز شخصیت کی طرح ان کے ادارے میں ہونے والا ہر پروگرام اجتماعیت اور یکجہتی کا استعارہ ہوتا ہے ۔قاضی صاحب نے دوعشرے قبل جب شہر کے ہنگاموں سے دور اس ویرانے میں پڑاوٴڈالا تو اس وقت کسی کے وہم وگمان میں بھی نہ تھا کہ یہ ننھا سا چراغ ایک روز علوم نبوت کا ایک ایسا مینارہ نور بن جائے گا جس سے پوری دنیامیں علم وعرفان کی روشنیاں پھوٹیں گی ۔

(جاری ہے)

قاضی صاحب اور ان کے رفقاء نے تنکا تنکا جوڑا ،پائی پائی اکٹھی کر کے کام شروع کیا ،اینٹ اینٹ لگا کر عالیشان عمارت بنائی …پہلے ایک ادارہ اور پھر کئی ادارے …چراغ سے چراغ جلتے گئے …پہلے ایک مسجد اور پھر بہت سی مساجد ،تاحد نگاہ ایک کہکشاں دکھائی دینے لگی …کہاں کہاں سے باصلاحیت اور مخلص احباب ڈھونڈ ڈھونڈ کر لائے ۔علم کا بحر بیکراں،استاذ محترم مولانا عبدالغفور بطور شیخ الحدیث اس ادارے سے وابستہ ہوئے اور صرف زندگی بھر کی رفاقت ہی نہیں رہی بلکہ وصیت کر کے گئے اور ہمیشہ ہمیشہ کے لیے قاضی صاحب کے جوار میں آسودہ خاک ہو گئے ۔

میرے انتہائی شفیق اور محسن استاذ مولانا قاضی شبیر احمد کوقاضی صاحب کی محبت جامعہ فاروقیہ کراچی سے کھینچ لائی اور اب وہ دارالعلوم فاروقیہ راولپنڈی کی رونق ہیں ۔حضرت شیخ سلیم اللہ خان دامت برکاتہم کے مزاج شناس خادم مولانا آدم خان ،جواں سال مولانا ندیم عباسی ،مولانا محمد قاسم اور صاحبزاد ہ جنید رشید جیسے متحر ک ،فعال اور مخلص نوجوانوں کی ٹیم کے ساتھ قاضی عبدالرشید صاحب اور ان کا ادارہ گرانقدرخدمات سرانجام دے رہا ہے ۔


حیرت ہوتی ہے کہ قاضی عبدالرشید دارالعلوم فاروقیہ کے انتظام وانصرام کی بھاری ذمہ داریاں بھی نبھاتے ہیں ،وسائل کا بندوبست بھی کرتے ہیں ،شیخ الحدیث کی حیثیت سے درس وتدریس میں بھی مصروف عمل ہیں ،وفاق المدارس کے سب سے فعال اور مستعد ڈپٹی سیکرٹری جنرل بھی ہیں اور اسلام آباد راولپنڈی اور گردونواح میں جمعیت اہلسنت کے پلیٹ فارم سے ہر دینی ،ملی ،مسلکی معاملے میں ہر اول دستے کا کردار بھی اداکرتے ہیں ۔

ہم چونکہ اسلام آباد کے اقصا المدینة میں ہیں اور دارالعلوم فاروقیہ راولپنڈی کے اقصا المدینة میں اس لیے ہمیں سال میں صرف ایک مرتبہ ختم بخاری شریف کی تقریب میں آنا ہوتا ہے اور سو دفعہ سوچ سوچ کر رخت سفر باندھتے ہیں اور قاضی صاحب ہر اجلاس میں ،ہر معاملے میں ،ہر موقع پر موجود ہوتے ہیں ۔صرف اسلام آباد راولپنڈی ہی نہیں ہزارہ کے کہساروں سے لے کر کشمیر کی وادیوں تک اور اٹک سے لے کر چکوال اور جہلم تک اوپر تلے جلسوں اور پروگراموں میں خطبات کا سلسلہ جاری رہتا ہے ۔

اس کے ساتھ ساتھ وفاق المدارس کے قائدین اور اکابر کی خدمت قاضی صاحب کا ایسا اعزاز ہے جس پر ہمیشہ ہی رشک آتا ہے ۔
ختم بخاری شریف سے بات چلی تھی اور دور نکل گئی ۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی دارالعلوم فاروقیہ کی ختم بخاری شریف کی تقریب اپنی مثال آپ تھی ۔اس سال چونکہ غزالی دوراں حضرت مولانا مفتی زرولی خان اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طورپر تشریف لائے تھے اس لیے ان کی آمد نے اس تقریب کو چار چاند لگا دئیے ۔

حضرت مفتی صاحب نے جس شرح وبسط کے ساتھ بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا اسے سن کر دل باغ باغ ہو گیا ۔اللہ اللہ ایسا بے مثال حافظہ ،اسماء الرجال پر ایسی گرفت ، محدثین ومصنفین کے بیان کردہ علمی نکات اس حد تک ازبرکہ انسان ورطہ حیرت میں ڈوب جاتا ہے ۔اور پھر حضر ت مفتی صاحب کی شخصی وجاہت سونے پر سہاگہ ثابت ہوتی ہے جبکہ ان کا اندازِ بیاں سماں باندھ دیتا ہے ۔

ان کے علاوہ خطیب نکتہ داں علامہ عبدالکریم ندیم کایادگار خطاب بھی اس تقریب میں خاصے کی چیز تھی جبکہ ولی کامل ،یادگار اسلام مولانا عبدالغفور صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی موجودگی اور سرپرستی نے تقریب میں روحانیت اور نورانیت کا رنگ بھر دیا تھا ۔اللہ رب العزت دارالعلوم فاروقیہ کو آباد رکھے اور حضرت قاضی صاحب کو اپنے حفظ وامان میں رکھے اور اس قسم کی تقریبات کا انعقاد سدا ہوتا رہے ۔


اسلام آباد راولپنڈی کے ختم بخاری کی تقریبات کا تذکرہ دارالعلوم مدنیہ مرحبا مسجد کی تقریب ختم بخاری کے بغیر ادھورا رہے گا ۔ برادر مکرم مولانا نعمان حاشر جواں سال عالم دین ہیں۔تھوڑا ہی عرصہ ہوا انہوں نے اپنی مسجد میں ایک چھوٹے سے مدرسہ کی بنیاد ڈالی جو صرف چند برسوں میں ایک معیاری دارالعلوم کی شکل اختیار کر گیا ۔مشائخ اور اکابر کی دعاوٴں کی برکت سے طلباء متوجہ ہوئے ۔

مولانا قاضی مشتاق جیسی متقی ،صاحب عزیمت شخصیت نے شفقت فرمائی اور دارالعلوم مدنیہ میں بخاری شریف کی تدریس کی ذمہ داریاں سنبھال لیں اور ماشااللہ اس سال مرحبا مسجد میں پہلی دفعہ تکمیل بخاری کی تقریب انعقاد پذیر ہوئی ۔ترجمان مدارس دینیہ ،آیة الخیر ،وکیل اہل حق مولانا محمد حنیف جالندھری اس نوخیز ادارے اور نووارد مولانا نعمان حاشر کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی طور پر تشریف لائے ۔اپنے روایتی انداز سے یادگار خطاب فرمایا ۔پیر طریقت حضرت مولانا سید شبیر ا
حمد کاکاخیل کی دعا سے یہ مبارک محفل اختتام کو پہنچی ۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

Urdu Column Rawalpndi Islamabad Main Khatam E Bukhari Sharif Ki Taqrebaat Column By Abdul Quddoos Muhammadi, the column was published on 25 May 2014. Abdul Quddoos Muhammadi has written 67 columns on Urdu Point. Read all columns written by Abdul Quddoos Muhammadi on the site, related to politics, social issues and international affairs with in depth analysis and research.

متعلقہ عنوان :