Shahab Nagar Masail Ki Gardaan Mein

شہاب نگر مسائل کے گرداب میں

ہفتہ 30 مارچ 2019

 Nasir Alam

ناصرعالم

 سوات کے مرکزی شہر مینگورہ اورخصوصاََاس شہر کا گنجان آباد محلہ شہاب نگراس دور جدید میں بھی بنیادی سہولیات محروم ہے،حکام کی طرف سے مسلسل عدم توجہی اورلاپرواہی کے سبب یہاں کے گلی کوچے کھنڈرات بلکہ آثار قدیمہ کا نقشہ پیش کررہے ہیں جبکہ اس محلے میں صفائی ستھرائی کا نظام بھی انتہائی ناقص ہے یہاں پر قدم قدم پر گندگی کے ڈھیر پڑے نظر آرہے ہیں جس کے سبب مختلف امراض پھیلنے کا خدشہ ہے،مقامی لوگ کہتے ہیں کہ اس علاقے کی ترقی پر تاحال کسی نے توجہ نہیں دی ہے یہی وجہ ہے کہ اس جدید دورمیں بھی یہ علاقہ دورقدیم کا منظر پیش کرتا محسوس ہورہاہے۔


سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے شام کے بعد پورا علاقہ اندھیروں میں ڈوب جاتا ہے جس کے باعث لوگ ٹھوکریں کھانے پر مجبورہیں اسی طرح یہاں کے گلی کوچے سیمنٹ سے محروم ہیں جومعمولی بارش کے بعد جوہڑوں میں تبدیل ہوجاتے ہیں اورپھر یہاں پر کئی دنوں تک کیچڑ ہی کیچڑ پڑارہتاہے جس کی وجہ سے لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پورے محلے میں باؤلے اورآوارہ کتوں کی بھر مارہے یہ کتے یہاں پر دن رات آزادنہ طورپر گھومتے پھرتے نظر آرہے ہیں جو لوگوں کیلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں،یہ اہم مسئلہ سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ ہے جورہی سہی کسر پوری کررہی ہے ،بڑھتے ہوئے مسائل کے سبب اہل علاقہ کو قدم قدم پر مشکلات اورپریشانی کا سامنا رہتا ہے ،باربار اپیلوں اور مطالبات کے باوجود بھی ضلعی وتحصیل کونسل یاکسی حکومتی اہلکارنے اس طرف کسی قسم کی توجہ نہیں دی بلکہ ممبران اسمبلی بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جس کے باعث یہاں کے لوگوں کے مسائل میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔

شہاب نگر کے رہائشی افراد کا کہناہے کہ اس محلے کو ہردورمیں ترقیاتی کاموں میں یکسر نظر اندازکیاگیاہے جس کے سبب یہاں پر نت نئے مسائل نے سراٹھا کر لوگوں کا جینا محال کردیا ہے، محلے کی اہم شاہراہ اور گلی کوچے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جو بار ش کے وقت جوہروں اور تالابوں کا نقشہ پیش کرتے ہیں جس کے سبب لوگوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے جبکہ خشک موسم میں یہاں سے گردوغبار اوردھول اٹھ رہی ہے جس میں سانس لینا محال ہوجاتا ہے ،اس کے علاوہ یہاں پر صفائی ستھرائی کا نظام بھی انتہائی ناقص ہے ،محلے بھر میں قدم قدم پر گندگی کے ڈھیر پڑے نظر آرہے ہیں جس سے امراض پھیلنے کا خدشہ ہے جبکہ سٹریٹ لائٹس سسٹم بھی نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے شام کے بعد یہاں پر اندھیروں کا راج ہوتا ہے ۔

اہل علاقہ نے بتایا کہ دیگر علاقوں اور محلوں میں سوئی گیس کی سپلائی تسلسل کے ساتھ جاری ہے مگر شہاب نگر میں سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ ہے جس کے سبب یہاں کے چولہے ٹھنڈے پڑے رہتے ہیں تاہم بیشتر لوگ مجبوراََایل پی جی کا استعمال کررہے ہیں،اس کے علاوہ یہاں پر باؤلے اور آوارہ کتوں کی بہتات ہے ،یہ آوارہ کتے دن رات پورے محلے میں گھومتے پھرتے اور بھونکتے نظر آرہے ہیں جو اہل محلے کیلئے خطرہ بن چکے ہیں ،ضلعی اور تحصیل کونسل اس علاقے کی طرف توجہ نہیں دے رہی ہے جس کے باعث عوامی پریشانیوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ،اگر دیکھا جائے تو ذمہ دارو ں نے سوات کے دیگر علاقوں اورخصوصاََمینگورہ شہر کی تعمیر وترقی کیلئے کوئی خاص اقدامات نہیں اٹھائے ہیں کے سبب یہاں پر مسائل بڑھ رہے ہیں،بیوٹی فیکیشن کے نام پر کثیررقم خرچ کی گئی مگر اس کے باوجود بھی شہر میں کوئی خاص تبدیلی نظر نہیں آئی ۔

وہی مسائل وہی مشکلات ،عوام کی وہیں محرومیاں اورپریشانیاں اب بھی موجو د ہیں جو مذکورہ پراجیکٹ سے قبل موجود تھیں ان میں کسی قسم کی کمی نہیں آئی ،نہ سڑکیں تعمیر ہوئیں،نہ گلی کوچوں کی بدحالی دور کی گئی ،نہ صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتی آئی اور نہ ہی عوام کو بروقت ان کی ضرورت کے مطابق پینے کا صاف پانی میسر آیا ،اہل شہر آج بھی پینے کیلئے دوردور سے صاف پانی لانے پر مجبور ہیں جبکہ متعلقہ حکام یہاں کے لوگوں کو باقاعدگی سے پانی کے ماہانہ بل ارسال کرتے ہیں جو گیس اور بجلی بلوں کی طرح اس قدر بھاری ہوتے ہیں جنہیں جمع کرانا عوام کے بس میں نہیں،اسی طرح رکشوں کی بھر مار کے سبب ٹریفک مسائل میں کمی نہیں آرہی حالانکہ حکام نے اس ضمن میں طرح طرح کے اقدامات اٹھائے مگر رکشوں کی بہتات اور سڑکوں کی ابتر صورتحال کی وجہ سے ٹریفک مسائل میں کمی آنے کی بجائے آضافہ ہورہاہے ۔

شہر کے دیگر محلوں اور علاقوں کی طرح شہاب نگر کو بھی مسلسل نظر اندازکیا جارہاہے جس کے سبب یہاں پر مسائل ہی مسائل نظر آرہے ہیں جو لوگوں کی پریشانیوں میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں تاہم شہاب نگر کے عوام نے مرکزی اور صوبائی حکومت سے مسائل اورمشکلات کو دورکرنے اور علاقے کی تعمیروترقی کیلئے فوری اورموثر اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔ 

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

Urdu Column Shahab Nagar Masail Ki Gardaan Mein Column By Nasir Alam, the column was published on 30 March 2019. Nasir Alam has written 64 columns on Urdu Point. Read all columns written by Nasir Alam on the site, related to politics, social issues and international affairs with in depth analysis and research.

سوات کے مزید کالمز :