Buhat Yaad Aate Hain

بہت یاد آتے ہیں

چھوٹے ہو جانے والے کپڑے ،

فراموش کردہ تعلق

اور پرانی چوٹوں کے نشان

----اولین قرب کی سرشاری

سرد راتوں میں ٹھٹھرتے ہوئے ,ریتلے میدان ...

پہلے پہل کی چاندنی میں ----

ڈھولک کی سنگت میں گائے ہوئے کچھ گیت

اور نیم تاریک رہداریوں میں جگمگاتے لمس ..

دوستوں کی ڈینگیں....

فراغت اور قہقہوں سے لدی کرسیاں ..

کھیل کے میدان....

تنور پر پانی کا چھڑکاؤ ...

گندم کی خوشبو اور مہربان آنکھیں ...

بہت یاد آتے ہیں...

دسویں کے تعزیے ...

مٹی اور عرق گلاب سے مہکے سیاہ لباس...

مستقبل کے دھندلے خاکے ..

.رخصت کی ماتمی شام ...

کہیں کہیں جلتے اداس لیمپ،

سر پٹختی ہوا میں ہلتے ہوئے ....

اور رات کی بھاری خامشی میں دور ہوتی ہوئی ٹاپوں کی آواز ...

بہت یاد آتے ہیں....

بڑھے ہوئے بال ،

منکوں کی مالا ،

سر منڈل کی تان...

پرانی کتابیں...

وقت بے وقت کیے ہوئے غلط فیصلے ..

پہلے سفر کی صعوبت...

دریا کے پل پر پھنسی ٹریفک اور ریل کی سیٹی ...

.وادی کا سینہ چیرتی ہوئی---

کچھ مکان اور دروازے--

- اور جب یہ دروازے بند ہوئے

آہستہ آہستہ اترتے ہوے اضمحلال کی دھند میں---

بہت یاد آتے ہیں ..

.دور کے آسمان ...اور پرندے --

ایک ان دیکھی دنیا --

اور اس پر بنا ہوا

عشق پیچاں کی بیلوں میں لپٹا ہوا

...چھوٹی سرخ اینٹوں والا گھر---

آتش دان کے پاس کیتلی سے اٹھتی بھاپ ....

چمپی مخروطی انگلیاں ...

مضراب کو چھیڑتی ہوئیں...

ایک روشن جسم آنکھیں ملتا ہوا -----

یادوں اور خوابوں کے یہ چھوٹے چھوٹے دیے ---

جلتے اور بجھتے رہتے ہیں---

بجھتے اور جلتے رہتے ہیں ---

اس روشنیوں بھرے شہر کی سرد مہر ، تاریک رات میں !!!

ابراراحمد

© UrduPoint.com

All Rights Reserved

(616) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Urdu Nazam Poetry of Abrar Ahmad, Buhat Yaad Aate Hain in Urdu. This famous Urdu Shayari is a Nazam, and the type of this Nazam is Love, Sad, Social, Friendship, Bewafa, Heart Broken, Hope Urdu Poetry. Also there are 93 Urdu poetry collection of the poet published on the site. The average rating for this Urdu Shayari by our users is 4.3 out of 5 stars. Read the Love, Sad, Social, Friendship, Bewafa, Heart Broken, Hope poetry online by the poet. You can also read Best Urdu Nazam and Top Urdu Ghazal of Abrar Ahmad.