Sara Ki Potli, Urdu Nazam By Abrar Ahmad

Sara Ki Potli is a famous Urdu Nazam written by a famous poet, Abrar Ahmad. Sara Ki Potli comes under the Love, Sad, Social, Friendship, Bewafa, Heart Broken, Hope category of Urdu Nazam. You can read Sara Ki Potli on this page of UrduPoint.

سارہ کی پوٹلی

ابراراحمد

١.سارہ ہنستی ،بال بناتی ،میک اپ کرتی ہے

چھوٹے چھوٹے پیروں میں پمپی پہنے

ادھر ادھر لہراتی ہے

گرتی اٹھتی بھاگتی ہے

اپنے اجلے پن پر ،اپنے ہونے پر اتراتی ہے

ہر پہلی کو سال گرہ کا کیک منگا کر

جھومتی ناچتی ،مشروبات اڑاتی شور مچاتی ہے

اپنے اچھے پیارے بھائیوں سے لڑتی ہے

ڈانٹ پلاتی ہے

اور کہیں جاتی ہے تو اک پوٹلی میں

اپنی پیاری ہنسی ،کھلونے ،باربی ڈول اور سرخی پاؤڈر

کنگھی اور فراک کے ساتھ

مجھے بھی ٹھونس کے لے جاتی ہے

٢. اب وہ تھوڑی سیانی ہے

سب کچھ جاننے کی کوشش میں

سنجیدہ سی رہتی ہے

سمجھتی ہے ،سمجھاتی ہے

دور کی کوڑی لاتی ہے

کھلتی ہے ،مسکاتی ہے

فالتو خرچ پہ کڑھتی ، ڈانٹ پلاتی ہے

میرے تھکے ہوئے سر کو سہلاتی

زندہ رہنے پر اکساتی ہے

وہ خوشبو ہے تعلق کی

سارے میں پھیلی رہتی ہے

سینے کے بے پایاں پن میں ،ہنسی کی گونج ہے

چاہت سے خالی

دنیا کی خاموشی میں نغمہ جاں ہے

زندگی بھری محبت کی کومل دھڑکن ہے

٣. جب اک روز

میں اس سے دور چلا جاؤں گا

اس کے دل میں آنسو

روشن آنکھوں میں ، کسی ستارے کی صورت میں چمکوں گا

سب سے چھپ کر

وہ گرہوں میں الجھی پوٹلی کھولے گی

اپنے کھوے ہوئے بچپن کو

میری محبت کی خوشبو اور پاگل پن کو ٹٹولے گی

دیر تلک اور دور تلک

ڈھونڈتے ڈھونڈتے تھک جائے گی

میری چاپ کی گمشدگی پر جانے کیا کیا سوچے گی

"ابھی ابھی تو یہیں کہیں تھے

اس گدڑی ، اس دل کے اندر

اس بستر ، اس گھر کے اندر

ڈول کی نیلی آنکھوں میں

ان کی پرچھائیں پڑتی ہے

دیواروں سے

ابھی تو ان کی باتوں کی آواز سنائی دیتی ہے

ابھی تو ان کی باس آتی ہے یہاں وہاں سے

میں نے خود اپنی سانسوں سے گرہ لگا کر رکھا تھا

ہوا اڑا کر لے گئی ان کو

یا پھر مجھ سے چھپے ہوئے ہیں

کوئی بتائے کہاں پہ ڈھونڈوں

جانے کدھر کو نکل گئے ہیں "

ابراراحمد

© UrduPoint.com

All Rights Reserved

(2407) ووٹ وصول ہوئے

You can read Sara Ki Potli written by Abrar Ahmad at UrduPoint. Sara Ki Potli is one of the masterpieces written by Abrar Ahmad. You can also find the complete poetry collection of Abrar Ahmad by clicking on the button 'Read Complete Poetry Collection of Abrar Ahmad' above.

Sara Ki Potli is a widely read Urdu Nazam. If you like Sara Ki Potli, you will also like to read other famous Urdu Nazam.

You can also read Love Poetry, If you want to read more poems. We hope you will like the vast collection of poetry at UrduPoint; remember to share it with others.