Tumhare Liye Khat, Urdu Nazam By Fareeha Naqvi

Tumhare Liye Khat is a famous Urdu Nazam written by a famous poet, Fareeha Naqvi. Tumhare Liye Khat comes under the Love, Sad, Social, Friendship, Bewafa, Heart Broken, Hope category of Urdu Nazam. You can read Tumhare Liye Khat on this page of UrduPoint.

تمہارے لیے خط

فریحہ نقوی

یہ جو دامن عمر میں چند سانسیں بچی ہیں مجھے ٹوٹتی سی نظر آرہی ہیں۔۔۔۔

تمہیں اس کی کوئی ضرورت نہیں

پھر بھی اس خط میں اپنے سبھی پاس ورڈ اور گھر کا پتہ لکھ رہی ہوں۔۔۔۔

اگر تم مرے بعد آؤ تو اس گھر کی رونق سے ہو کر ذرا میرے ویران کمرے میں جانا

وہاں فلسفے کی کتابوں کے پیچھے ہرے رنگ کا فولڈر دیکھ لینا،

اسے کھولنا ، اس میں برسوں پرانے تمہارے سبھی خط پڑے ہیں

خطوں میں وہ محسن کی نظمیں،

"تری جھیل سی آنکھوں میں رتجگوں کے بھنور ۔۔۔۔۔۔۔"

اور ۔۔۔ "مری سوچ کے گہرے پانی میں ۔۔۔۔۔"

اور فیض کی وہ غزل ۔۔۔ کیسے تھی؟

ہاں ... " نصیب آزمانے کے دن آرہے ہیں"

وغیرہ ۔۔۔۔۔

وہ سب خط پڑے ہیں

اُدھر فولڈر سے پرے دائیں جانب رجسٹر پڑا ہے

وہی جس میں "عبدل" کے بارے میں تم نے کہانی لکھی تھی...

کہانی کے صفحوں میں گجرے (جو اب سرمئی ہوگئے ہیں) پڑے ہیں

کہیں پھول کی پتیاں بھی پڑی ہیں۔۔۔۔۔۔

اسی میں کہیں ٹوٹی مالا کے موتی ہیں (مالا کبھی میں نے پہنی نہیں تھی تو پھر کیسے ٹوٹی؟ اگر یاد آیا تو یہ بھی لکھوں گی) ۔۔۔۔۔۔

وہیں پیچھے اک ٹی سی ایس کا بڑا سا جو ڈبہ پڑا ہے

(وہاں سترہ رنگوں کی وہ چوڑیاں ہیں کہ جب میں نے تم سے کہا تھا "مجھے بوجھ لگتی ہیں"

اور تم نے اگلے ہی دن بھیج دی تھیں)

اسے کھولنا مت کہ وہ تم سے شرمندہ ہوں گی، کبھی میں نے پہنیں نہیں ، کیونکہ وعدہ یہی تھا کہ تم اپنے ہاتھوں سے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اور ہاں!! وہیں ایک خاکی لفا فہ پڑا ہے

مری ابتدائی دنوں کی سبھی شاعری، اس میں بکھری پڑی ہے

وہ نظمیں جنہیں فون پر سن کے ہنستے تھے تم،

اور وہ غزلیں کہ جن میں غلط قافیے تھے (ابھی تک غلط ہیں)

یہ سب میں نے دل سے لگا کر رکھا ہے۔۔۔۔۔

مرے ہاتھ پر ہاتھ رکھو ذرا !

اور یہ وعدہ کرو تم یہ سب اپنے دل سے لگا کر رکھو گے

تمہیں آخری بار جی بھر کے دیکھوں یہ جی چاہتا ہے مگر میری جاں ! اب یہ ممکن نہیں ہے

تمہیں یاد ہے نا کہ دو سال پہلے دسمبر کی وہ آٹھویں شام تھی ۔۔۔۔۔۔

فریحہ نقوی

© UrduPoint.com

All Rights Reserved

(4408) ووٹ وصول ہوئے

You can read Tumhare Liye Khat written by Fareeha Naqvi at UrduPoint. Tumhare Liye Khat is one of the masterpieces written by Fareeha Naqvi. You can also find the complete poetry collection of Fareeha Naqvi by clicking on the button 'Read Complete Poetry Collection of Fareeha Naqvi' above.

Tumhare Liye Khat is a widely read Urdu Nazam. If you like Tumhare Liye Khat, you will also like to read other famous Urdu Nazam.

You can also read Love Poetry, If you want to read more poems. We hope you will like the vast collection of poetry at UrduPoint; remember to share it with others.