Smaria, Urdu Nazam By Jameel Ur Rahman

Smaria is a famous Urdu Nazam written by a famous poet, Jameel Ur Rahman. Smaria comes under the Love, Sad, Social, Hope category of Urdu Nazam. You can read Smaria on this page of UrduPoint.

,سماریہ ,,SMARIA

جمیل الرحمان

ایک نظم ۔۔اُن کے نام.........

جو اپنے بچوں اور اپنے مفادات کو محفوظ رکھنے کے لیے دوسروں کے بچے قربان کر دیتے ہیں

جب کچھ ایسا ہونے لگتا ہے

جو نہیں ہونا چاہیے

اور ذلتوں کی لکیر محرومیوں کی بارش سے

مٹنے کے بجائے مزید نمایاں ہو جائے

چاروں طرف اڑتی دھول میں

خون آشام ہیولوں کی لپلپاتی زبانیں سرسرانے لگیں

فضا میں کتوں کے رونے کی آوازیں گونجتی ہیں

اور محصور زندگی مسدود راستوں میں

سرنگ لگانے کی کوشش کرتی ہے

ایسے میں اپنے حواس سنبھالنے کے لیے

میں جیسے ہی کوئی قدم اٹھاتا ہوں

ایلیاہ کے ہاتھوں پر پانی ڈالنے والے

یوشع نبی کے سماریہ میں آ نکلتا ہوں

جہاں میری موجودگی میں

دو قحط زدہ عورتیں

سخت کال میں اپنی بھوک مٹانے کے لیے

اپنے بیٹوں کو باہم مل کر کھانے کا معاہدہ کرتی ہیں

ایک اپنے بیٹے کو بھون کر

دوسری کی ضیافت کا اہتمام کرتی ہے

لیکن

دوسری وقت آنے پر اپنے بیٹے کو چھپا دیتی ہے

اور دانستہ فراموش کر دیتی ہے

کہ پہلی عورت سے

اُس نے کیا معاہدہ کیا تھا

شاہ اسرائیل پہلی عورت کی فریاد سن کر

حیرانی میں اپنے کپڑے پھاڑتا اور گواہی مانگتا ہے

سماریہ میری شہادت کا طلبگار ہے

لیکن مجھے کچھ یاد نہیں

کہ کچھ ہی دیر پہلے

دو عورتیں کہاں

کس عورت کے بیٹے کو بھون کر کھا رہی تھیں

اور کس عورت کا بیٹا

اپنی محفوظ پناہ گاہ میں تھا

میں کیا کروں؟

کہ بن حداد کے جاری محاصرے میں

سماریہ میں جو کال پڑا ہے

وہ کسی فریبی کا چہرہ شناخت نہیں کرنے دیتا

اور

بھوک اور ممتا کی پیہم کشاکش میں

میرے سماریہ کا شاہ

ہر معاہدے کی خلاف ورزی کو روا جانتا ہے!!!

(اس نظم کا ماخذ پرانے عہد نامہ کے باب سلاطین -2 کا وہ واقعہ ہے ۔جب قدیم اسرائیلی شہر سماریہ کا، شاہ آرام بن حداد نے ایسا سخت محاصرہ کیا تھا کہ سماریہ میں شدید کال پڑ گیا ۔ایسے میں اس واقعے نے جنم لیا ۔)

جمیل الرحمان

© UrduPoint.com

All Rights Reserved

(1617) ووٹ وصول ہوئے

You can read Smaria written by Jameel Ur Rahman at UrduPoint. Smaria is one of the masterpieces written by Jameel Ur Rahman. You can also find the complete poetry collection of Jameel Ur Rahman by clicking on the button 'Read Complete Poetry Collection of Jameel Ur Rahman' above.

Smaria is a widely read Urdu Nazam. If you like Smaria, you will also like to read other famous Urdu Nazam.

You can also read Love Poetry, If you want to read more poems. We hope you will like the vast collection of poetry at UrduPoint; remember to share it with others.