Bain Us Satoor, Urdu Nazam By Sheba Taraz

Bain Us Satoor is a famous Urdu Nazam written by a famous poet, Sheba Taraz. Bain Us Satoor comes under the Love, Sad, Social, Friendship, Bewafa, Heart Broken, Hope category of Urdu Nazam. You can read Bain Us Satoor on this page of UrduPoint.

بین السّطور

شبہ طراز

سنو شاعر !

تمہارے حرف کی گہرائی میں جو درد جاگا ہے

مجھے سونے نہیں دیتا،

بہت گھمبیرتا ہے تانے بانے میں،

کئی صدیوں کا جوکھم کاٹ کر تاریخ آئی ہے

لبادے خون میں تر ہیں

بہت وحشی ہوئی جاتی ہیں آوازیں

مری آنکھوں میں سکتہ ہے

مری گویائی میں لُکنت۔

سنو شاعر!

تمہاری نظم کی پہلی پرت رومان پرور ہے

بظاہر پھول ہیں ، کھلیان ہیں اور چاندنی ہے

رقص کا ہنگام ہے ،

(بیکار ہے بیکار ہے سب کچھ)

مگر اُف

رفتہ رفتہ اضطرابی کیفیت محصور کرتی ہے،

ازل کے بیکراں آغاز سے بے انت آخر تک

فقط ظلم و ستم کی داستانیں ہیں

صلیبِ وقت پر کوئی کہیں بازو کٹاتا ہے

کوئی آنسو چڑھاتا ہے

کبھی آہ و بُکا بھی ہو نہیں پاتی،

کبھی اک قبر کی مٹی میں سوئے سینکڑوں آدم

نمو پاتے ہیں نعروں میں،

سفرکا رُخ پلٹتاہے

زمیں کروٹ بدلتی ہے

یہیں سے رنج زینے سے اتر کر

روح کی پاتال میں رستے بناتا ہے،

سمجھنا ہے یہاں مشکل۔۔۔

بہت گھمبیرتا ہے تانے بانے میں،

سنو شاعر!

تمہارے حرف کا جادو ہے یا تلوار چلتی ہے

سیہ آندھی زمانے کی نقابوں کو اُلٹتی ہے

بہت مکروہ چہرے ہیں

پسِ پردہ جو کاری وار کرتے ہیں،

دھواں سا پھیل جاتا ہے،

بہت مجبور ہو جاتی ہیں آنکھیں بھی

مگر۔۔۔ پلکوں کے سائے میں

تمہارا خواب سا چہرہ

مجھے رونے نہیں دیتا

تمہار ے حرف کی گہرائی میں جو درد جاگا ہے،

مجھے ۔۔۔ سونے نہیں دیتا ۔۔۔ !

شبہ طراز

© UrduPoint.com

All Rights Reserved

(1288) ووٹ وصول ہوئے

You can read Bain Us Satoor written by Sheba Taraz at UrduPoint. Bain Us Satoor is one of the masterpieces written by Sheba Taraz. You can also find the complete poetry collection of Sheba Taraz by clicking on the button 'Read Complete Poetry Collection of Sheba Taraz' above.

Bain Us Satoor is a widely read Urdu Nazam. If you like Bain Us Satoor, you will also like to read other famous Urdu Nazam.

You can also read Love Poetry, If you want to read more poems. We hope you will like the vast collection of poetry at UrduPoint; remember to share it with others.