Zara Sheikh

Zara Sheikh

زارا شیخ اب دھوکہ نہیں کھائوں گی۔

اداکارہ اور ماڈل زارا شیخ کہتی ہیں پہلے میں کم عمر تھی اس لئے دھوکہ کھاگئی․․․․․ اب تو جب بھی کوئی سلمان خان، فواد خان یاشان جیسا ملا، فوراََ شادی کرلوں گی

منگل 7 نومبر 2017

زارا مصطفی:
پاکستان شوبز انڈسٹری کی چند ایک اداکاراؤں کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ شوبز کی دنیا میں قدم رکھتے ہی افق پر چمکتا ستارہ بن گئیں مگر افسوس کہ کچھ عرصہ شہرت اور کامیابیاں سمیٹنے کے بعد جونہی اپنی کہکشاں سے الگ ہوئیں تو اپنی شناخت تک کھودی۔ 2000 کی دہائی میں فلم نگری میں آتے ہی چھاجانے والی زارا شیخ کے ساتھ بھی کچھ ایسے ہی معاملات پیش آئے۔
”کنگ میکر“ کہلانے والے خاور ریاض کے ساتھ ماڈلنگ کیرئیر کا آغاز کرنے والی زارا شیخ کے بارے میں یہاں تک کہاجانے لگا کہ زارا اور خاور ایک ٹیم کا نام ہے جسے ایک دوسرے سے جدا کرنا ممکن نہیں مگر زاراکے ستاروں کی گردش نے اس قیاس کو رد کردیا اور جونہی زارا خاور کے قبیلے سے الگ ہوئیں تو مخالفین کے پراپیگنڈے کا شکار ہوکر منظر سے غائب ہوگئیں۔

(جاری ہے)

7 مئی 1978 کو لاہور میں پیدا ہونے والی زارا شیخ نے سکول کے زمانے میں ایک ٹی وی اشتہار میں ماڈلنگ کی تو خاور نے سونے کو کندن بنانے کا بیڑا اٹھا لیا جس کے بعد زارا نے انٹر میڈیٹ کے دوران باقاعدہ فیشن شوٹس کا آغاز کردیا۔ جب ان کی تصویریں بڑے میگزینز کے سرِورق پر شائع ہونے لگیں تو انہیں فلموں کی آفرز بھی آنے لگی اور پھر زارا 2000 میں فلم ”تیرے پیار میں“ جلوہ گر ہوئیں اور لوگوں نے نئے چہرے کو بے پناہ پذیرائی بخشی۔
” سلاخیں“ اور لاج“ جیسی سپر ہٹ فلموں نے انہیں شہر ت کی بلندیوں تک پہنچادیا۔ 2002 ء میں زارا نے سجاد گل کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ”چلو عشق لڑائیں“ میں نہ صرف اداکاری کے جوہر دکھائے بلکہ تین گانے بھی گائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ”پہلا پہلا پیار کمانڈو، دیوداس اور کبھی پیار نہ کرنا ،جیسی مشہور زمانہ فلمیں بھی اپنے نام کیں۔
زارا نے چند ایک ٹیلی فلمز کے علاوہ کئی میوزک ویڈیوز میں بھی کام کیا ہے۔
سوال: اداکارہ اور ماڈل زارا شیخ پردے کے پیچھے کیسی لڑکی ہیں؟
زارا شیخ: میں ایک بہت سادہ مزاج ، سادہ زندگی گزارنے والی، آرٹ سے محبت کرنے والی لڑکی ہوں جس کی زندگی کا محور اس کی فیملی ہے۔شوبز میں میری کسی سے دوستی نہیں کیونکہ شوبز میں کسی سے پر خلوص دوستی کی توقع کرنا بیوقافی کے سوا کچھ نہیں ہے اس لئے شاید لوگوں پر بھروسہ کرنے کی سزا اب تک بھگت رہی ہوں ہاں مگر میں زندگی کو بھر پور انداز میں جینے کی قائل ہوں۔

سوال : آپ بچپن میں کیسی تھیں؟
زارا شیخ: میں اپنی ہم لڑکیوں کی طرح بالکل شرارتی نہیں تھی۔ میرا بچپن بہت خوبصورت تھا ، آج بھی سو چتی ہوں تو میری روح کو بہت سکون ملتا ہے۔ والدین نے ہمیں ایک اچھی زندگی دی ، کبھی کسی چیز کی کمی محسوس ہی نہیں ہونے دی۔ میرے والد نے صحت اور تعلیم کے شعبوں سے لے کر اینٹی کرپشن اور کرائم کنٹرول تک، سرکاری سطح پر نمایاں عہدوں پر خدمات سر انجام دی ہیں۔
میں پڑھائی میں نسبتاََ بہتر تھی اس لئے وہ مجھے سول سروس میں دیکھنا چاہتے تھے مگر مجھے شروع سے ہی آرٹ میں دلچسپی تھی۔
سوال: آپ بہت کم وقت میں نمایاں شہرت کے بعد غائب کیوں ہوگئیں؟
زارا شیخ: چونکہ میرا تعلق کسی شوبز گھرانے سے نہیں ہے اس لئے میں فلمی داؤ پیچ سے واقف نہیں تھی۔میں نے ساری شہرت اپنی قابلیت کے بل بوتے پر حاصل کی لیکن میرے مخالفین سے یہی بات ہضم نہیں ہوئی اور وہ مجھ سے حسد کرنے لگے، وہ ایسا میرے پیچھے پڑے کہ میرا کیرئیر تباہ کرکے ہی دم لیا۔

سوال : شوبز میں آمد کیسے ہوئی؟
زارا شیخ: کیا سنہری یادیں یار کروادیں․․․․ میں چھٹی ساتویں کلاس میں تھی جب پہلی مرتبہ ایک اشتہار میں ماڈلنگ کی لیکن اس وقت یہ نہیں سوچا تھا کہ ماڈلنگ کو کیرئیر بناؤں گی․․․․ گیارہویں جماعت میں ایک اور ٹی وی اشتہار کرنے کا موقع مل گیا،جس کے بعد میری ملاقات خاور ریاض سے ہوئی اور بقول خاور ، وہ مجھے ایک سال سے ڈھونڈ رہے تھے، پھر میں نے بہت سے میگزینز کے کور شوٹس اور ٹی وی اشہارات کئے ۔
اسی دوران شہزاد گل کو کسی نئے چہرے کی تلاش تھی اس لئے انہوں نے مجھ سے رابطہ کیا اور مجھے فلم ”تیرے پیار میں“ سائن کرلیا گیا۔
سوال: آپ تو خاور ریاض کی پسندیدہ ماڈل تھیں، فلمی کیریئر ختم ہونے کے بعد ماڈلنگ کیوں چھوڑ دی؟
زارا شیخ: ماڈلنگ چھوڑی تو نہیں لیکن میرے مخالفین نہیں چاہتے کہ میں کام جاری رکھوں اس لئے انہوں نے میرے بارے میں عجیب وغریب افواہیں پھیلائی ہوئی ہیں جیسے کے زارا شیخ پاکستان سے باہر چلی گئی ہے، میری اس طرح کردار کشی کی جاتی ہے کہ اب مجھے کام ہی نہیں ملتا۔
رہی بات خاور ریاض کی پسندیدہ ماڈل ہونے کی تو میں اتنا ہی کہوں گی کہ میں ان کی بے حد عزت کرتی ہوں۔اب بھی مجھے کسی پراجیکٹ کے لئے میک اپ کروانا ہوتو میں انہیں ہی فون کرتی ہوں۔ جہاں تک ماڈلنگ کی بات ہے تو معذرت کے ساتھ میں یہی کہہ سکتی ہوں کہ خاور اپنے مزاج کا بندہ ہے، جب تک دل چاہے جس کے ساتھ چاہے اپنے طریقے سے کام کرتا ہے۔ خاور سب سے زیادہ کام میرے تھا کیا مگر جب اس کے قبیلے میں موقعہ پرست اور خوشامدی لوگ شامل ہوگئے تو میرے جیسوں کا پتہ کٹ گیا۔
حالانکہ وہ خود کہتے تھے کہ زارا شیخ میری فیورٹ ماڈل ہے اس کی وجہ شاید یہی تھی کہ میں باتیں کم اور کام زیادہ کیا۔
سوال:آپ ماڈلنگ اور فلمی کیرئیر ختم کرنے میں کن لوگوں کو اپنا قصوروار سمجھتی ہیں؟
زارا شیخ: مجھے کیا پتا یہ کون لوگ ہیں ، میری تو کسی سے نہ دوستی تھی نہ دشمنی․․․․ اگر مجھے پتا ہوتا کہ کون لوگ میرے بارے میں غلط افواہیں پھیلا رہے ہیں۔
تو میں خود ان سے جاکر پوچھتی کہ آکر میں نے ان کا کیا بگاڑا ہے؟
سوال: سنا ہے آپ بالی ووڈ اداکار شاہد کپور کے ساتھ فلم کرنے والی تھیں، کیا یہ سچ ہے؟
زارا شیخ: میں پاکستان کی وہ واحد اداکارہ ہوں جسے بالی ووڈ سے سب سے زیادہ آفرز آئیں مگر مجھے پاکستان میں پہلی میں جس قدر پذیرائی حاصل ہوئی، بالی ووڈ میں کوئی ایسا ویسا پراجیکٹ کرکے اپنا نام خراب نہیں کرنا چاہتی تھی اور جہاں تک شاہد کپور کے ساتھ فلم کرنے کی بات ہے تو اس بارے میں پہلے ہی کئی مرتبہ تردید کرچکی ہوں۔

سوال: آپ کو کسی ڈرامے کی پیشکش ہو تو کیسے کردار کرنا پسند کریں گی؟
زارا شیخ: میں ”میں تیرے پیار میں“ جیسے کرداروں کو ترجیح دوں گی مگر اب ایسے کردار بنانے والے بھی کہیں کھو گئے ہیں۔
سوال : آپ کی شادی کے حوالے سے بھی کئی خبریں گردش کرتی رہی ہیں ، اس بارے میں کیا کہیں گی؟
زارا شیخ:میں نے شادی کا ارادہ تو کیا تھا مگر وہ میرا بچپن تھا اس لئے ہمیشہ کی طرح اعتبار کو ٹھیس پہنچی مگر یہ خبر اس طرح میڈیا میں پھیلی کہ میں شادی کر کے بیرونِ ملک منتقل ہوگئی ہوں، یہاں تک کہ میرے بچے بھی ہیں۔
میں آپ کے میگزین کے توسط سے یہ بتانا چاہتی ہوں کہ اس خبر میں رتی بھر بھی سچائی نہیں ہے، زاراشیخ کام کرنا چاہتی ہے۔ میں شادی بھی ضرور کروں گی۔ اکثر لوگ مجھ سے آئیڈیل لائف پارٹنر کے بارے میں پوچھتے ہیں تو میں کہتی ہوں مجھے سلمان خان کی فٹنس بہت پسند ہے، ایسا کوئی ملے گا تو فوراََ شادی کرلوں گی لیکن اب دھوکہ نہ کھاؤں گی۔
سوال: سنا ہے آپ تعلیم جاری رکھنے کے بارے میں بھی سوچ رہی ہیں؟
زارا شیخ: جی بالکل ، دیگر شعبوں کی طرح شوبز میں بھی ابلاغی صلاحیتوں میں مہارت ہونا ضروری ہے، اس لئے میں مطالعہ کررہی ہوں۔

سوال : سنا ہے آپ کو گانے کا شوق بھی ہے؟
زارا شیخ: ہاں گانے سے مجھے محبت ہے ، میں اپنی فلموں میں گانے گاتی رہی ہوں۔ میں نے باقاعدہ گانا سیکھا ہے ۔ میڈم نور جہاں اور راحت فتح علی خان میرے پسندیدہ گلوکار ہیں۔
سوال: آپ لاہوری ہیں، کھانے پینے کا شوق تو خوب ہوگا؟
زارا شیخ:جی بالکل۔ مجھے ہر طرح کے کھانے پسند ہیں لیکن میں زیادہ تر گھر کے کھانے کو ترجیح دیتی ہوں البتہ چائینز اور فش وغیرہ کھانے چند ایک پسندیدہ جگہوں پر ضرور جاتی ہوں۔

Browse More Articles of Lollywood