ماہرہ خان سے زیادہ حسین ہوں

لالی ووڈ کی سکینڈل کوئین میرا کہتی ہیں کہ اداکاری کے شعبے میں وہ ماہرہ خان سے سینئر ہیں جبکہ خوبصورتی میں لالی ووڈ کیا بالی ووڈ میں بھی کوئی ہیروئن ان کے سامنے نہیں ٹھہر سکتی

بدھ 20 دسمبر 2017

ہمامیر حسن:
سولہویں صدی کی ایک میرا بائی تھیں اور ایک آج کی میرا ہیں جو اداکارہ ہیں میرا کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ پختہ اداکاری کے باوجود ان کی ذات مذاق بن چکی ہے واجبی خوبصورت میانہ قد،مناسب خدوخال اور آواز بھی عام سی مگر کیمرے کی آنکھ سے دیکھا جائے تو وہ بیوٹی کوئین ہے شوبز کیرئیر اور ذاتی زندگی پر سخت تنقید کے باوجود میرا کے اعصاب آج بھی مضبوط ہیں وہ وہی کرتی ہے جو انہیں درست لگتا ہے وہ آخر چاہتی کیا ہیں؟اس کا انہیں بھی کچھ علم نہیں غلط سلط انگریزی جس کا انہیں کوئی فہم نہیں وہ اس قدر تیقن کے ساتھ بولتی ہے کہ ان کا چہرہ سامنے آتے ہی چہرے پر ہنسی نمودار ہوجاتی ہے کامیڈی شوز میں ان کی نقل کرنے والے فنکار بھی ان کی انگریزی کو ہی ہدف مزاح بناتے ہیں فلموں میں مصروفیت سے زیادہ ان کی غیر فلمی زندگی کی باتیں بھی ہر کس و ناکس کے درمیان موضوع بحث رہتی ہے کبھی وہ سیاست میں آنے کا اعلان کرتی ہیں اور کبھی ہسپتال بنانے کے لئے امداد کی طلب گار نظر آتی ہیں کبھی انکم ٹیکس والوں کے ساتھ آنکھ مچولی اور کبھی ان کی خفیہ شادی کا چرچا ہوتا ہے کیرئیر کی خاطر بالی ووڈ میں جانا اور وہاں سے بے دخل ہونا بھی ان کی زندگی کا عجیب قصہ ہے،یہ کہنا مشکل ہے کہ میرا کومتنازعہ بننے کا شوق ہے یا وہ دانستہ طور پر میڈیا کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے یہ سب کرتی ہے بہرحال وہ فلمی دنیا کا ایک عجیب کردار ہیں ان کا اصل چہرہ کیسا ہے یہ انہوں کبھی ظاہر نہیں ہونے دیا البتہ سلورسکرین کی یہ ”انگلش ونگلش“ ٹائپ ہیروئن خبروں میں رہنے کا ہنر خوب جانتی ہیں۔

(جاری ہے)

12 مئی 1977 کو شیخوپورہ میں پیدا ہونے والی میرا کا حقیقی نام ارتضیٰ رباب ہیں ،محض 18 برس کی عمر میں1995 میں میرا نے فلم”کانٹا“ کے ذریعے شوبز میں قدم رکھایہ فلم ناکام رہی جس کے بعد میرا کے کچھ فوٹو شوٹ منظر عام پر آئے جس سے فلم ساز دوبارہ میرا کی جانب متوجہ ہوئے اور انہیں فلموں میں کام مل گیا جن میں”چیف صاحب“ہوائیں“بازی گر“مس استنبول“ چیز بڑی مست مست“شامل ہیں لیکن شہرت ابھی میرا سے دور ہی تھی پھر انہوں نے ہدایتکار سنگیتا کی فلم ”کھلونا“میں منفی کردار بڑی خوبصورتی سے نبھایا جس پر انہیں بہترین اداکارہ کا نگار ایوارڈ ملااپنے فلمی کیرئیر کے دوران بھی وہ کبھی اداکار سعود کبھی فلمساز سہیل خان اور کبھی سیالکوٹ کے ایک تاجر ثاقب سلیم کے حوالے سے سکینڈلز کی زد میں آتی رہی ہیں میرا کا آخری سکینڈل 2012 میں ریما کی امریکی ڈاکٹر سے شادی کے بعد سامنے آیا جب میرا نے بھی امریکہ میں مقیم پائلٹ نوید پرویز سے شادی کرنے کا اعلان کرکے سب کو چونکا دیا یہ خبر پھیلنے کے بعد عتیق الرحمن نامی شخص سامنے آیا جس نے دعویٰ کیا کہ میرا اس کی بیوی ہے تو وہ کیسے نوید سے شادی کرسکتی ہیں؟دوسری طرف میرا اس وعدے کو یکسر رد کرتی ہیں کچھ عرصہ قبل میرا نے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو بھی شادی کی آفر کی تھی لیکن عمران خان کی ریحام سے طلاق کے بعد میرا نے عمران خان کو اپنے باپ کے برابر قرار دے ڈالا حال ہی میں میرا نے ہالی ووڈ فلم”ٹائی ٹینک“ کا مشہور گانا”ماے ہارٹ ول گو آن“ گاکر دعوی کیا ہے کہ انہوں نے انگریزی بولنے کا کورس کامیابی سے مکمل کرلیا ہے اور اب وہ بڑے اعتماد اور روانی سے اتنی فرفر انگریزی بول سکتی ہے کہ انگریز بھی شرما جائیں اپنے فنکارانہ سفر اور نجی زندگی کے حوالے سے میرا خود کیا کہتی ہیں انہی کی زبانی سنتے ہیں،،،،
سوال:آپ کی نجی زندگی کے بارے میں ہمیشہ متنازع خبریں ہی کیوں آتی ہیں؟
میرا:مجھے خبروں میں رہنے کا شوق نہیں میڈیا ہی میرے حوالے سے تاک جھانک کرتا رہتا ہے میں تو انہیں دعوت نہیں دیتی میں سمجھتی ہوں کہ ہر انسان کو اپنے انداز میں جینے کاحق ہے میری ذاتی زندگی میں کوئی حلف مداخلت کرے مجھے یہ قبول نہیں میں نے کبھی کسی فنکار پر بے جا تنقید کی اور نہ ہی میں دوسروں کی زندگی میں مداخلت کرنا پسند نہیں کرتی ہوں لہٰذا دوسروں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی حد میں رہیں اورمیری ذاتی زندگی میں مداخلت نہ کریں میں چاہتی ہوں کہ تمام فنکار مل جل کر چلیں کیونکہ اس میں ہی شوبز انڈسٹری کا فائدہ ہے،
سوال:آپ کا بچپن کیسا تھا؟
میرا:میرا بچپن روایتی بچوں کی طرح نہیں تھا میں بچپن سے ہی اپنی لگن کی پکی اور ضدی قسم کی لڑکی ہوں میں ہمیشہ سے کچھ نیا کرنے کی جستجو میں رہتی تھی اپنی والدہ سے متاثر تھی جو ٹیچر تھی لیکن مجھے پڑھ لکھ کر نوکری کرنے کا خیال کبھی نہیں آتاتھا میرے والد تعمیرات کے کاروبار سے وابستہ تھے جبکہ میرے دادا سید مظہر قائداعظم محمد علی جناح کے ذاتی معالج تھے وہ آرمی کے لوگوں کو بھی دوائیاں بناکر دیا کرتے تھے میرے والد نے دو شادیاں کیں پہلی بیوی سے پانچ اور دوسری سے چھ بچے ہیں میں سب بہن بھائیوں میں سب سے بڑئی ہوں تاہم بدقسمتی سے ماں باپ میں علیحدگی ہوگئی اور ہمیں شیخوپورہ اپنے ننھیال منتقل ہونا پڑا۔

یوں کہہ لیجیے کہ بچپن سے زندگی کی تلخیاں جھیل رہی ہوں۔
سوال:آپ کی پڑھائی کا سلسلہ کہاں تک رہا؟
میرا:میر گھر کے حالات اور اپنے شوبز کیرئیر کی وجہ سے میں آٹھویں تک سکول میں پڑھی ہوں باقی تعلیم مجھے پرائیویٹ حاصل کرنا پڑی میں نے نو سال کی عمر میں محمود سپرا کے ساتھ پہلا کمرشل کیا اس کے بعد شوبز رپورٹر عاشق چودھری نے میرے مختلف شوٹ کروائے جنہیں بہت سراہا گیا میں پورے ایشیا ء کی ”مس فوٹو جینک کوئین“ہوں میری تصاویر بہت اچھی آتی ہیں میرے چہرے کے خدوخال کیمرے کے لئے موسٹ فیورٹ ہیں بالی ووڈ اور لالی ووڈ میں میرے جیسی کیمرہ کوئین کوئی نہیں میں بچپن سے خود کو شہزادی سمجھتی ہوں میں دراصل ”بائے ہارٹ“یعنی دل سے شہزادی ہوں،
سوال:آپ بحیثیت چائلڈ آرٹسٹ متعارف ہوئیں پھر فلمی کیرئیر کا آغاز کس عمر میں کیا؟
میرا:میں نے گیارہ سال کی عمر میں 1995 میں ریلیز ہونے والی فلمساز امان مرزا کی فلم”کانٹا“کی تھی اس میں میرے ساتھ محسن خان بھی تھے فلم کی شوٹنگ بیرون ملک کی تھی جس کے لئے پاسپورٹ ضروری تھا اس وقت اگرچہ میں کم عمر تھی لیکن میرے شناختی کارڈ پر میری عمر زیادہ لکھوا دی گئی جو مجھے انڈسٹری کی جانب سے ملنے والا پہلا دھچکا تھا انڈسٹری میں بھی ایسی کرپشن ہوتی ہیں مجھے اندازہ نہ تھا بعد میں مجھے پتا چلا کہ فلساز پر کوئی”چائلڈ لیبر“کا مقدمہ نہ کردے اس لئے ڈاکیومنٹس میں میری عمر بڑھادی گئی بہر حال جو بھی تھا آج اس وجہ سے لوگ مجھے بڑی عمر کا سمجھتے ہیں حالانکہ میری عمر اتنی زیادہ نہیں
سوال:پھر کتنی عمر ہے آج اس راز سے پردہ اٹھاہی دیں؟
میرا:مجھ سے بڑی اداکارائیں اپنی عمر کے بارے میں غلط بیانی کرتی ہیں اگر آپ ان اداکاراؤں سے ان کی اصل عمر پوچھ لیں تو میں بھی اپنی عمر بتادوں گی مجھے سمجھ نہیں آتی میڈیا والے میری عمر کو لے کر اتنے تجسس کیوں رہتے ہیں؟عمر کی بجائے اداکارہ کی پرفارمنس دیکھنی چاہیے میں کم از کم ریما سے تو بہت چھوٹی ہوں۔


سوال:اداکارہ ماہرہ خان آپ کو سینئر اداکارہ مانتی ہیں کیا آپ ان سے بڑی ہیں؟
میرا:ماہرہ اور میری عمر میں زیادہ فرق نہیں وہ شادی اور بیٹے کی پیدائش کے بعد انڈسٹری میں آئی یعنی اس نے شوبز میں ایک میچور خاتون بننے کے بعد قدم رکھا جبکہ میں بچپن سے کام کررہی ہوں ظاہر ہے اداکاری میں ماہرہ مجھ سے پیچھے ہی ہے اسے ابھی اداکاری سیکھنے کی ضرورت ہے میرا مشورہ ہے کہ ماہرہ سموکنگ اور نشہ کا استعمال ترک کردیں تو بہترین پرفارم کرسکتی ہیں ویسے مجھے میڈیا سے گلہ ہے کہ وہ ماہرہ کو ضرورت سے زیادہ پر پروجیکشن دیتا ہے حالانکہ میں صرف اس سے زیادہ خوبصورت بلکہ زیادہ باصلاحیت اوراور تجربہ کار فنکار ہوں۔


سوال:آپ کے کئی سکینڈلز منظر عام پر آئے کیا آپ واقعی بار بار محبت کا شکار ہوئیں؟
میرا:شوبز فیلڈ ہی ایسی ہے جہاں آئے روز اداکاروں کے سکینڈل بنتے ہیں مجھے بتائے آج تک کس اداکار کا سکینڈل نہیں بنا؟میرے بارے میں من گھرٹ باتیں ہوتی رہتی ہیں جن کی مجھے پرواہ نہیں جہاں تک بات محبت کی ہے تو میری زندگی میں وہ شخص آئے جنہیں میں اپنے آئیڈیل کے روپ میں پسند کرتی تھی ایک بزنس مین ثانی صاحب تھے جو مجھ سے شادی کے خواہشمند تھے تاہم وہ پہلے سے شادی شدہ تھے اس لئے میری والدہ نے رشتے سے انکار کردیا وہ بہت مخلص اور پروقار شخص تھے اس کے بعد مجھے نوید سے بے پناہ محبت ہوئی وہ آٹھ نو سال قبل امریکہ میں شادی پر مجھے ملے تھے جہاں ہم ایک دوسرے کو دل دے بیٹھے انہوں نے میری زندگی کو بدلنے میں اہم کردار اداکیا میری اور نوید کی منگنی تیس سال رہی اور ان تین سالوں میں انہوں نے میری زندگی میں خوشیاں ہی خوشیاں بھردی تھیں نوید نے میرے اعتماد میں بہت اضافہ کیا لیکن میں سمجھتی ہوں نوید نے مجھے بے پناہ محبت دے کر بگاڑ دیا ہے اب شوہر کے لیے میرا آئیڈیل نوید جیسا شخص ہے میں ایسا جیون ساتھی چاہتی ہوں جو میری کمائی پر پلنے کی بجائے میری ذمہ داری اُٹھائے میرے لائف سٹائل کو سمجھتے ہوئے مجھے ویسی ہی سہولیات دے جس کی میں حقدار ہوں اگر کوئی مجھے کبھی میری مرضی کے مطابق نہ ملا تو میں کبھی شادی نہیں کروں گی میں نہیں چاہتی کے میں شادی کے نام پر سمجھوتہ کرکے ساری زندگی اذیت برداشت کرتی رہوں شادی ضرورت ہے مگر مقصد نہیں ایک عورت کی زندگی میں شادی ہی سب کچھ نہیں ہوتا میرے بہت سارے خواب ہیں جنہیں میں پورا کرنا چاہتی ہوں میں دوسروں کی خوشی اور اطمنیان کی خاطر نام نہاد شادی کیوں کروں؟
سوال:اگر آپ کو نوید سے اتنی محبت تھی تو آپنے اداکاری سے کنارہ کشی کیوں اختیار نہیں کی؟
میرا:میں شادی کے لیے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرسکتی میں سٹار ہوں اور میں نے یہ مقام بڑی محنت سے حاصل کیا ہے میں خود کو اداکاری سے الگ نہیں کرسکتی جس کو میرے ساتھ رہنا ہے ایسے ہی رہنا ہوگا،
سوال:کہا جاتا ہے عتیق الرحمن نے آپ کے پہلے شوہر ہونے کا دعویٰ کررکھا ہے اس لئے آپ کی شادی نہیں ہورہی؟
میرا:یہ بالکل جھوٹ ہے کوئی بھی جھوٹا مقدمہ مجھے شادی سے نہیں روک سکتا میں اپنے بزنس”چارمنگ“کی تلاش میں ہوں اور اگر کوئی شخص مجھ سے شادی کا خواہشمند ہے تو آپ کے میگزین کی وساطت سے بھی مجھ تک اپنا پیغام پہنچاسکتا ہے عتیق الرحمن جھوٹا شخص ہے تاہم عدالت نے نو سال بعد فیصلہ میرے حق میں دے دیا ہے عتیق الرحمن نے ڈیفنس ڈی بلاک میں میرے گھر کی ملکیت کا دعویٰ بھی کررکھا تھا مگر عدالت نے انصاف کرتے ہوئے اس کا دعویٰ بے بنیاد قرار دے دیا ہے ۔

میں سمجھتی ہوں پاکستانی عورت آج بھی مظلوم ہیں جب میری جیسی سٹار کو عدالت میں نو سال تک کسی بھی کیس میں الجھایا جاسکتا ہے تو عام عورت کو کن حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہوگا،
سوال:بالی ووڈ میں آپ کا مہیش بھٹ کے ساتھ جھگڑا کیوں ہوا؟
میرا:مہیش بھٹ بالی ووڈ میں میری پہلی فلم”نظر“کے ہدایتکار تھے اس فلم کے بعد بالی ووڈ میں دوسرے بڑے ہدایت کاروں جیسے سنجے لیلا بھنسالی اور منی رنتم نے مجھ سے رابطہ کیا تو مہیش بھٹ جیلس ہوگئے وہ نہیں چاہتے تھے کہ میں ان کی مرضی کے بغیر کوئی فلم سائن کروں لیکن میں وینا کی طرح سمجھوتہ کرنے والی اداکارہ نہیں ہوں اس لئے میں نے بالی ووڈ سے کنارہ کشی اختیار کرلی ورنہ آج بھی بڑی بڑی آفرز ہوتی ہیں لیکن میں انکار کردیتی ہوں،
سوال:آپ پر ادھار رقم لے کر مکر جانے کے بہت سارے الزمات ہیں حقیقت کیا ہے؟
میرا:میں بے وقوف ہوں نہ بے شرم کہ لوگوں سے ادھار رقوم لوں اور مکر جاؤں پہلی بات تو یہ ہے کہ جس دور میں ہم جی رہے ہیں کوئی بچہ بھی اتنا احمق نہیں کہ بلاوجہ لاکھوں کڑوروں روپے ادھار دے دے اس لئے ادھار لینے کا الزام من گھرٹ ہیں پہلے بھی میرے خلاف برطانوی ڈاکٹرسمیرا سے ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈ ادھار لینے کی خبر پھیلائی گئی اور وقت نے ثابت کیا کہ وہ سب جھوٹ تھا حقیقت تو یہ ہے کہ میں لوگوں کی مدد کرتی ہوں ارو کبھی کسی کو نہیں بتاتی کیونکہ اللہ تعالیٰ ناراض ہوتا ہے ،ورنہ اپنی مشکلات کا رونا رو کر پیسے اینٹھنے والوں کی ایک طویل فہرست ہے اور میں ایک ایک کے کرتوت خوب جانتی ہوں میرا منہ نہ ہی کھلوائیں تو سب کے لئے اچھا ہوگا،
سوال:بعض لوگ کہتے ہیں لڑکیاں شوہر کی صورت میں غلامی چاہتی ہیں آپ کا اس حوالے سے کیا نظریہ ہیں؟
میرا:میں ہر رشتے میں آزادی کی قائل ہوں میرا خیال ہے کے پر رشتے کو اتنا مارجن دینا چاہیے کہ زندگی میں گھٹن محسوس نہ ہو میں نے اکثر دیکھا ہے کہ بیویاں اپنے شوہروں پر سخت پابندیاں عائد رکھتی ہیں جس سے بیچارے شوہروں کی ذاتی زندگی ختم ہوجاتی ہے شوہر کا بھی دل کرتا ہے دوستوں میں جاکر بیٹھے دل کی باتیں کرے تاہم بیوی چاہتی ہے کہ شوہر پہلو میں بیٹھا رہے جو بالکل بھی مناسب نہیں۔


سوال:آپ کی پسندیدہ ڈشز کون سی ہیں کبھی کوکنگ کا بھی شوق ہوا؟
میرا:میں سادہ خوراک پسند کرتی ہوں اور کھانے بھی سادہ بناتی ہوں میں فش بہت اچھی بنالیتی ہوں میرا کا الگ ہی کوکنگ سٹائل ہے میں کوکنگ میں کسی کو فالو نہیں کرتی او ر نہ ہی کسی کتاب سے دیکھ کر کوئی ڈش بناتی ہوں بلکہ اپنے طریقے سے ایسے کھانے بناتی ہوں جس میں کم سے کم چکنائی ہوں۔


سوال:تقریباً25 سالہ کیرئیر کے باوجود آپ آج تک پرکشش دکھائی دیتی ہیں اس کا کیا راز ہیں؟
میرا: باقاعدہ جم جاتی ہوں سلاد کچی سبزیاں پھلوں اور زیتون استعمال کرتی ہوں اور سب سے بڑھ کر مثبت سوچ ہی میری دلکشی کا راز ہیں سخت ڈائٹ پلان اور ایکسرسائز کرنا سب کے بس کی بات نہیں ہے اس لئے ہر اداکار میرا نہیں ہوسکتی۔
سوال:آپ کو سیروتفریح کے لئے کون سا مقام پسند ہے؟
میرا:امریکہ،امریکہ اور امریکہ مجھے لاس اینجلس اور نیویارک بہت پسند ہیں ان شہروں میں میری زندگی کے سنہرے دنوں کی یادیں وابستہ ہیں جنہیں میں کبھی فراموش نہیں کرسکتی،
سوال:آپ کا پسندیدہ رنگ؟
میرا:مجھے سفید اور سیاہ رنگ بہت پسند ہیں۔


سوال:فارغ اوقات میں کیا کرتی ہوں؟
میرا:میں مستقبل کی پلاننگ کرتی ہوں اپنے آپ کو وقت دیتی ہوں اور سوچ بچار کرتی ہوں کبھی آمد ہو تو شاعری بھی کرتی ہوں،
سوال:کیا آپ آئندہ الیکشن میں حصہ لیں گی؟
میرا:جی نہیں مجھے سیاست سے کچھ لگاؤ نہیں ہے البتہ میری والدہ ضرور الیکشن لڑیں گی،
سوال:آپ کی زندگی کا سب سے بڑا مقصد کیا ہے؟
میرا:میں کامیاب بزنس وومن بننا چاہتی ہوں میں فلاحی کاموں میں دلچسپی رکھتی ہوں تعلیمی ادارے اور ہسپتال بنانا چاہتی ہوں اگر عمران خان سے میری شادی ہوجاتی تو میں سب سے پہلے ملک کا تعلیم نظام درست کرتی اور ہسپتال بناتی عمران شادی کے لیے میری اولین پسند ہیں مگر وہ سیاست دان تو اچھے ہیں لیکن شوہر اچھے نہیں میرا مشورہ ہے کہ خان صاحب کو جمائما سے ہی دوبارہ شادی کرلینی چاہیے۔

مزید لالی ووڈ کے مضامین :