سلمان خان آغاز محبت ،انجام جدائی

سلمان خان کی تنازعات سے بھر پور فلمی زندگی کی طرح ذاتی زندگی بھی ہمیشہ ہنگامہ خیز رہی ہے

جمعہ اگست

Salman Khan aaghaz mohabbat  injaam judai

زارا مصطفی
دبنگ بھائی جان کہلانے والے سلمان خان نے دنیا بھر میں اپنے منفرد انداز اور اداکاری کی وجہ سے پہلی ہی فلم کے ذریعے بالی ووڈ میں تہلکہ مچا دیا ۔1988میں فلم ” بیوی ہو تو ایسی “ میں مختصر کردار ادا کرکے سلمان نے فلمی دنیا میں ایسی دھاک بٹھائی کہ انہیں اگلی ہی فلم ”میں نے پیار کیا “ میں مر کزی کردار نبھانے کا موقعہ مل گیا اور ایک کے بعد ایک ہٹ فلموں کا ایسا سلسلہ شروع ہوگیا کہ سلمان نے ساگر ،کرن ارجن ،ہم آپ کے ہیں کون ؟ کچھ کچھ ہوتا ہے ،ہم دل دے چکے صنم ،نوانٹری ،پاٹنر ،کِک ،ایک تھا ٹائیگر ،ہم ساتھ ساتھ ہیں ،سلطان ،وانٹڈ ،باڈی گارڈ ،بجرنگی بھائی جان اور پریم رتن دھن پویو ،جیسی شاندار فلمیں اپنے نام کیں ۔سلمان کا شماران چند کامیاب کمر شل ہیروز میں ہوتا ہے جن کا نام ہی کسی بھی فلم ،ٹی وی شواور ٹی وی اشتہار کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

2015تک سلمان کی گز شتہ صرف 10فلموں نے باکس آفس پر 15ملین امریکی ڈالر کا ریکارڈ بزنس کیا ․․․ایک وقت تھا جب جو ہو بیچ پر واقع امیتابھ بچن کے بنگلے کے باہر ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے لوگ گھنٹوں انتظار کرتے اور امیتا بھ چند منٹوں کے لئے باہر نکل کر لوگوں کی چاہت او ر محبت کا جواب دیتے ۔اب یہی سلسلہ سلمان کے ساتھ بھی جڑ چکا ہے جب سلمان خان ممبئی میں ہو ں تو دن میں ایک وقت مقرر ہو جاتا ہے جب وہ اپنے پر ستاروں کی محبت کا جواب دیتے ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ جب سلمان خان کو ”ہٹ اینڈ رن “ کیس کے سلسلے میں پانچ سال کی سزاسنائی گئی تو تمام شعبہ ہائے زندگی سے منسلک لوگوں ننے ان کے ساتھ دکھ اور ہمدردی کا اظہار اپنے اپنے انداز میں کیا ۔
’سیلف میڈ “ اداکار
سلمان خان بالی ووڈ کے معروف رائٹر عبدالرشید سلیم خان ،جو سلیم خان کے نام سے فلمیں لکھتے تھے کے سب سے بڑے بیٹے ہیں ،سلمان کے چھوٹے دونوں بھائی بھی مشہور اداکار اور پروڈیو سر ہیں ۔ان کی سوتیلی ماں یعنی ہیلن بھی 60 اور70کی دہائی کی نامور آئٹم گرل اور ماڈل تھیں ۔سلیم خان یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ جس کسی نے ایک مرتبہ بھی ان کے گھر کا نمک کھا یا ہو اس کی بالی ووڈ میں کامیابی یقینی ہے ۔ایسے میں یہ کیسے ممکن تھا کہ ان کی اپنی اولاد کو سپر سٹار کاخطاب نہ ملے مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ سلمان خان نے کبھی اپنے باپ کاحوالہ دے کر فلم میں کام نہیں لیا بلکہ ابتدائی دنوں میں وہ خود ڈائر یکٹر زاور پروڈیوسر ز کے پاس جاتے ،آڈیشن دیتے اور اپنی صلاحیتوں کے بلبوتے پر کام حاصل کرتے اسی لئے سلمان کو ”سیلف میڈ “ اداکار بھی کہاجاتا ہے ۔
بڑھتی عمر کے ساتھ بڑھتی مقبولیت
51سالہ سلمان خان بالی ووڈ کے وہ واحد سپر سٹار ہیں جن کی مقبولیت بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ کم ہونے کی بجائے بڑھتی ہی جارہی ہے ۔تا ہم سلمان کے پر ستاروں میں ہر عمر کی خواتین شامل ہیں اس لئے انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے بالی ووڈ کی ان اداکاراؤں کے ساتھ بھی کام کیا جو سلمان خان کی فلمیں دیکھ کر بڑی ہوئیں جن میں سشمیتا سین ،کرینہ کپور ،سونم کپور ،سونا کشی سنہا ،اتھیا شیٹی اور ڈیزی شاہ شامل ہیں ۔
بالی ووڈ میں ئے فنکاروں کے گُرو
بالی ووڈ میں نئے فنکاروں کے گُرو سلمان خان بالی ووڈ میں نئے فنکاروں کے لئے گُرو کی حیثیت رکھتے ہیں ان میں اداکار ہی نہیں بلکہ مو سیقا ر اور ہدایتکار بھی شامل ہیں مثلاََ جب شاہ رخ خان ابتدائی دنوں میں بالی ووڈ میں بھاگ دوڑ کر رہے تھے تو سلمان خان نے شاہ رخ اور ان کی اہلیہ گوری خان کو کچھ عرصہ اپنے گھر میں رکھا تا کہ شاہ رخ اپنی تمام تر وجہ کرےئرپر لگا سکیں ۔یہ وقت تھا جب سلمان خود بھی اپنے کیرےئر کے ابتدائی دور سے گزررہے تھے اس کے باوجودوہ شاہ رخ سے عدم تحفظ کا شکا ر نہیں ہوئے ۔اسی طرح ہدایتکار عباس مستان اور موسیقار ہمیش ریشمیا کے لئے بھی سلمان ہی نے بالی ووڈ میں بنیاد فراہم کی ۔ہر یتک روشن کی باڈی ٹریننگ بھی سلمان خان نے ہی کی ۔اسی طرح سنیل شیٹی کی بیٹی اتھیا شیٹی اورآدتیہ پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی کو بھی سلمان نے فلم ”ہیرو “ کے ذریعے بالی ووڈ میں متعارف کروایا ۔ویسے سلمان کا کہنا ہے کہ وہ شاہ رخ کے بیٹے کو بھی جلد بالی ووڈ میں متعارف کر وائیں گے ۔
سلمان اور ایشور یا کی پریم کہانی
ایشوریا رائے مس ورلڈ بننے کے بعد کا فی عرصہ بالی ووڈ میں بھاگ دوڑ کرتی رہیں ،دوسری طرف اس دوران سلمان خان بھی بالی ووڈ میں اپنے قدم جمانے میں مصروف تھے لیکن ایشوریا میں ان کی دلچسپی بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں تھی اسی لئے جب انہیں فلم ”جوش “ میں ایشوریا کے بھائی کا کردار دیا گیا تو اس وقت سلمان نے یہ کردار نبھانے سے انکار کر دیا اور کہا کہ ”اسے میری بہن مت بناؤ یار“ ․․․جب سلمان اور ایشوریا ”ہم دل دے چکے صنم “ میں پہلی بار ایک ساتھ پر دے پر جلوہ گر ہوئے تو ان کی جوڑی کے ساتھ ساتھ فلم کو بھی لازوال شہرت ملی ۔بالی ووڈ میں جگہ بنانے تک تو ایشوریا سلمان کے ساتھ ہی رہیں مگر پھر سلمان کے ساتھ ان کی اَن بَن کی خبریں آنے لگیں ۔ایک رات سلمان نے ایشوریا کے گھر کے باہر خوب ہنگامہ بر پا کیا کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ وہ دونوں ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں مگر ایشوریا کا رویہ ان کے ساتھ ٹھیک نہیں ہے ۔اس میں شک نہیں کہ سلمان انڈسٹری میں کئی لوگوں سے ایشوریا کی وجہ سے لڑائیا ں بھی کیں مگر ایشوریا نے ان پر یہ الزام لگایا کہ سلمان ان کے ساتھ مار پیٹ کرتے رہے ہیں اس لئے وہ انہیں چھوڑ رہی ہیں لیکن سلمان سے یہ سب برداشت نہیں ہوا چنانچہ جب ایشوریا ،ابھیشیک بچن کے ساتھ فلم ”کچھ نہ کہو “ کی شوٹنگ کررہی تھیں تو انہوں نے اس فلم کے پروڈیوسر سُبھاش گھئی کو تھپڑدے مار ا،اسی طرح جب ایشوریا فلم ”چلتے چلتے “ جس کے پروڈیوسر شاہ رخ خان تھے ،کے لئے منتخب ہوئیں تو سلمان خان گاہے بگاہے فلم کے سیٹ پر جانے لگے جس سے ایشوریا کو شوٹنگ کے دوران خاصے مسائل کاسامنا کرنا پڑا تھا جس سے تنگ آکر شاہ رخ نے سلمان کو روکنا چاہا تو ان کے مابین اختلافات شدید نوعیت اختیار کر گئے اور ایشوریا کے ہاتھوں سے فلم تو نکلی ہی مگر شاہ رخ اور سلما ن کی دوستی میں بھی ہمیشہ کے لئے دراڑآگئی ۔
ایشوریا تو ایک ہی ہے ․․․
سلمان خان آج بھی ایشوریا کو بھول نہیں پائے اس لئے اکثر اپنے انٹر ویو ز میں ایشوریا کے بارے میں بات کرتے ہوئے جذباتی ہوجاتے ہیں اور باقاعدہ کہتے ہیں کہ ”اب میں ان لوگوں کے بارے میں بات نہیں کر نا چاہتا جن کی اپنی الگ دنیا آباد ہوگئی ہے ،میں نہیں چاہتا میری وجہ سے ان کی شادی شدہ زندگی میں کوئی مسئلہ ہو ۔”اس کے باوجود سلمان کی فلم ” لکی “ کی ہیروئن سنیہاپال کو جب سلمان نے پہلی مرتبہ دیکھا تو انہیں ایشوریا کا چہرہ یاد آگیا ،اس وقت سنیہا کالج کی طالبہ تھیں ،سلمان نے پیچھا کرنا شروع کردیا اور انہیں قائل کیا کہ وہ ان کے ساتھ فلم میں کام ضرور کریں یوں سلمان نے بالی ووڈ میں ایشوریا سے ملتی جلتی شکل والی ہیروئن متعارف کروائی مگر بات اس سے آگے نہ بڑھ پائی کیونکہ ایشوریا تو ایک ہی ہے بالی ووڈ میں بھی اور سلمان کے لئے بھی ․․․
یہ دل ہے عاشقانہ
سلمان خان کے معاشقوں کی وجہ سے ان کی زندگی کی ہنگا مہ خیز یاں آج بھی جاری ہیں جن اداکاراؤں کے ساتھ سلمان کی شادی ہوتے ہوتے رہ گئی ان میں سرفہرست سنگیتا بجلانی ہیں جن کے ساتھ سلمان کی شادی کے کارڈ تک چھپ چکے تھے مگر شادی نہ ہو سکی اور آج وہ کرکٹ سٹار اظہر الدین کی بیوی ہیں ،پھر سلمان کو سابقہ اداکارہ سومی علی مل گئیں جن سے تعلق تب ٹوٹا جب ایشوریا رائے کے حسن کاجادو سلمان کے سر چڑھ کربول رہا تھا ،سومی نے تو کئی بار کہاکہ ایشوریا ان کے اور سلمان کے درمیان آگئی ہیں ،پھر سومی علی کسی اور سے بیاہ رچاکر امریکہ چلی گئیں ،سومی کے بعد سلمان کا مشہورِ زمانہ معاشقہ ایشوریا رائے سے ہوا جو متنازعہ وجوہات کی بناپر علیحدگی میں بدل گیا اور ایشوریا ابھیشیک بچن کی بیوی بن گئیں اور تیسرا نسبتا طویل تعلق کتر ینہ کیف سے رہا جو ایک مرتبہ پھر شادی تک پہنچتے پہنچتے رہ گیا اور کتر ینہ کی دوستی رنبیر کپور سے ہوگئی ۔
شادی قسمت میں نہیں
سلمان خان کاکہنا ہے کہ شادی کیوں کروں گا ؟اگر بچوں کے لئے شادی کرنا ضروری ہے تو میرے پہلے سے ہی بچے ہیں ۔ارباز ،سہیل ،الویرہ اور ارپیتا کے بچے میرے ہی بچے ہیں ،میں ان سے اسی طح محبت کرتا ہوں جیسے ہر باپ اپنے بچوں سے کرتا ہے ۔یہ حقیقت ہے کہ ایشوریا سے تعلق ٹوٹنے کے بعد سلمان نے کبھی اپنی شادی کے بارے میں بات نہیں کی اور کرن جو ہر کو انٹر ویو دیتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا ”شاید میری قسمت میں شادی ہے ہی نہیں ،اگر ہوتی تو اب تک ہوگئی ہوتی ۔
سلمان کی نئی گر ل فرینڈ
سلمان خان کے شادی نہ کرنے کے حوالے سے میڈیا ہی نہیں بلکہ خود ان کی فیملی بھی حیران ہے اس لئے انہوں نے سلمان کو اپریل 2016تک کا وقت دیا کہ سلمان اس وقت تک فیصلہ کرلیں ورنہ انہیں فیملی کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔چنانچہ اس کے بعد سلمان نے رومانیہ سے تعلق رکھنے والی گر ل فرینڈ لولیا وینٹور کے ساتھ فیملی اور فلمی تقریبات میں آنا جانا شروع کردیا چند ماہ پہلے سلمان خان اور لولیا کی کچھ ایسی تصویریں بھی سامنے آئیں جن میں سلمان اور لولیا رومانیہ کے مذہبی پیشوا کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے چونکہ لولیا بدھ مت مذہب کی پیرو کارہیں اس لئے ان تصویروں سے یہ گمان ہورہا تھا کہ سلمان خان ا ور لولیا چپکے چپکے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوچکے ہیں ۔بہر حال سلمان کی شادی کا مسئلہ ․․․فی الحال تو حل ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ۔

Your Thoughts and Comments