Alhamra Ka Ghazi Mujahid Ko Kharaj Tehseen

Alhamra Ka Ghazi Mujahid Ko Kharaj Tehseen

الحمراء کا غازی مُجاھد کو خراجِ تحسین

چالیس برسوں تک بھارت کے عقوبت خانوں میں پاک وطن کی محبت کا دیا روشن رکھنے والے پاک وطن کے بہادر سپوت سپاہی مقبول حسین کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے لاہور آرٹس کونسل کی جانب سے ڈرامہ ”سپاہی مقبول حسین “پیش کیا گیا۔

جمعرات 22 نومبر 2018

سپاہی مقبوُل حُسین
الحمراء کا غازی مُجاھد کو خراجِ تحسین
چالیس برسوں تک بھارت کے عقوبت خانوں میں پاک وطن کی محبت کا دیا روشن رکھنے والے پاک وطن کے بہادر سپوت سپاہی مقبول حسین کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے لاہور آرٹس کونسل کی جانب سے ڈرامہ ”سپاہی مقبول حسین “پیش کیا گیا۔اس غازی پر قید کے دوران ظلم وتشدد کے پہاڑ توڑے گئے ،زبان تک کاٹ دی گئی لیکن اس نے پاکستان مردہ باد کہنا گوارا نہیں کیا اور وطن کی محبت اور ایمان پر ڈٹا رہا۔


پاک وطن کا یہ بہادر سپوت رواں سال 28اگست کوراہی ملک عدم ہو گیا تھا۔2008ء میں ان کی زندگی پر آئی ایس پی آر کے اشتراک سے ایک ٹی وی ڈرامہ بھی بنا تھا۔الحمراء ہال نمبردو میں یکم سے بارہ نومبر تک پیش کیا گیا۔اصغر ندیم سید کے لکھے ہوئے اس ڈرامہ کی ہدایات عامر نواز اور قیصر جاوید نے دیں ،افضال نبی ،عظیم نور اور کاشف معاونین تھے۔

(جاری ہے)


سینئر اداکار راشد محمود نے اس میں سپاہی مقبول حسین کا کردار نہایت خوبصورتی سے پیش کیا اور کردار میں اپنی اداکاری سے جان ڈال دی کہ کس طرح اس سرفروش سپاہی پر قید کے دوران تشدد کے پہاڑ توڑے گئے ۔

سپاہی مقبول حسین کو 1965ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران بھارتی فوج نے شدید زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا لیکن کبھی جنگی قیدی کا درجہ نہ دیا بلکہ چالیس سال تک اپنے عقوبت خانوں میں رکھنے کے بعد ستمبر 2005ء کو واہگہ پر دیگر پاکستانی سویلین قیدیوں کے ساتھ رہا کیا تھا۔
ڈرامہ کے دیگر فنکاروں میں پرویز رضا،سرفراز انصاری ،تنویر شاہ ،زوہیب احمد ،تنویر خالد ،ظہیر تاج ،تحسین خان ،عذر اآفتاب اور قیصر شہزاد شامل ہیں ۔
ڈرامہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیراطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ سپاہی مقبو ل حسین صرف سپاہی نہیں بلکہ ایک ایسا جنرل ہے جس پر پاک فوج اور قوم کو فخر ہے ،اس کا کارنامہ پاک فوج کے عزم کی علامت ہے ،ہماری فوج کا ہر سپاہی وطن کی حفاظت کا عزم لئے ہوئے ہے ۔
انہوں نے اس موقع پر چےئر مین الحمراء تو قیرناصر ،کیپٹن عطاء محمد خان ،ذوالفقار علی زلفی ،ڈرامہ کے مصنف اصغر ندیم سید اور راشد محمود سمیت تمام فنکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ۔
تو قیر ناصر کا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لاہور آرٹس کو نسل کی یہ روایت ہے کہ ہم اپنے قومی ہیروز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھتے ہوئے عوامی آگاہی کے لئے ان کے کارناموں کو ڈراموں کے ذریعے منظر عام پر لاتے رہتے ہیں ۔یہ ڈرامہ سپاہی مقبول حسین کی زندگی کے کارناموں اور انکی حب الوطنی پر مبنی ہے ۔تو قیر ناصر نے مختصر مدت میں ڈرامہ پیش کرنے پر ڈائریکٹر آرٹ اینڈ کلچر ذوالفقار علی زلفی کے کام کی بھی تعریف کی ۔

Browse More Articles of Other