Showbiz Sitaron Ki Shadian

Showbiz Sitaron Ki Shadian

شوبز ستاروں کی شادیاں

خوشبو،خوشیاں اور خوابوں کی گھنے پھنے سوشل میڈیا پر بھی ان کی دھوم رہی

جمعرات 3 جنوری 2019

 وقار اشرف
کچھ رشتے قدرت ہمیں ودیعت کرتی ہے اور کچھ رشتے انسان خود بناتا ہے جن میں میاں بیوی کا رشتہ بھی شامل ہے۔سال 2018ء کے دوران شوبز کے کئی ستارے بھی شادی کے بندھن میں بندھے ،کچھ شوبز کی باہمی شادیاں تھیں اور کچھ میں ایک ساتھی کا تعلق شوبز سے نہیں تھا ۔
اداکارہ ایمن خان اور منیب بٹ کی شادی کو 2018ء میں شوبز کی ایک بڑی شادی قرار دیا جارہا ہے کیونکہ دونوں کا تعلّق نہ صرف ایک ہی شُعبے سے ہے بلکہ دونوں ایک ساتھ ڈراموں میں بھی کا م کرچکے ہیں ۔
طویل عرصے تک منگنی کے بندھن میں بندھے رہنے کے بعد یہ جوڑا رشتہ ازدواج سے منسلک ہوا ،دونوں کی شادی کی تقریبات تقریباً ایک ماہ تک جاری رہیں جو نومبر میں شروع ہو کر دسمبر تک چلتی رہیں ۔

(جاری ہے)


نکاح کی تقریب 21نومبر کو ہوئی ،دونوں نے شادی کی الگ الگ تقریبات کے لئے مختلف ڈیزائنرز سے جوڑے تیار کروائے تھے ۔رُخصتی کے موقع پر ایمن خان نے ڈیزائنر ارم خان کا ڈیزائن کردہ خوب صورت عروسی جوڑا اور منیب بٹ نے دیپک اینڈ فہد کی تیارہ کردہ شیروانی پہن رکھی تھی ۔

یہ شادی فلمی انداز میں ہوئی کیونکہ کئی روزتک شادی کی تقریبات شاہانہ انداز سے جاری رہیں ۔شادی کی اتنی زیادہ تقریبات پر سوشل میڈیا پر انہیں کافی تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
سُپر ماڈل صحیفہ جبار خٹک نے بھی خضر کے ساتھ زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا ،یہ شادی بھی بہت دھوم دھام سے ہوئی اور کئی روز تک سوشل میڈیا میں زیر بحث رہی 2018ء صحیفہ جبار خٹک کے لئے اس حوالے سے بھی اچھا رہا ہے کہ اس سال کے دوران انہوں نے ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھا۔
ڈرامہ سیریل ”تیری میری کہانی“میں دینا کے کردار کے بعد وہ اب ڈرامہ سیریل ”بیٹی “میں بھی مرکزی کردار کررہی ہیں ،اس سال انہوں نے بیسٹ ایمر جنگ ٹیلنٹ اور بیسٹ رائز نگ ٹیلنٹ کے لکس سٹائل ایوارڈ بھی اپنے نام کئے ہیں ۔
دلکش نقوش ،سروقامت ،موٹی موٹی تاثرات سے بھر پور آنکھوں اور اُجلی اُجلی رنگت کی حامل عائشہ خان میجر عقبہ حدید ملک کے ساتھ اپریل میں شادی کے بندھن میں بندھیں ۔
ان کی شادی کی تقریبات 5روز تک جاری رہیں جن میں زیادہ تر دونوں کی فیملیز کے افراد نے شرکت کی ۔”من مائل “سٹار شادی کے بعد سے شوبز سے دور ہیں تاہم گزشتہ ماہ انہوں نے ایک برائیڈل شوٹ ضرور کروایا۔ڈرامہ سیریل ”مہندی“سے قنی کیرےئر کا آغاز کرنے والی عائشہ خان 18سال تک شوبز کا حصّہ رہیں اور کئی کامیاب ڈرامے دےئے۔
”وار “اور ہمایوں سعید کی فلم ”جوانی پھر نہیں آنی “میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں ۔
بلال لا شاری کی ”وار “میں انہوں نے پولیس آفیسر جویریہ کے کردار میں اپنی صلاحیتوں کو بھر پور انداز میں منوایا۔
عائشہ خان اور میجر عقبہ حدید ملک کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر کافی وائرل رہی تھیں ۔
معروف اداکار عمران اشرف بھی جولائی 2018ء میں شادی کے بندھن میں بندھے ،انہوں نے کرن اشفاق کو جیون ساتھی بنایا جن کا تعلق بھی شوبز سے ہے ۔
عمران اشرف کا ڈرامہ”رانجھا رانجھا کردی “آج کل آن اےئر ہے جس میں ان کی اداکاری پسند کی جارہی ہے ۔وہ اس سے قبل خدا میرا بھی ہے ،الف اللہ اور انسان ،میرے مہربان ‘بدگمان‘ فالتو لڑکی‘ دل لگی‘ عشق نچایا اور جھوٹ جیسے ڈراموں میں بھی فن کا لوہا منوا چکے ہیں۔
اداکارہ انعم فیاض اسد انور کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھیں ۔ ان کا نکاح تو گزشتہ برس ہوا تھا لیکن رخصتی رواں سال کے دوران ہوئی۔
انعم فیاض احمد حبیب کی بیٹیاں ‘زردموسم ‘مرجائیں بھی تو کیا، بلقیس کور‘ میں ہاری پیا ،ساری بھول ہماری تھی ،میری ماں ،رُخصتی ،گھر ایک جنت ،پچھتا وا ،پرو رش ،ذرا سی بھول، دل تیرے نام، عشق عبادت ،انتظار، منتظر ،جلتے گلاب، کبھی سوچا نہیں تھا، عبادت، تم سے یہ تعلق ہے، بندکھڑکیاں اور محبت درد بنتی ہے سمیت بے شمار ڈرامے انعم فیاض کے کریڈٹ پر ہیں۔

 اداکار ہدایت کار اور کامیڈین فیضان شیخ اور ماہم عامر بھی رواں سال کے دوران شادی کے بندھن میں بندھے ۔فیضان شیخ معروف اداکارہ پروین اکبر کے صاحبزادے ہیں ،ماہم بھی کئی ڈراموں میں اداکاری کر چکی ہیں ۔
ٹی وی کی معروف جوڑی اداکاری اسد صدیقی اور اداکارہ زارا نور عبا س نے بھی زندگی کا نیا سفر شروع کیا ۔زارا نور عباس معروف اداکارہ اسماء عباس کی صاحبزادی اور بشریٰ انصاری کی بھانجی ہیں ۔
زارا نور عباس نے بہت کم عرصے میں ٹی وی انڈسٹر ی میں اپنی جگہ بنائی ہے اور کئی ڈراموں میں اداکاری کر چکی ہیں ۔خاموشی اور لمحے جیسے ڈراموں کے علاوہ فلم” پرے ہٹ لو“ بھی کررہی ہیں ۔
علیزے طاہر اور ارسلان احمد نے بھی اس سال کے دوران زندگی کی نئی اننگز شروع کی ۔خوب صورت اداکارہ ماہِ نور حیدر نے بھی اس سال زندگی کا نیا سفر شروع کیا،اگر چہ انہوں نے شوبز میں زیادہ کام نہیں کیا لیکن وہ علی ظفر کی فلم ”طیفا اِن ٹربل“ میں اداکاری کرچکی ہیں ۔

معروف ماڈل اور اداکارہ فضا علی نے ایاز ملک کے ساتھ دوسری شادی کی ۔ٹی وی کی ایک اور معروف اداکارہ ثمن انصاری نے بھی امریکہ میں دوسری شادی کی ۔”ڈر سی جاتی ہے صلہ “اور ”کہانی “جیسے کئی ڈرامے ثمن انصاری کریڈٹ پر ہیں ۔آج کل وہ ڈرامہ سیریل ”رومیو ویڈز ہیر“میں بھی فیروز خان (رومیو)کی والدہ کا کردار کررہی ہیں ۔
اداکارہ سارہ رضی نے بھی اس سال اپنا گھر بسایا۔

معروف ادکار فیروز خان بھی 2018ء کے دوران گھر والے ہو گئے ۔یہ سال فیروز خان کے لئے ویسے بھی بہت اچھا رہا ہے کیونکہ سُپر ہٹ ڈرامہ سیریل ”خانی“کے بعد آج کل ان کا ثنا جاوید کے ساتھ ہی ایک اور ڈرامہ ”رومیو ویڈز ہیر “بھی بے حد مقبول ہے ۔فیروز خان علیزے کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھے ،شادی کی تقریبات مارچ کے آخر اور اپریل کے شروع تک جاری رہی تھیں ۔
فیروز خان اداکارہ عمائمہ ملک کے بھائی ہیں ۔
اداکاراسد محمود بھی رواں سال کے دوران ماڈل سارا شہزاد کے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے ،شادی کی یہ تقریب بہت سادہ تھی جس میں دونوں نے سفید لباس پہن رکھا تھا ۔
ڈرامہ سیریل ”شکوہ“سے کیرےئر کا آغاز کرنے والی اداکارہ نے بھی اس سال ارسلان احمد سے شادی کی ،جس کے بعد وہ متعدد مارننگ شو زمیں بھی اپنے شوہر کے ساتھ شریک ہو چکی ہیں ۔
اداکارہ سارہ رازی بھی چند ماہ قبل اپنے کزن کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ چکی ہیں جن کا شوبز سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔
اداکارہ اقدس غفار نے بھی اس سال کے دوران زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا ،اقدس غفار معروف اداکارہ سعدیہ غفار کی بہن ہیں ۔
لاہور سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ثوبیہ خان نے کر کٹر عبدالقادر کے بیٹے عثمان قادر سے اسی سال کے دوران پسند کی شادی کی اور دونوں خوش گوار ازدواجی زندگی گزاررہے ہیں ۔

Browse More Articles of Other