Pakistani Main He Filmon Mein Kaam Karoon Gi

Pakistani  Main He Filmon Mein Kaam Karoon Gi

پاکستان میں ہی فلموں میں کام کروں گی

بھارتی فلموں میں میں کام نہیں کرنا چاہتی میں

جمعہ 15 فروری 2019

فضہ علی کا شمار پاکستان کی چند ان فنکارائوں میں ہوتا ہے جو ماڈلنگ، اداکاری، گلوکاری اور کمپیئرنگ کے شعبوں میں پرفارم کرنے کی یکساں مہارت رکھتی ہیں۔ انہوں نے ماڈلنگ سے اپنے فنی کیرئر کا آغاز کیا۔ ٹی وی کمرشلز اور فیشن شوز میں ان کی شخصیت اور پرفارمنس کو پسند کیا گیا اور انہیں ٹی وی ڈراموں میں کام کی آفر ہوئی۔ ’’مہندی‘‘ ان کی پہلی ڈرامہ سیریل تھی۔
یہ سیریل پاکستان کی ٹی وی ڈرامہ انڈسٹری کی ایک یادگار سیریل تھی۔ فضہ علی نے اس سیریل میں بہت ہی عمدہ پرفارمنس دی جس کے بعد انہیں مزید ٹی وی ڈراموں کی پیشکش ہوئی مگر انہوں نے دھڑا دھڑ ڈرامے سائن نہیں کئے بلکہ صرف وہ ڈرامے سائن کئے جن کے سبجیکٹ بہت اچھے تھے، اور معیاری پروڈکشن تھی۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے ڈراموں کی کامیابی کا تناسب بہت زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

ان کے مقبول ٹی وی ڈراموں میں ’’مہندی‘‘ کے علاوہ لگان، اپنے ہوئے پرائے، پیاری شمو، احساس، شیشے کا محل، یادیں، کانپور سے کٹاس تک، وہ صبح کب آئے گی، موم، چنری، راجر، لو، لائف اینڈ لاہور، تم ہو کہ چپ، دشتِ محبت، زندگی کی راہ میں، صراط مستقیم، سات سر رشتوں کے، گھائو، آواز، محبت وہم ہے، ذراسی غلط فہمی شامل ہیں۔ ماڈلنگ اور اداکاری کے شعبوں میں جھنڈے گاڑنے کے بعد انہوں نے 2012ء میں ٹی وی شوز کی میزبانی بھی شروع کر دی۔
ٹی وی چینل اے پلس پر ان کا شو ’’صبح کی فضہ‘‘ بہت پسند کیا گیا۔ اس شو کے علاوہ بھی انہوں نے مختلف ٹی وی چینلز کے شوز کی میزبانی کی۔ اب انہوں نے گلوکاری بھی شروع کر دی ہے اور آج کل اپنے پہلے میوزک البم پر کام کر رہی ہیں۔ پاکستان کی اس باصلاحیت اور خوبصورت فنکارہ سے گزشتہ دنوں ایک نشست ہوئی جس میں ان کی فنی اور نجی زندگی کے علاوہ شو بز انڈسٹری کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی جس کے منتخب حصے قارئین کی دلچسپی کے لئے پیش کئے جا رہے ہیں:
س: … آپ شو بز میں کیسے آئیں؟
ج: … زمانہ طالب علمی میں میں پڑھائی کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی جس پر میری کلاس فیلوز اور میری اساتذہ میری حوصلہ افزائی کرتیں۔
جب تعلیم سے فارغ ہوئی تو مجھے ماڈلنگ کی آفر ہوئی جو میں نے قبول کر لی۔ فیشن شوز اور ٹی وی کمرشل کئے جس سے شوبز انڈسٹری میں میرا تعارف ہو گیا اور مجھے ایک نجی چینل کی ڈرامہ سیریل مہندی میں کام کی آفر ہوئی جو میں نے قبول کر لی۔ یہ سیریل بہت بڑی سیریل تھی اور سپرہٹ ہوئی۔ سیریل کے ساتھ میری اداکاری بھی پسند کی گئی اور مجھے مزید ڈراموں میں کام ملنا شروع ہو گیا۔
میں نے منتخب اور معیاری کام کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میرے تمام ڈرامے پسند کئے گئے جن میں لو، لائف اور لاہور، چنری، وہ صبح کب آئے گی اور موم شامل ہیں۔ میرے متعدد ڈرامے اس وقت زیر تکمیل ہیں۔
س: … کیا فلم میں کام کرنے کی آفر ہوئی ہے؟
ج: … جی ہاں فلم میں کام کرنے کی آفرز ہوئی ہیں مگر وہ بھارت سے ہوئی ہیں اور بھارتی فلموں میں میں کام نہیں کرنا چاہتی میں صرف پاکستانی فلموں میں کام کرنا چاہتی ہوں۔
اگر کسی معیاری پاکستانی فلم میں کام کی آفر ہوئی تو ضرور کروں گی۔
س۔۔فلموں میں کام کے لیے رقص ضروری سمجھا جاتا ہے ۔کیا آپ رقص کر لیتی ہیں؟
ج۔۔۔جی ہاں۔ میں رقص کر لیتی ہوں ۔کلاسیکل رقص میں تو مجھے کافی مہارت حاصل ہے ۔
س: … کمپیئرنگ کا تجربہ کیسا رہا؟
ج: … میں نے 2012ء میںٹی وی چینل اے پلس پر مارننگ شو صبح کی فضہ کے نام سے شروع کیا جو مسلسل ایک سال تک چلا، میری ماڈلنگ اور اداکاری کی طرح میری کمپیئرنگ بھی لوگوں نے پسند کی۔
میں نے اس کے علاوہ بھی مختلف ٹی وی شوز کی میزبانی کی ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ کمپیئرنگ اداکاری سے کافی مختلف ہے اور کمپیئرنگ کا تجربہ اچھا رہا ہے۔
س: … آپ نے گلوکاری بھی شروع کی ہے اس کا کیا ریسپانس ہے؟
ج: … گلوکاری کا مجھے بچپن سے ہی شوق ہے لیکن میں نے باقاعدہ گلوکاری اب شروع کی ہے جس کا اچھا ریسپانس مل رہا ہے۔ البم پر بھی کام کر رہی ہوں۔

س: …آپ ماڈلنگ، اداکاری، کمپیئرنگ اور گلوکاری کر رہی ہیں کس شعبے میں پرفارم کرنا اچھا لگتا ہے؟
ج: … ماڈلنگ، اداکاری، کمپیئرنگ، گلوکاری اور رقص یہ سب آرٹ کی ہی مختلف شکلیں ہیں اور اگر کوئی سچا آرٹسٹ ہے تو وہ آرٹ کے ہر شعبے میں پرفارم کرکے انجوائے کرتا ہے۔ مجھے جس شعبے میں کام کا موقع ملے میں محنت سے کرتی ہوں اور مجھے میری محنت کا صلہ میرے کام کی پسندیدگی کی صورت میں مل جاتا ہے۔

س: … بہت سے فنکار کراچی شفٹ ہو گئے ہیں آپ کا کیا ارادہ ہے؟
ج: … کراچی میں شو بز کی سرگرمیاں زیادہ ہیں اس لئے فنکار کراچی میں شفٹ ہو رہے ہیں مگر جہاں تک میرا تعلق ہے تو میں ایسا سوچ بھی نہیں سکتی۔ میں کراچی میں کام کے لئے چلی جاتی ہوں مگر لاہور چھوڑ نہیں سکتی۔
س: … کیا آپ کو گھرداری سے دلچسپی ہے؟
ج: … مجھے گھرداری سے بہت دلچسپی ہے۔ میں گھر کو پہلی ترجیح دیتی ہوں اور شوبز انڈسٹری کو دوسری۔ میں سمجھتی ہوں کہ اگر کسی آرٹسٹ کی گھریلو زندگی پرسکون ہے تو وہ شوبز میں بھی بہتر پرفارمنس دے سکتا ہے۔ حال ہی میں مجھے اللہ تعالیٰ نے بیٹی کی نعمت سے نوازا ہے جس پر میں بہت خوش ہوں۔

Browse More Articles of Lollywood