London Fashion Week

London Fashion Week

لندن فیشن ویک

نگہ اُلجھی ہُوئی ہے رنگ وبُومیں خوبروماڈلز کے ریمپ پر جلوے

منگل 12 مارچ 2019

 غلام زہرا
فیشن کسی بھی معاشرے کی سوچ وفکر کا عکاس ہوتا ہے ۔لوگوں کی سوچ واطوار کے اثرات کو ظاہر کرتا ہے اور اشارہ کرتا ہے کہ معاشرہ کن بنیادوں پر استوار ہے اور کس نہج پر جارہا ہے ۔مغرب میں فیشن باقاعدہ نصاب کے طور پر پڑھایا جاتا ہے ۔اس کے اصول لگے بندھے تو ہیں لیکن انہیں اگر توڑا جائے تو بھی فیشن کی حدود ٹوٹتیں نہیں بلکہ مزید پھیل جاتی ہیں ۔
خواتین بھاری دبیز مردانہ کوٹ پہن لیں تو فیشن ہے اور پھٹی ہوئی جین کے اوپر شارٹ قمیض پہن لیں تب بھی فیشن ہے۔
فیشن اب موسم کے ساتھ ہی نہیں بدلتا بلکہ لوگوں کے بدلتے ہوئے رجحانات کے ساتھ تبدیل ہوتا ہے ۔
موجودہ دور میں اس کا تعلق سیاسی ومعاشی اور معاشری حالات کی بہتری یا ابتری سے بھی نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

فیشن کا فانوس زندگی کی معمولی سی حرارت سے دمک اُٹھتا ہے ۔

یہ لوگوں کے قلوب کی اس مرمراہٹ کا احساس دلاتا ہے جو زندگی کے رنگوں اور روشنیوں سے تحریک پکڑتی ہے ۔اب پیلے کپڑوں کے لئے بسنت اور دھانی پہناؤں کے لئے ساون کا انتظار نہیں کیا جاتا ۔کسی بھی رُت سے منسوب رنگ اب کسی بھی وقت پہنا جا سکتا ہے ۔یوں فیشن اب کسی موسم کا محتاج نہیں رہا بلکہ آج یہاں تو کل وہاں فیشن ویک کا انعقاد ہوتا رہتا ہے۔
نیویارک کے بعد حال ہی میں برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں فیشن ویک 2019ء کا انعقاد ہوجس میں دنیا بھر کے درجنوں نامورڈیزائنرز اور برانڈ نے حصہ لیا۔
پانچ روز تک جاری رہنے والے اس فیشن ویک میں موسم خزاں اور موسم سرما کی مناسبت سے ڈیزائنرز نے اپنی کولیکشن پیش کیں۔
2019ء اور2020ء کے ان ملبوسات میں جہاں ایک طرف اسٹائل کا مکمل خیال رکھا گیا وہیں رنگوں کے انتخاب میں بھی خواتین کی پسند کو مد نظر رکھ کر کلیکشن تیار کی گئی،یوں فیشن کی بہاریں اورماڈلز کے جلوے عروج پر رہے ۔برطانوی ڈیزائنرز گیرتھ پُگ اور بربری نے اپنے ملبوسات پیش کئے ۔
گیرتھ پُگ کے ملبوسات میں شوخ رنگ نمایاں رہے ،چمڑے اور جانوروں کی فرکے نمونے خوب پسند کئے گئے ۔دوسری جانب بربری نے ریمپ پر قوسِ قزح کے رنگ بکھیر دےئے۔
اس ایونٹ کی سب سے اہم خصوصیت یہ تھی کہ 9بڑے ٹرینڈ دیکھنے میں آئے۔ہرٹرینڈ میں رنگ ‘خوشبو‘جدت‘سٹائل غرض‘ڈیزائنرز نے ہر پہلو کو مد نظر رکھا مگر یہ بات بھی بڑے وثوق سے کہی جا سکتی ہے کہ ماڈلز کی حسین اداؤں اور جلوؤں نے اس ایونٹ کو چار چاند لگا دئیے۔
سٹریٹ سٹائل کا منفرد انداز بھی دل موہ لینے والا تھا۔موسم گرما کی مناسبت سے نہ صرف حیرت انگیز فیشن رن وے پر دیکھا گیا بلکہ گیگی اور الیکسا چنگ جیسی مشہور شخصیات نے سٹریٹ سٹائل کے نئے انداز متعارف کرائے۔اسٹریٹ سٹائل کے رجحانات میں آرام کے لئے پتلون اور واسکٹ بھی شامل ہیں جو موسم بہار کو ذہن میں رکھتے ہوئے ڈیزائن کی گئی ہیں۔
ڈیوڈ کو ماکی زبردست کلیکشن بھی لندن فیشن ویک کا حصہ تھی۔
2019-20ء کی منفرد کلیکشن میں مختلف سٹائل وانداز متعارف کرائے گئے ۔رنگوں کا انتخاب بھی بڑا دلپذیر تھا ۔کالے ‘سُرخ اور سفید رنگ کا امتزاج اس قدر دلفریب تھا کہ شائقین داد دئیے بغیر نہ رہ سکے۔
آؤٹ فٹ کی بات کریں تو چونکا دینے کے لئے یہی کافی ہے کہ 58بہترین آؤٹ فٹ اس ایونٹ میں دیکھنے میں آئے۔ہر قسم کے رنگ کے آؤٹ فٹس میں ماڈلز کا میک اپ ‘جیولری اور جوتوں کی کمبینشن بہترین تھی ۔
مقامی لندن ڈیزائنرز کو سپورٹ کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات بھی قابل تعریف ہیں ۔
اس موقع پر شائقین نہ صرف محفوظ ہوئے بلکہ سارے ایونٹ فوٹوگرافی بھی کی اور بڑی تعداد میں تصاویر بنائیں ۔کچھ ایسے لوگ ہیں جو غیر معمولی،توجہ طلب کرنے والے تنظیموں کو صرف دکھانے کے لئے تیار ہیں کہ فیشن ویک بھی کچھ عمدہ تنظیم کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے ۔
فیشن ایک صحت مندرجحان ہے اگر بالغ النظری سے اسے اپنا یا جائے۔ فیشن وہی بہتر ہے جو ظاہری شخصیت کو اگر نمایاں کرے تو روح میں بھی آسودگی اور اطمینان کی لہردوڑ ادے ۔
ہماری خواتین اس لحاظ سے قابل تعریف ہیں کہ وہ فیشن کو اس کے صحیح معنوں میں لیتی ہیں اور اس کے اوٹ پٹانگ تقاضوں کی طرف دھیان نہیں دیتی۔لباس میں اس بات کا وہ یقینا اہتمام کرتی ہے کہ عصمت وعفت پر حرف نہ آئے ۔فیشن وہی اچھا ہوتا ہے جو دھرتی سے جنم لیتا ہے ،تہذیب وتمدن سے آبیاری پاتا ہے اور ایمان ویقین کی روشنی سے شخصیت کو منور کرتا ہے ۔

Browse More Articles of Fashion