Zaree Shareef

Zaree Shareef

زری شریف

پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے میں اچھے موضوع پرمعیاری فلم پروڈیوس کروں گی

جمعرات 14 مارچ 2019

سیف اللہ سپرا
اداکارہ زری شریف کا شمار پاکستان فلم انڈسٹری کی چندان اداکارائوں میں ہوتا ہے جنہوں نے بہت کم عرصے میں ترقی کی منازل طے کیں۔ انہوں نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز تقریباً دس سال قبل معروف فلم ڈائریکٹر ناصر ادیب کی فلم ’’آج کی لڑکی‘‘ سے کیا۔ اس فلم میں زری شریف کا کردار مرکزی نوعیت کا تھا جو انہوں نے بہت خوبصورتی سے نبھایا۔
اس کے بعد ہدایت کارہ سنگیتا نے انہیں اپنی فلم ’’بلو گھنٹہ گھریا‘‘ میں کاسٹ کیا۔ اس فلم میں زری شریف کی اداکاری بہت زیادہ پسند کی گئی۔ اس کے بعد ہدایت کارہ سنگیتا نے ہی انہیں اپنی فلموں ’’مصطفی خان، ڈاکو حسینہ، سوہنا یار پنجابی اور گلابو‘‘ میں مرکزی کرداروں میں کاسٹ کیا اور لوگوں نے ان کی اداکاری کو پسند کیا۔ اس کے علاوہ ہدایت کار رشید ڈوگر نے انہیں اپنی فلم ’’مرڈر‘‘ میں کاسٹ کیا اس فلم میں بھی ان کی اداکاری پسند کی گئی۔

(جاری ہے)

ان کی ریلیز ہونے والی دیگر مقبول فلموں میں نوٹینشن ، لباس، نصیبو، پتر مکھن گجر دا، دوایکٹر اور لال بادشاہ شامل ہیں۔ زری کی متعدد فلمیں مکمل ہیں جن میں ایک ہدایتکارہ سنگیتا کی ’’ملتے ہیں دل یہاں‘‘ اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی تمام شوٹنگ دبئی کی خوبصورت لوکیشنز پر ہوئی۔ زری شریف کی متعدد فلمیں زیر تکمیل ہیں جن میں داستان، بیڈ بوائز، شام تیرے کئی نام، ایک غنڈہ اور بے پناہ عشق شامل ہیں۔
انہیں ان کی شاندار فلمی خدمات پر متعدد ایوارڈ مل چکے ہیں۔ وہ اس وقت پاکستان فلم انڈسٹری کی مصروف ترین اداکارہ بن چکی ہیں ان سے گزشتہ دنوں ا یک نشست ہوئی جس میں انہوں نے اپنی فنی اور نجی زندگی کے حوالے سے تفصیل کے ساتھ گفتگو کی جس کے منتخب حصے نذر قارئین ہیں۔
ًس…آپ شوبز میں کیسے آئیں؟
ج…شوبز میں آنے کا شوق تو بچپن سے ہی تھا۔ زمانہ طالب علمی میں ہم نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی خصوصاً ڈراموں میں میری اداکاری بہت پسند کی جاتی تعلیم سے فارغ ہوئی تو مجھے معروف فلم ڈائریکٹر ناصر ادیب نے اپنی فلم آج کی لڑکی میں ادکاری کی پیشکش کی جو میں نے قبول کر لی۔
اس کے بعد ہدایتکارہ سنگیتا نے ا پنی فلم بلو گھنٹہ گھریا میں کاسٹ کیا۔ اس فلم میں میری اداکاری لوگوں کو پسند آئی دراصل اس فلم نے مجھے فلم انڈسٹری میں بھرپور طریقے سے متعارف کرایا۔ اس کے بعد مجھے مزید فلمیں ملنا شروع ہو گئیں۔ میری اب تک متعدد فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں جن میں آج کی لڑکی اور بلو گھنٹہ گھریا کے علاوہ مصطفی خان، ڈاکو حسینہ، سوہنا یار پنجابی، گلابو، مرڈر، نوٹینشن، نصیبو، پتر مکھن گجر دا دو ایکٹر اور لال بادشاہ شامل ہیں۔
میری متعدد فلمیں مکمل ہیں جن میں ایک فلم ہدایتکارہ سنگیتا کی ’’ملتے ہیں دل یہاں‘‘ شامل ہے اس کے علاوہ میری متعدد فلمیں زیر تکمیل ہیں جن میں فلم داستان، بیڈ بوائز، شام تیرے کی نام ایک غنڈہ اور بے پناہ عشق شامل ہیں۔ میں ایک چیز یہاں پر واضح کر دینا چاہتی ہوں کہ میں کوائنٹٹی کی بجائے کوالٹی پر یقین رکھتی ہوں۔ دھڑا دھڑ فلمیں سائن کرنے کے حق میں نہیں۔
ا یسی فلمیں سائن کرتی ہوں جس کا سبجیکٹ اچھا ہو۔ میں نے ہدایتکارہ سنگیتا کی فلم ’’ضدی بدمعاش‘‘ محض اس لیے چھوڑی کہ اس میں جو کردار مجھے آفر کیا گیا وہ بہت زیادہ ’’بولڈ‘‘ تھا۔
س…کیا آپ نے ٹی وی ڈراموں میں کام کیا ہے؟
ج:۔ جی نہیں‘ ٹی وی ڈراموں میں بالکل کام نہیں کیا۔ آفرز تو بہت ہورہی ہیں مگر کام نہیں کیا کیونکہ میں سمجھتی ہوں کہ بڑی سکرین کا چارم زیادہ ہے اس لئے صرف فلموں میں کام کر رہی ہوں۔

س… کیا تھیٹر پر کام کیا ہے؟
ج:۔ تھیٹر پر بھی کام کرنے کی آفرز تو بہت ہورہی ہیں مگر کیا نہیں اور نہ ہی کرنے کا ارادہ ہے کیونکہ آجکل پاکستان میں کمرشل تھیٹر جس معیار کا ہو رہا ہے‘ وہ آپ کے بھی علم میں ہے۔ وہاں پر انسان کی عزت نہیں۔ جو ڈرامہ آپ اپنی فیملی کے ساتھ بیٹھ کر نہ دیکھ سکیں‘ اس میں کام کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ ویسے بھی اگر لوگ فلم سٹار کو تھیٹر میں دیکھ لیں تو پھر وہ انہیں سینما میں دیکھنے نہیں جائیں گے۔

س… کیا ماڈلنگ میں دلچسپی رکھتی ہیں؟
ج:۔ جی ہاں! ماڈلنگ میں بہت دلچسپی ہے۔ماڈلنگ میں مجھے معروف فیشن فوٹو گرافر افتخار پاشا نے متعارف کرایا۔ میگزین کیلئے پہلا شوٹ انہوں نے ہی کیا۔ فیشن شوز بہت کئے ہیں۔ پاکستان کے علاوہ امریکہ‘ برطانیہ اور دبئی میں فیشن شو کئے ہیں۔
س… پاکستان فلم انڈسٹری کی موجودہ صورتحال کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟
ج:۔
پاکستان کی فلم انڈسٹری نے اب ترقی کا سفر شروع کر دیا ہے۔ اب اس کے حالات بہترہو رہے ہیں۔ اچھی فلمیں بننا شروع ہوگئی ہیں۔ جو لوگ پسند کر رہے ہیں‘ لیکن مجھے اس بات کا افسوس ہے کہ بعض اداکارائوں نے اس فلم انڈسٹری سے کروڑوں روپے کمائے اورجب اس پر مشکل وقت آیاپیسے سمیٹ کر الگ ہو گئیں۔ میرے علاوہ چند اور لوگ ہیں جنہوں نے اس انڈسٹری کا ساتھ نہیں چھوڑا۔
میں فلموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ ان میں سرمایہ کاری بھی کر رہی ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ یہ فلم انڈسٹری جلد اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے۔ میں بہت جلد ایک فلم شروع کررہی ہوں۔ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ اب پاکستان میںبھی جدید ٹیکنالوجی پر فلمیں بن رہی ہیں۔ نئے سینماگھر بن رہے ہیں جن میں صاف ستھرا ماحول ہے اور لوگ پاکستانی فلمیں دیکھنے کیلئے جا رہے ہیں۔
میں پجھلے دنوں فلم دیکھنے سینھا گھر گئی تو یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ تمام سینماگھروں میں لوگوں کا رش تھا۔
س… کیا پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش ہونی چاہئے۔
ج:۔ پاکستان میں فلموں کی نمائش نہیں ہونی چاہئے۔ بھارت ہمیں نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔ ہم اس کی فلمیں ریلیز کرکے اسے سالانہ کروڑوں روپے کا فائدہ پہنچا رہے ہیں۔
اب حکومت نے بھارتی فلموں پر پابندی لگا دی ہے۔ یہ پابندی مستقل ہونی چاہیے۔
س… آپ فارغ وقت میں کیا کرتی ہیں؟
ج:۔ پرانی فلمیں دیکھتی ہوں اور ان سے سیکھتی ہوں۔
س… کیا آپ کو گھرداری سے دلچسپی ہے؟
ج…جی ہاں میں گھر کے کام کاج خود کرتی ہوں کھانا اچھا بنا لیتی ہوں۔
…آپ شادی کب کر رہی ہیں؟
زری…فی الحال شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے ویسے بھی ابھی میری سینئر فلمسٹارز جن میں ریشم بھی شامل ہیں نے ابھی تک شادی نہیں کرائی تو مجھے بھی شادی کی زیادہ جلدی نہیں۔

س…کیا آپ کو سیاست سے دلچسپی ہے؟
زری
ج…مجھے سیاست سے بہت عرصے سے دلچسپی ہے۔ اب تو میں نے سیاست میں عملی طور پر حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ سیاست میں رہ کرعوام کی اچھے طریقے سے خدمت کی جا سکتی ہے۔ میں سیاست کے ساتھ شوبز کی سرگرمیاں بھی جاری رکھوں گی۔

Browse More Articles of Lollywood