Pak Bharat Kasheedgi Aur Fankar

Pak Bharat Kasheedgi Aur Fankar

پاک بھارت کشیدگی اور فنکار

پاکستان پر جب بھی کوئی مشکل وقت آیا فنکارساری مصروفیات چھوڑ کر میدان میں آ گئے۔ 1965ء کی جنگ کے دوران فنکاروں نے مسلح افواج کا پوری طرح ساتھ دیا۔

پیر 18 مارچ 2019

سیف اللہ سپرا
پاکستان پر جب بھی کوئی مشکل وقت آیا فنکارساری مصروفیات چھوڑ کر میدان میں آ گئے۔ 1965ء کی جنگ کے دوران فنکاروں نے مسلح افواج کا پوری طرح ساتھ دیا۔ بہت سے فنکار فوجی جوانوں کی ہمت بڑھانے کے لیے بارڈر پر پہنچ گئے۔ ملکہ ترنم نور جہاں، مہدی حسن ، شوکت علی اور دیگر گلوکاروں نے ریڈیو پاکستان پرجنگی ترانے ریکارڈ کرائے۔
گزشتہ چند دنوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی سی صورتحال ہے۔ اس صورتحال میں پاکستان کے تمام فن کار پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔اس حوالے سے لاہور پریس کلب نے ایک سیمینار کا اہتمام کیا جس کی صدارت صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کی۔ مقررین میں اداکارہ و ہدایتکارہ ریما خان اداکارہ میرا، اداکارہ ریشم، گلوکارہ و اداکارہ شاہدہ منی، گلو کار وارث بیگ، اداکار راشد محمود، ڈائریکٹر جنرل پلاک ڈاکٹر صغریٰ صدف اور صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری تھے۔

(جاری ہے)

میزبانی کے فرائض نعیم حنیف نے ادا کئے۔ وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے جس کے پاس دنیا کا جدید ترین میزائل سسٹم ہے جو ہم نے دشمنوںسے مقابلہ کرنے کے لئے بنایا ہے، فنکشن میں آتش بازی کے لئے نہیں اور اگر بھارت نے پاک سرزمین پرحملے کی جرات کی تو ہمارے پاس ایسے سمارٹ بم ہیں جو دشمن کے سپاہیوںکو راکھ کا ڈھیر بنادیں گے اور ایسے کئی سیکرٹ پاک فوج اور آئی ایس آئی کے پاس ہیں جس سے دشمن حیران رہ جائے گا۔
انھوںنے فنکاروں کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا اورشگفتہ لہجے میں کہاکہ اگر اداکارہ میرا انگلش میں مودی سرکار کو دھمکی دے دیں تو وہ ویسے ہی ڈرکے دوڑ جائیںگے۔ انھوںنے مزید کہاکہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اسے جنگ کی بھٹی میں نہ جھونکا جائے اور اگر دشمن نے جنگ کا ڈھول پاکستانی فوج اورعوام کے گلے میں ڈالاتو اس ڈھول کو بجائیں گے پھرہماری مرضی کے مطابق بھارت کو دھمال ڈالنا پڑے گی۔
صدرارشد انصاری نے معزز مہمانوں کو کلب آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ اس وقت پاکستان کوبھارت کی جانب سے جنگ کی دھمکیوںکا سامناہے لیکن دشمن یہ جان لے کہ پاکستانی فوج اور عوام ملک کی حفاظت کے لئے ایک پیج پر ہیںاور ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیارہیں اور اگر بھارت نے پاکستان کو جنگ کی آگ میں دھکیلا تو ہم بھارت کو ایسا سبق سکھائیں گے کہ وہ رہتی دنیا تک عبرت کا نشان بن جائے گا۔
فنکاروں نے بھارت میں کام کرنے والے پاکستانی فنکاروں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کی مذمت کی اور ایسے فنکاروں کی بھی مذمت کی جو بھارت میں پاکستان کیلئے شرمندگی کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہی ہے ۔اس موقع پر فنکاروں ،صحافیوںاور سماجی وسیاسی کارکنوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہے لیکن بھارت نے کبھی پاکستان کی آزادی کو دل سے تسلیم نہیں کیا اور آئے روز اس کے خلاف اپنے ہم خیال ملکوںکے ساتھ مل کر سازش کرتا رہتا ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر میں کھیلی جانے والی خون کی ہولی سے تمام دنیا آگاہ ہے مگر بھارت کو ایک بہت بڑی اکنامک پاورمانتے ہوئے ذاتی مفادات کے پیش نظر اس مسئلے کے حل کے لئے کوئی کوشش نہیں کی جاتی جبکہ بھارت اپنے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے جھوٹے شوشے چھوڑ کرپاکستان کو نیست ونابودکرنے کی دھمکیاں دیتا رہتاہے لیکن بھارتی حکومت اور اس کے ہمنوا جان لیں کہ پاکستانی فوج اور تمام شعبوں سے منسلک افراد ملک کی حفاظت کے لئے ہرطرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں ۔
لاہور پریس کلب کے سیمینار کے بعد پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئج آرٹ اینڈ کلچر حکومت پنجاب (پلاک) میں بھی پاک فوج کیساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک سیمینار کا اہتمامکیا گیا جس میں مقررین نے کہا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ سیمینار کے بعد فن کاروں نے پاک فوج کیساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ بھی کیا۔اس سیمینار اورمظاہرے کے شرکاء میں ہدایت کار جرار رضوی ، اداکارہ لائبہ خان نیازی، اداکارہ و گلوکارہ میگھا، ارشد نسیم بٹ، خاور نعیم ہاشمی اور شکیل زاہد شامل تھے۔
اس موقع پر اداکارہ و گلوکارہ میگھا نے اپنا ملی ترانہ گا کر فوج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ جب پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تو پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کر دی اور پمرا کو ہدایت کی کہ ٹی وی چینلز پر بھارتی اشتہارات بھی روک دئیے جائیں۔
اس موقع پر پاکستان فلم ایگزیبٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ضوریز لاشاری نے کہا کہ جب تک پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات معمول پر نہیں آ جاتے اس وقت تک پاکستان کے سنیما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش نہیں ہو گی۔ ہم پاک افواج کے ساتھ ہیں۔

کیبل اپریٹرز ایسوسی ایشن نے بھی پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے تمام بھارتی ٹی وی چینلز کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
اس سلسلے میں کیبل اپریٹرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شوکت علی چودھری نے لاہور پریس کلب میں اپنے دیگر عہدیداروں کے ساتھ پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے کہا کہ کیبل اپریٹرز ہر گھڑی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ضرورت پڑی تو ہم اگلی صفوں میں پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے صوبہ بھر کے تمام تھیٹروں میں بھارتی گانوں پر بھی پابندی لگا دی۔
انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری اور نجی تھیٹرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کسی تھیٹر میں بھارتی گانے چلانے اور ان پر فن کاروں کی پرفارمنس کی اجازت نہیں ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی کے حوالے سے معروف اداکارہ و ہدایت کارہ ریما خان نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں جنگی جنون پیدا کر رہا ہے۔ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔ بھارت نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر کے زیادتی کی ہے۔
اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ہوش کے ناخن لے اور پاکستان کے خلاف جارحیت سے باز رہے۔ معروف گلوکارہ اور اداکارہ شاہدہ منی نے کہا ہے کہ بھارت نے روز اول سے ہی پاکستان کو تسلیم نہیں کیا۔ وہ ہمارا دوست نہیں ہو سکتا۔ پاکستان فلم ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین چودھری اعجاز کامران نے کہا کہ بھارت نے اب جارحیت کی تو اسے منہ توڑ جواب دینا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی ایک احسن فیصلہ ہے۔ یہ مستقل ہونا چاہئے۔ معروف گلوکار ابرار الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ پاکستان کی فن کار برادری پاک فوج کے ساتھ ہے اور اگر آئندہ بھارت نے جارحیت کی تو فنکار افواج کے شانہ بشانہ لڑیں گے۔

Browse More Articles of Lollywood