Jennifer Lopez

Jennifer Lopez

جینیفر لوپیز

حُسن وفن کا خوبصورت امتزاج چوتھی بار گھر بسائیں گی

جمعہ 29 مارچ 2019

 وقار اشرف
شوبز کی دُنیا دلوں کے دم سے آباد ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہ دُنیا ہمیشہ ہنستی گاتی ناچتی دکھائی دیتی ہے ۔فلموں میں خیالی دُنیا تخلیق کی جاسکتی ہے لیکن فنکار ہمیشہ حقیقی دنیا میں رہتے ہیں اور انہیں اپنے مداحوں میں اپنی مقبولیت بر قرار رکھنے کے لئے نہ جانے کتنے پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں ۔ایک مرتبہ فنکار مقبولیت کی انتہا کو چھولے تو پھر اس کا ہر قدم یا اس کی ہر بات خبر بن جاتی ہے ۔
شوبز کے آسمان پر چمکنے والے ستاروں کی چالوں پر سب کی نظر ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود ان چمکتے ستاروں کے حوالے سے تجسس برقرار رہتا ہے جو بسااوقات اسکینڈل کی بنیاد بھی بن جاتا ہے اور فنکار کی مقبولیت پھر بھی بڑھتی ہی چلی جاتی ہے ۔
 ہالی وڈ فنکارائیں اداکاری کیساتھ ساتھ اپنی سدا بہار دلکشی کی وجہ سے بھی لوگوں کے دلوں پر راج کرتی ہیں ۔

(جاری ہے)

ایسی خو بروفنکاراؤں کی ایک طویل فہرست ہے جن میں ایک نام جینیفر لوپیز (جے لو)کا بھی ہے جو مسلسل اپنے مداحوں کے دلوں پر راج کررہی ہیں ۔یہ ہالی وُڈ گلوکارہ اور اداکارہ ماضی میں تین شادیاں کر چکی ہیں لیکن تینوں ہی اختلافات کے باعث علیحدگی پر منتج ہوئیں ۔اب وہ چوتھی بار گھر بسانے کی تیاریوں میں ہیں اور انہوں نے سابق بیس بال کھلاڑی ایلکس روڈریگیوز(Alexander Emmanuel Rodriguez )سے منگنی بھی کرلی ہے جس کی تصاویر انہوں نے انسٹا گرام پر شےئر کی ہیں جس میں دونوں ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنا رہے تھے جبکہ روڈنے انگوٹھی کی تصویر کیساتھ کیپشن بھی لکھا کہ ”اس نے ہاں کر دی “۔

دونوں ایک دوسرے کو 2017ء سے جانتے ہیں اور جو ڑاجریدے ”وینیٹی فےئر“کے سرورق کی بھی زینت بن چکا ہے جس میں نہیں ”جے روڈ“بھی عرفیت دی گئی تھی ۔رواں سال جنوری میں ایلکس روڈریگیوز نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ میرا اور جینیفرلوپیز کا پس منظر ایک جیسا ہے اور اداکارہ کی نئی فلم ”سیکنڈا یکٹ“اس تعلق کی عکاسی کرتی ہے جو ان دونوں کے درمیان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعی جینیفر اور میری زندگی سے ملتی جلتی ہے ،ہم میں کئی اقدار مشترک ہیں۔
مثلاً ہم دونوں کی پیدائش نیو یارک کی ہے ،دونوں کے آباؤ اجداد لاطینی امریکہ سے تعلق رکھتے ہیں اور والدین تارک وطن ہیں ،دونوں کے دو دو بچے ہیں ،دونوں زندگی کے نشیب وفراز سے گزرے ہیں مگر اب دونوں عمر کی پانچویں دہائی میں داخل ہو چکے ہیں اس لئے ہر ممکن حد تک بہتر زندگی گزارنے اور آگے بڑھنے کی کوشش کررہے ہیں ۔
جینیفر لوپیز کی یہ چوتھی اور ایلکس روڈریگیوز کی دوسری شادی ہو گی ۔
روڈ ر یگیوز بیس بال کے مشہور زمانہ کھلاڑی رہے ہیں ۔دونوں کو ”جے روڈ“کا مشترکہ نام بھی دیا گیا ہے ۔جے لو آج کل این بی سی ٹی وی کے ڈانس ریالٹی مقابلے کی ایگزیکٹو پروڈیوسر بھی ہیں ۔وہ جلد نارتھ امریکہ کے کنسرٹ ٹور پر بھی روانہ ہونے والی ہیں۔
جینیفر لوپیزگلوکاری ،اداکاری اور رقص کے ساتھ ساتھ اپنی خوبصورتی کی وجہ سے بھی مداحوں کے دلوں پر راج کرتی ہیں ۔
اگر چہ زندگی کی 49بہاریں دیکھ چکی ہیں لیکن لگتا ہے کہ وقت بھی انہیں چھوئے بغیر گزررہا ہے ۔24جولائی1969ء کو نیویارک سٹی میں آنکھ کھولنے والی جینیفر لوپیز نے کیرےئر کاآغاز 1991ء میں ”فلائی گرل “ڈانسر کے طور پر کیا 1993ء میں ایکٹنگ میں قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا اور 1997ء میں پہلی بار ایک بائیوپک میں لیڈرول کیا جس پر انہیں گولڈن گلوب کے لئے نامزدگی بھی ملی ۔

اس کے بعد ”اپنا کونڈا“1997ء اور ”آؤٹ آف سائٹ“1998ء میں اداکاری کے جو ہر دکھائے ،
انہیں ہالی وڈ میں سب سے زیادہ کمانے والی لاطیبی امریکن ایکٹریس کا اعزاز بھی حاصل رہا۔
1999ء میں اپنے پہلے البم ”on the 6“کے ذریعے میوزک کی دُنیا میں قدم رکھا،دوسرا البم ”جو لے“کے نام سے سامنے آیا جس کے ساتھ ہی 2001ء میں ان کی رومانٹک کامیڈی ”دی ویڈنگ پلانر“سامنے آئی۔
جے لو پہلی خاتون تھیں جس کی فلم اور البم ایک ہی ہفتے میں پہلے نمبر پر رہی ۔2002ء میں ان کا ری مکس البم ”جے ٹو دی جے لو ،دی ری مکسز “منظر عام پر آیا تو اس نے یو ایس بل بورڈ 200پر نمبر ون ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
اس سال کے دوران تیسرا سٹوڈیو البم This is me Than“ریلیز کرنے کے ساتھ ساتھ وہ”میڈاِن مین ہٹن “میں اداکاری کرتی بھی نظر آئیں ۔2003ء میں ”GiGli“میں اداکاری کی جو ناکام قرار پائی لیکن اس کے بعد انہوں نے ”شیل ووئی ڈانس “اور ”مانسٹراِن لاء “جیسی رومانٹک کامیڈیز میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور یہ دونوں فلمیں بہت پسند کی گئیں۔
2007ء میں ان کا پانچواں سٹوڈیو البم”Como ama ona muter“ریلیز ہوا جس نے پسندیدگی کے ریکارڈ قائم کئے ،اس کے بعد ان پر ناکامی کا ایک دور بھی آیا لیکن وہ جلد اس سے نکل گئیں اور 2001ء میں امریکن آئیڈل کی جج کے طور پر پھر مرکز نگاہ بن گئیں ،اسی دوران اپنا ساتواں سٹوڈیو البم”Love?“ریلیز کیا۔
2016ء میں انہوں نے کرائم ڈرامہ سیریز”شیڈ ز آف بلیو“میں اداکاری اور ایک ریزیڈنسی شو شروع کیا۔
جے لولاطینی امریکہ سے تعلق رکھنے والی بااثر پر فارمر تسلیم کی جاتی ہیں ۔2012ء میں ”فوربز “
نے انہیں دُنیا کی سب سے بااثر سلیبر ٹی اور دُنیا کی 38ویں طاقتور ترین خاتون قرار دیا تھا۔
”ٹائم“میگزین نے بھی انہیں دُنیا کے 100بااثر افراد میں شمار کیا تھا ۔ان کے البم امریکہ میں سب سے زیادہ بکنے کا اعزاز رکھتے ہیں ۔اداکاری ،گلوکاری اور پروڈکشن کے ساتھ ساتھ وہ کلاتھنگ اور خوشبو کے کاروبار بھی کر چکی ہیں ۔
ایک چیر یٹی فاؤنڈیشن بھی چلا رہی ہیں ۔
جے لو کی نجی زندگی کئی حوالوں سے خبروں میں رہی ہے ۔ان کی پہلی شادی اوجنی نوا کے ساتھ ہوئی جو 22فرور1997ء سے جنوری 1998تک چلی جس کے بعد انہیں کئی قانونی پیچیدگیوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔اس کے بعد ان کا پروڈیوسر اور ریپرسین کامبس کے ساتھ رومانس رہا،پھر کرس جوڈ کے ساتھ انہوں نے شادی کرلی جو 29ستمبر 2001ء سے جون2002ء تک چلی ۔
ایکٹر اور ڈائریکٹر بن ایفلک کے ساتھ بھی ان کا معاشقہ زبان زدعام وخاص رہا ،نومبر 2002ء میں دونوں کی منگنی بھی ہوئی اور میڈیا نے جوڑی کو ”بینیفر“کا لقب بھی دے دیا۔
لیکن جنوری 2004ء میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی جس کے بعد جینیفر نے اپنے ویرینہ دوست مارک انتھونی کے ساتھ راہ ورسم بڑھائی اور جلد شادی بھی کرلی۔فروری 2008ء میں دونوں کے ہاں جڑواں بچے (بیٹا مارک اور بیٹی ایمی) پیدا ہوئے ۔
مارک انتھونی کے ساتھ ان کی شادی کو انتہائی کامیاب خیال کیا جارہا تھا اور شائقین کو یقین تھا کہ یہ شادی برسوں چلے گی لیکن ایسا نہ ہو سکا ۔دونوں کی جوڑی کو ایک پاورفل کپل سے بھی تعبیر کیا جاتا تھا ،کاروباری سطح پر بھی دونوں ایک دوسرے کے لیے مضبوط سہارا تصور کیے جاتے تھے ۔
9مئی کو ”جے لو “کا نیا البم ریلیز ہوا تو انتھونی نے اپنی کامیاب شادی کو اس البم کی کامیابی کا حصہ قرار دیا۔
امریکن آئیڈل شو کے دوران بھی مارک انتھونی اپنی بیوی پر مسلسل مہربان دکھائی دے رہے تھے جس میں جینیفر لوپیز بطور جج شریک ہوئی تھیں لیکن اس کے بعد تیرہ دنوں کے اندر اندر یہ شادی اپنے انجام کو پہنچ گئی ۔جون 2014ء میں طلاق فائنل ہوئی ۔اس دوران ان کے سپر سمارٹ کے ساتھ بھی تعلقات رہے لیکن فروری2017ء میں بیس بال پلےئر ایلکس روڈریگیوز(Alex-Rodriguez)کے ساتھ ان کی دوستی کا آغاز ہوا جواب جلد شادی میں بدلنے والی ہے ۔

ایلکس روڈریگیوز نے 2016ء میں بیس بال سے طویل کیرےئر کے بعد ریٹائرمنٹ لی تھی ،اس دوران انہوں نے ایک ورلڈ سیریز ٹائٹل بھی اپنے نام کیا ،وہ چودہ بار آل سٹاررہے اور ان کی جانب سے کار کردگی بڑھانے والی ادویات کے استعمال کے اعتراف نے ان کے کیرےئر کو متنازعہ بنا دیا جس کے بعد وہ 2014ء کے پورے سیزن کے لئے معطل رہے ۔آج کل وہ بیس بال تجزیہ کار کے طور پر کام کر رہے ہیں ۔

جے لو اور روڈ نے رواں برس جنوری کے آخر میں اپنی غذا میں سے 10دن تک چینی نکالنے کے چیلنج پر بھی عمل کیا تھا بعدازاں گلو کارہ نے ایک ٹی وی شو کے دوران بتایا کہ 10روز تک چینی کو خود سے دور رکھنا بہت مشکل ثابت ہوا انہیں صرف سر درد کا ہی نہیں بلکہ ایک نئی حقیقت کا سامنا بھی کرنا پڑا جیسے آپ خود کو پہلے جیسا محسوس نہیں کرتے ۔وہ ہر وقت چینی کے بارے میں سوچتی رہتی تھیں کہ وہ وقت کب آئے گا جب دوبارہ چینی کھاسکوں گی ،آغاز میں یہ چیلنج بہت مشکل تھا ،پہلے تو میں نے سوچا صرف 10دن کی بات ہے ایسے ہی گزرجائیں گے مگر پہلے دن سے ہی مشکل محسوس ہونے لگی ،پھر درمیان کا وقت بھی کچھ مشکل تھا اور آخر میں سب کچھ ٹھیک ہو گیا،اب انہیں چینی کھانے کی خواہش پہلے جیسی نہیں رہی اور اچھا محسوس کرنے لگی ہیں۔

Browse More Articles of Hollywood