Shaan Pakistan Music Achievement Awards

Shaan Pakistan Music Achievement Awards

شان پاکستان میوزک اچیومنٹ ایوارڈز

لاہور میں سجنے والے دوروزہ ایونٹ کا احوال

پیر 8 اپریل 2019

 وقاراشرف
”شان پاکستان“میوزک اور فنون لطیفہ کے حوالے سے ایک اہم پلیٹ فارم ہے ،ہمانصر اس کی روح رواں ہیں۔2015ء میں اس کا آغاز ہوا اور چار مسلسل کامیاب شوز کے انعقاد کے بعد اس بار”شان پاکستان میوزک اچیومنٹ“کے نام سے شوکا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد پاکستان کی میوزک انڈسٹری کو آگے بڑھانا اور نئے ٹیلنٹ کو ایک اچھا پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا ۔
ہمانصر کو اس بار”زی فاؤنڈیشن “کے عرفان پردیسی کا بھی خصوصی تعاون حاصل تھاجو”شان پاکستان میوزک اچیومنٹ“یعنی سیپما“کے
 ایگز یکٹوپروڈیوسر ہیں ۔
یہ ایونٹ پاکستان کی میوزک انڈسٹری کی خدمات کا اعتراف ہے ۔لاہور میں ہونے والے دوروزہ ایونٹ کی پہلی تقریب ”میوزک سمٹ“تھی جو تاریخی شاہی قلعہ میں منعقد ہوئی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اس میوزک سمٹ کے مہمان خصوصی تھے ،گورنر پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم دُنیا کے جس کونے میں بھی رہ رہے ہوں ہمیں اپنا کلچر وہاں ضرور پروموٹ کرنا چاہیے ۔

اس موقع پر تین پینل ڈسکشنز کا اہتمام کیا گیا جس میں پہلی پینل ڈسکشن کا موضوع“آج کے ڈیجیٹل دور میں میوزک کا مستقبل “تھا،اس سیشن میں”پٹاری“کے سی ای او رابیل وڑائچ ،سی اوو”ای ایم آئی پاکستان“ذیشان چودھری ،میوزک نقاد فیصل قریشی اور رانیا درانی نے گفتگو کی ۔
ڈائریکٹر پروگرام ”سیپما“تیمورالرحمن نے اس سیشن کی نظامت کی۔دیگر سیشنز میں ارشد محمود،نامور گلوکارہ ٹینا ثانی ،عرفان پردیسی ،اداکارہ حاجرہ یامین ،فلم ”باجی“کے ڈائریکٹر ثاقب ملک اور نوجوان نسل کے پسندیدہ گلوکار علی ظفر نے موسیقی کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کی۔
انٹرنیٹ کی آمد کے بعد میوزک کے مستقبل پر“سُر اور کہانی“،پر فارمنگ آرٹس میں میوزک کے کردار کے حوالے سے ”میوزک بیانڈبارڈرز“،میوزک پروڈکشن کے ارتقاء کے حوالے سے سیشن ”ایکٹواِزم تھرومیوزک“
اور”میوزک برینڈ ز اینڈ مارکیٹنگ “کے موضوع پر تفصیلی مکالمہ ہوا۔
علی ظفر نے بھی میوزک بالخصوص کلاسیکل اور صوفی میوزک کے حوالے سے گفتگو کی ،علی ظفر نے کہا کہ میوزک کو سمجھنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ۔
اس موقع پر میاں یوسف صلاح الدین ،اداکارہ میرا،ذیشان چودھری ،فیصل قریشی ،سیمی راحیل ،فیشن ڈیزائنر صائم علی دادا،شہزاد نواز ،یوسف بشیر سمیت شوبز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات موجود تھیں ۔شُر کا ء کا کہنا تھا کہ میوزک کی اہمیت کسی بھی طرح کم نہیں ہو سکتی بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ ہوتا جاتا ہے ۔
میرا کی آنے والی فلم”باجی“کے ڈائریکٹر ثاقب ملک کا اس موقع پر کہنا تھا کہ آج کی فلموں میں بہت کم میوزک ہوتا ہے جبکہ ماضی میں فلمیں میوزک کی وجہ سے ہٹ ہوتی تھیں ۔
انہوں نے کہا کہ ان کی فلم
”باجی“میں دس گانے شامل کئے گئے ہیں۔ رات گئے تک جاری رہنے والی میوزک سمٹ میں شُرکاء کو “سیپما“کی جانب سے یادگاری شیلڈز دی گئیں جس کے بعد قوالی گروپ کی خوب صورت قوالی سے تقریب کا اختتام ہوا۔اداکارہ میرا کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کی فلم ”باجی“فلم انڈسٹری میں تہلکہ مچادے گی اور اس فلم میں ایک بالکل نئی میراشائقین کو نظر آئے گی۔

دو روزہ ایونٹ کا اختتام لاہور کے مقامی گالف اینڈکنٹری کلب میں ہونے والی میوزک ایوارڈز تقریب اور کنسرٹ سے ہوا۔اس رنگا رنگ تقریب میں شوبز کی نمایاں ترین شخصیات ،فیشن ڈیزائنرز ،حکومتی نمائندوں ،میوزک اور میڈیا سے وابستہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریڈ کارپٹ پر بھی شوبز ستاروں نے جلوے بکھیرے اور شان پاکستان میوزک اچیومنٹ کو پاکستانی موسیقی کیلئے ایک اچھا پلیٹ فارم قرار دیا۔
احمد علی بٹ ،جگن کا ظم اور فائزہ سلیم نے رنگوں ،روشنیوں اور سُروں سے سجی خوب صورت تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دےئے ور تقریب کو خوبصورتی سے آگے بڑھایا۔
احمد علی بٹ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری بہت تیزی کے ساتھ تبدیل ہورہی ہے ،
جس طرح سے ”شان پاکستان“نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی ،اس کے ساتھ ساتھ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کیلئے ٹیناثانی جیسی فنکارہ کا انتخاب بھی بہترین اقدام ہے ۔

نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے کیونکہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ،اگر کمی ہے تو صرف بہترین پلیٹ فارمز کی جو میرے نزدیک،”شان پاکستان“کی شکل میں اب کم ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ اس موقع پر بہت خوب صورت پر فارمنسز دیکھنے میں آئیں ۔
نامور گلوکار جاویدبشیر ،فریحہ پرویز ،خیبر پختو نخوا سے تعلق رکھنے والے انسٹرومینٹل بینڈ”خماریاں “،
آئمہ بیگ ،عبداللہ قریشی ،ملازم حسین ،سمیع خان ،نتاشاحمیرا اعجاز اور دیگر نے اس موقع پر فن کا مظاہرہ کیا اور سماں باندھ دیا۔
فریحہ پر ویز تقریباً دو سال سے میوزک سے دور تھیں اور ”سیپما “کے کنسرٹ میں انہوں نے پرفارم کرکے میوزک انڈسٹری میں واپسی کا اعلان کیا۔گلوکار شفقت امانت علی نے اپنے مشہورگیت سُنا کر حاضرین سے خوب داد سمیٹی ۔
معروف صوفی سنگر صنم ماروی نے صوفیانہ کلام سُنا کر محفل میں شریک لوگوں کو جھومنے پر مجبور کیا۔اس موقع پر میوزک کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے گلوکاروں اور بینڈز کو ایوارڈز سے بھی نوازا گیا ۔

”سیپما“کی جانب سے نصرت فتح علی خان میوزک اچیومنٹ ایوارڈ کا بھی آغاز کیا گیا اور اس سلسلے کا پہلا ایوارڈنامور گلوکارہ ٹیناثانی کو دیا گیا جو انہوں نے عرفان پردیسی کے ہاتھوں سے وصول کیا
۔
”سیپما“کنسرٹ کی موسیقی نامور گلوکارجاوید بشیر نے ترتیب دی تھی،انہوں نے ”شان پاکستان“کے حوالے سے ایک خصوصی گیت بھی تیار کیا تھا جو کنسرٹ کے دوران پیش کیا گیا۔
کنسرٹ کا آغاز بھی ان کے تیار کردہ ایک خوب صورت الاپ سے ہوا۔اداکارہ میرابھی اس موقع پر سٹیج پر نہ صرف موجودتھیں بلکہ وہ وائلن بجا رہی تھیں۔تقریب کے دوران بیسٹ انڈی پینڈنٹ ٹریک کا ایوارڈجیتنے والے”پوررچ بینڈ“کے عمرخان کی تقریر کا فی جاندار تھی جس میں انہوں نے میوزک سے وابستہ افراد کی حالت زار پرکھل کر روشنی ڈالی اور کہا کہ اللہ کرے وہ دن بھی آئے جب آرٹ صرف مخصوص افراد تک محدود نہ ہواور ہمیں میوزک تقریبات اس طرح خفیہ نہ کرنی پڑیں بلکہ سب عوام ان سے لطف اندوز ہو سکیں ۔
علی ظفر کو ”میوزک آئیکون آف دی جنریشن ایوارڈ“سے نوازا گیا جس کے وہ بجا طور پر مستحق ہیں۔
”شان پاکستان“ایونٹس میں دونوں ملکوں کے فنکار حصہ لیتے رہے ہیں ۔حالیہ ایونٹ میں بھی ہمسایہ ملک سے ریکھا بھر دواج ،ہرش دیپ کو رسمیت کئی فنکاروں نے شرکت کرنا تھی لیکن دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی کشیدگی کے باعث صرف پاکستانی فنکاروں نے ہی ایونٹ میں شرکت کی ۔
ہُما نصر کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ”سیپما“کا مقصد پاکستانی میوزک اور کلچر کو پروموٹ کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی ٹیلنٹ کو ایک اچھا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے ،یہ ان لوگوں کے لئے ایک گیم چینجر ہے جو میوزک کاٹیلنٹ تو رکھتے ہیں لیکن مواقع نہ ملنے کے باعث گمنامی ہیں رہ رہے تھے ۔
ان کا کہنا تھا کہ میوزک کی اہمیت کسی طرح بھی کم نہیں ہو سکتی بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ ہوتا جاتا ہے ۔
میں گزشتہ چند برسوں سے شان پاکستان کے عنوان سے لاہور کراچی میں پروگرام کا انعقاد کررہی ہوں جس کا مقصد صرف اور صرف پاکستان کے کلچر اور میوزک کو فروغ دینا ہے ۔اس سلسلہ میں مجھے بہت سے اچھے لوگوں کا ساتھ ملا جن کی بدولت یہ ایونٹ کامیاب ہو سکا ،میرے لیے اس سے بڑی کوئی دوسری کامیابی نہیں ہو سکتی کیونکہ دو روزہ پروگرام میں جس طرح لوگوں نے شرکت کی اور ہماری کاوشوں کو سراہا اس پر میں بے حد خوش ہوں ۔

’شان پاکستان“کے بینر تلے مجموعی طور پر ملک کے 11گلوکاروں اور بینڈز کو ایوارڈز سے نوازاگیا۔
اُستاد نصرف علی خان کے نام سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈان کے علاوہ تھا۔جاوید بشیر نے شان
 پاکستان ایونٹ میں اپنے بیٹے جنید بشیر کو بھی متعارف کروایا۔میاں یوسف صلاح الدین شان پاکستان میوزک ایوارڈز جیوری کے سربراہ تھے۔

Browse More Articles of Other