Janun Ishq

Janun Ishq

جنون عشق

جدید ٹیکنالوجی پر بنائی گئی اور فیچرفلم پاکستان فلم انڈسٹری کی رونقیں بحال کردے گی

بدھ 10 اپریل 2019

 سیف اللہ سپرا
پاکستان فلم انڈسٹری نے اب بحالی کی طرف سفر شروع کر دیا ہے ۔گذشتہ چند برسوں سے اچھی اور معیاری فلمیں بن رہی ہیں ۔
جن میں جوانی پھر نہیں آنی ،جوانی پھر نہیں آنی2،طیفاان ٹربل،لوڈویڈنگ ،رانگ نمبر،پرواز ہے جنون،آزادی ،سات دن محبت ان ،دی ڈونکی کنگ ،وجود،نہ بینڈ نہ باراتہ ،وار،مان جاؤ ناں،تین بہادر،پنجاب نہیں جاؤں گی ،یلغار ،نامعلوم افراد ،نامعلوم افراد 2ء مہر النساوی لب یو،اور چلے تھے ساتھ شامل ہیں۔
حال ہی میں ایک فلم”جنون عشق“کے نام سے بنائی گئی ہے جس کی ڈائریکشن نسیم حیدر شاہ نے دی ہے ۔نسیم حیدر شاہ کا شمار فلمی صنعت کے سینئر ترین ہدایتکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے درجنوں کی تعداد میں سپرہٹ فلموں کی ہدایات دیں ۔
انہوں نے زیادہ تر فلمیں منور ظریف مرحوم کے ساتھ بنائیں ۔

(جاری ہے)

بعدازاں ان کی فلموں میں سلطان راہی اور مصطفی قریشی بھی جلوہ گرہوئے ۔

ان کی مشہور فلموں میں”جانوکپتی،بندے دا پتر،مچلے خان،کل کل میرا ناں ،ہیرا پھُمن ،گڈی ،رجو ،اقبال جرم،ٹھگ بادشاہ ،مس افلاطوان ،خونی شعلے ”اور دیگر شامل ہیں ۔نسیم حیدر شاہ نے پہلی بار جدید تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے ”جنون عشق“بنائی ہے جس کی نمائش کی تیاریاں جاری ہیں ۔فلم کے پروڈیوسراصغر علی ہیں جو اس سے قبل دو چھوٹے بجٹ کی فلمیں ریلیز کر چکے ہیں ۔

ان میں سرائیکی فلم ”جندڑی “اور پنجابی”لفنگا“شامل ہیں ۔یہ ان کی بڑے بجٹ کی پہلی فلم ہے جس کی پوسٹ پروڈکشن بنکاک سے کرائی گئی ہے ۔فلم کے مصنف واجدزبیری ،موسیقار ایم ارشد اور کوریو گرافر پپو سمراٹ ہیں ۔کاسٹ میں عدنان خان ،ماہی خان،شاہد ،ماہ نور،آفرین پری ،لکی ڈےئر،راشد محمود ،اچھی خان،عامر قریشی اور دیگر شامل ہیں ۔نسیم حیدر شاہ نے بتایا کہ فلم کی کہانی ایک اہم معاشرتی موضوع پر مبنی ہے جس میں ایک امیر زادی سے اتفاقاًقتل ہو جاتا ہے لیکن اسے سزاجیل کی بجائے ایک گھر میں کاٹنا پڑتی ہے جس میں اسے آزادی بھی ہوتی ہے ۔

لیکن جب وہ لڑکی محبت کا شکار ہو جاتی ہے تو اس سے جنون کی حد تک عشق کرنے والا نوجوان حشر باپر کر دیتا ہے۔فلم کی کہانی میں کئی موڑ ایسے آتے ہیں جو فلم بینوں کی توجہ کو مرکز بنیں گے ۔فلم میں امیر زادی کا کردار ماہی خان نے ادا کیا ہے اور اس کے والد سیٹھ کے کردار میں ماضی کے معروف ہیروشاہد جلوہ گرہونگے ۔ہیرو کا کردار عدنان خان نے ادا کیا ہے اور ولن کے کردار میں عامرقریشی کا انتخاب کیا گیا ہے ۔
فلم کے نغمات گلوکارراحت فتح علی خان،سائرہ نسیم اور حمیراچناکی آواز میں ریکارڈ کیے گئے ہیں ۔فلم کی نمائش 12اپریل کوکرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کی تشہیری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
فلمساز اصغرعلی نے کہا کہ مجھے اس فلم سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں کیونکہ میں نے اس پر کثیر سرمایہ کاری کے علاوہ خود بہت محنت کی ہے ۔اس سے قبل چھوٹے بجٹ کی دو فلمیں بنا کر میں نے سیکھنے کی کوشش کی۔
میں فلم کی پوسٹ پروڈکشن کیلئے جب بنکاک گیا تو وہاں بھی اسے بہت پسند کیا گیا۔فلم کی شوٹنگ جدید کیمرے سے کی گئی ہے اور فنکاروں نے بھی بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے ۔فلم کی نمائش کے حقوق حاجی عبدالرشید المعروف حاجی شیرا کے تقسیم سازادارے شیر افلمز نے حاصل کیے ہیں ۔
ڈسٹری بیوٹر نے پاکستان کے تمام شہروں کے ڈیجیٹل سینما گھروں کے ساتھ معاہدے کرلیے ہیں۔

اداکار عدنان خان نے کہا کہ فلم کی کہانی عام موضوعات سے قطعی مختلف اور منفرد ہے جس میں کام کرکے بہت اچھا لگا۔
اداکارہ ماہی خان نے کہا کہ میں نے اب تک جتنی بھی فلموں میں کام کیا،یہ ان سب سے بہترین ہے ۔اس میں میرے گانے بھی بہت شاندار ہیں ۔ہدایتکار نسیم حیدر شاہ نے میری بہت رہنمائی کی اور ان کی سر پرستی کی وجہ سے میں نے اپنے کردار کو خوبصورتی سے نبھایا ہے۔
میں پر امید ہوں کہ”جنون عشق“میں میری اداکاری کو پسند کیا جائے گا۔
اداکاری عامر قریشی نے کہا کہ اگر کردار جاندار ہوتو پر فارم کرنے میں بھی مزا آتا ہے ۔مجھے پہلی بار کسی فلم میں ایک جاندار کردار ادا کرنے کا موقع ملا ہے ۔فلم میں میرا مرکزی کردار ہے جسے پر فارم کرکے بہت خوشی ہوئی ۔فلم میں مجھے عشق کا جنون سوار ہوتا ہے اور اس کا انجام شائقین فلمی سکرین پر دیکھیں گے ۔
میں سمجھتا ہوں کہ مجھے اس فلم میں اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع پر ملا ہے ۔امید ہے کہ فلم بین اسے پسند کریں گے۔
اداکار راشد محمود نے کہا کہ میں نے فلم میں سیٹھ کے منیجر کا کردار ادا کیا ہے اور عامر قریشی نے میرے بیٹے کا کردار نبھایا ہے۔اس فلم میں عامر قریشی نے اپنی شاندار اداکاری سے ثابت کر دیا کہ وہ واقعی اپنے والد مصطفی قریشی کے جانشین ہیں ۔مجھے بہت خوشی ہوئی کہ فلم انڈسٹری کو نوجوان نسل میں اچھے فنکار مل رہے ہیں۔مجھے فلم کی کہانی بہت پسند آئی ہے۔میں توقع رکھتا ہوں کہ ”جنون عشق“سپرہٹ ہو گی۔
اداکارہ ماہ نور نے کہا کہ فلم جنون عشق میں میں نے ٹائٹل سونگ کیا ہے ۔فلم کا سبجیکٹ بہت اچھا ہے امید ہے کہ میری یہ فلم لوگوں کو پسند آئے گی۔

Browse More Articles of Other