Pothohar Ki Saqafat Ke Anokhay Rang

Pothohar Ki Saqafat Ke Anokhay Rang

پوٹھوہار کی ثقافت کے انوکھے رنگ

ثقافت کسی بھی قوم اور خطہ کی پہچان ہوتی ہے اور جو قومیں اپنی شناخت کو بھول جاتی ہیں تباہی وبربادی ان کا مقدربن جاتی ہے۔ پاکستان کے چاروں صوبے بشمول گلگت بلتستان اور فاٹا اپنی اپنی ثقافت سے بھرپور ہیں اور اپنی اپنی الگ شناخت رکھتے ہیں

ہفتہ 20 اپریل 2019

سیف اللہ سپرا

ثقافت کسی بھی قوم اور خطہ کی پہچان ہوتی ہے اور جو قومیں اپنی شناخت کو بھول جاتی ہیں تباہی وبربادی ان کا مقدربن جاتی ہے۔ پاکستان کے چاروں صوبے بشمول گلگت بلتستان اور فاٹا اپنی اپنی ثقافت سے بھرپور ہیں اور اپنی اپنی الگ شناخت رکھتے ہیں۔

اسی طرح پنجاب فن و ثقافت سے بھرپور ایسا صوبہ ہے جہاں ہرکونہ دیدہ زیب، دلکش ہے اور بھرپور ثقافت سے مزین ہے۔ پنجاب آرٹس کونسل اسی ثقافت کا امین ہے اور 1975 سے اس پلیٹ فارم کے ذریعے پنجاب کی ثقافت کے فروغ اورتحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ جب سے مس ثمن رائے صاحبہ نے ایڈیشنل سیکرٹری کلچرکا چارج سنبھالا ہے پنجاب آرٹس کونسل ایک متحرک ادارے کے طور پر سامنے آیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے وژن نے ثقافت کی سرپرستی سے نہ صرف ملازمین بلکہ فن وثقافت سے وابستہ لوگوںکے دل جیت لیے ہیں۔ آرٹسٹ خدمت کارڈ کا اجراء ہویا ادارے کی تشکیل نوہومس ثمن رائے ہر جگہ متحرک نظر آتی ہیں۔ اسی طرح فوک سٹوڈیوکا آغاز بھی انہی کا مرہون منت ہے۔ فن و ثقافت کی ترویج کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے پنجاب کی تمام آرٹس کونسلوں کو ہدایات دیں کہ ہر ہفتے ایک کونسل لاہور کے اوپن ائیر تھیٹر باغ جناح کواپنے علاقے کی ثقافت کو پیش کرے تاکہ وہاں کے آرٹسوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحتیوں کے جوہر دکھانے کا موقع ملے۔
اسی سلسلے میں راولپنڈی آرٹس کونسل نے 30 دسمبر کو پنجاب آرٹس کونسل کے زیراہتمام فوک سٹوڈیو کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پوٹھوہار کلچرل شوکے عنوان سے ایک شاندار پروگرام پیش کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری عمر رسول کلچرل شوکے مہمان خصوصی تھے اور خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے بغیر پروٹوکول کے حاضرین میں بیٹھ کرپوراپروگرام دیکھا۔ ان کے علاوہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل کیپٹن(ر) عطا محمد خان بھی مہمانِ خاص کے طورپرشریک ہوئے۔
پروگرام کی ترتیب کچھ اس طرح سے تھی کہ خطہ پوٹھوہار سے معروف دستکاربھی کلچرل شوکی زینت بنے۔ شفیق احمدنے گندھارہ آرٹ، فوزیہ ناہیدنے روائتی گڑیا، ذوالفقار غازی نے پیپر ماشی، مختار ڈار نے نمدہ گبہ اور صدف نثارنے موتی کاری کے سٹال لگائے ہوئے تھے جو بہت دلکش تھے۔ راولپنڈی آرٹس کونسل نے پورے ڈویژن سے فنکاروں کونمائندگی دی اور ہر علاقے کی ثقافت پیش کی۔
فنکاروں میں وحید مراد، ارشد محمود، گڑیا پاکستانی، سائیں امجد محمود، نمبردار مرتضی، سائیں مشاق، اعجاز مراتب، خادم علی، علی سردار، عمران رشدی، حمید بابر اور لیلیٰ جٹی شامل تھے۔ خطہ پوٹھوہار کے فنکاروں نے لوک رقص، گیت، سیف الملوک اور میوزیکل پرفارمنس کے ذریعے خوب داد وصول کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری عمر رسول نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطہ پوٹھوہار کی ثقافت خوبصورت رنگوں کا امتزاج ہے اورآج کی پرفارمنس دل موہ لینے والی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ فنکار ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں اور صوبے کے دور دراز علاقوں سے ہمارے فنکار پرفارم کرنے کے لئے آئے جو قابل ستائش ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری کلچر ثمن رائے نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ فوک سٹوڈیوکے ذریعے نئے لوک فنکارمتعارف ہوں گے اور ان کا کام محفوظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کامیاب پوٹھوہار کلچرل شوکے انعقاد پر ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمدکو مبارکباد دی۔
اس موقع پر پنجاب آرٹس کونسل کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ثمن رائے نے کہا کہ پنجاب آرٹس کونسل کو اب ضلع کی سطح پر لے جایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں گجرات اور بھکر میں کام کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ شیخوپورہ میں جلد اس حوالے سے کام شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب آرٹس کونسل ملک کا ایک بڑا ثقافتی ادارہ اور اس پلیٹ فارم سے بہت سے مفید پروگرام شروع کئے جا سکتے ہیں۔
جب ضلع کی سطح پر پنجاب آرٹس کونسل کے دفاتر قائم ہو جائیں گے تو وہاں پر پورا سال ثقافتی اور ادبی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا جس کی بدولت نہ صرف نوجوان نسل صحت مند سرگرمیوں میں مصروف ہو گی بلکہ ملک میں امن کے قیام کی بھی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی اور ادبی سرگرمیوں کو فروغ دے کر ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ پنجاب آرٹس کونسل کے زیراہتمام ملک کے ثقافتی مرکز لاہور کے خوبصورت ترین مقام باغ جناح کے اوپن ائر تھیٹر میں راولپنڈی آرٹس کونسل نے جو شو پیش کیا وہ حاضرین نے بہت پسند کیا۔ شو میں پرفارم کرنے والے فن کار اس عمدگی اور لگن سے پرفارم کر رہے تھے کہ اوپن ائر تھیٹر خطہ پوٹھوہار کا ہی کوئی علاقہ نظر آ رہا تھا۔ حاضرین خطۂ پوٹھوہار کے فن کاروں کی پرفارمنس سے خوب محظوظ ہوئے اور انہیں دل کھول کر داد دی۔

لاہور کے ثقافتی حلقوں نے پنجاب آرٹس کونسل کے زیراہتمام منعقد ہونے والے منفرد ثقافتی شو کا زبردست خیرمقدم کیا ہے اور پنجاب آرٹس کونسل کے ذمہ داران اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یہ سلسلہ جاری رکھا جائے اور پنجاب کے ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کے بعد سندھ‘ بلوچستان‘ کے پی کے اور گلگت بلتستان‘ کشمیر کے ساتھ اشتراک سے ثقافتی شوز منعقد کئے جائیں تاکہ زندہ دلان لاہور پورے ملک کی ثقافت سے آشنا ہو سکیں۔ ان شوز سے نہ صرف ملک بھر کے فنکاروں کو پرفارمنس کا موقع ملے گا بلکہ پورے ملک کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا اور امن کو فروغ ملے گا۔

Browse More Articles of Other