Alhamra Art Council - Saqafti Sargarmiyon Ka Markaz

Alhamra Art Council - Saqafti Sargarmiyon Ka Markaz

الحمراآرٹس کونسل۔ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز

معروف گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب آئل پینٹنگ ورکشاب،چلڈرن تھیٹر ورکشاب اور الحمرالائیومیں شائقین کی بڑی تعداد میں شرکت

منگل 25 جون 2019

 سیف اللہ سپرا
حکومت پاکستان اور پاک فوج کی کوششوں سے ملک میں کافی حد تک امن بحال ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں وطن عزیز میں تجارتی ،سیاسی،سماجی،ادبی خصوصاً ثقافتی سرگرمیوں میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے۔ثقافتی سرگرمیوں کے حوالے سے لاہور کا ایک خاص مقام ہے یہ شہر ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز ہے اور اس شہر کا ثقافتی مرکز لاہور آرٹس کونسل (الحمرا)ہے جہاں کوئی دن بھی ایسا نہیں ہوتا جس میں کوئی نہ کوئی پروگرام پیش نہ کیا جارہا ہو۔
عوامی دل چسپی کے پیش نظرنت نئے معیاری پروگرام الحمراکے پلیٹ فارم کی زینت بن رہے ہیں ۔
جس کی بدولت ثقافتی پاکستان پھل پھول رہا ہے۔فنون لطیفہ کے تمام شعبوں میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کئے جارہے ہیں ۔وہ چاہے موسیقی کا شعبہ ہو یا فائن آرٹ کا نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں لاہور آرٹس کونسل پیش پیش ہے ۔

(جاری ہے)

اس ہفتے الحمرا آرٹس کونسل نے نامور گلوکار عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کے ساتھ ایک خوبصورت شام کا انعقاد کیا۔

نوجوان مصوروں کی تربیت کے لئے پانچ روزہ”آئل پیٹنگ ورکشاب“کا انعقاد کیا گیا۔
اس ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے اظہار خیال کرتے ہیں ایگز یکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل اطہر علی خان نے کہا کہ ہمارا مصور تصویروں کے ذریعے سماج کی خدمت کا آرزومند ہے ،مصوری کی نئی جہتوں میں آنے والی مثبت تبدیلیاں خوش آئند ہیں ،ورکشاپ کا مقصد جہاں نوجوان مصوروں کو نئے رجحانات سے متعارف کروانا ہے وہاں مصوری کی اقدار کی پرورش کرنا بھی ہے ۔
انھوں نے کہا کہ ورکشاپ نوجوان مصوروں کے تخلیقی سفر کا خوبصورت آغاز ثابت ہو گی ،ورکشاپ میں نئے آرٹسٹوں کوعصر حاضر کے چیلنجزسے روشناس کروایا جائے گا۔
ورکشاپ کی افتتاحی تقریب میں نامورآرٹسٹ ڈاکٹر راحت نوید مسعود نے خصوصی شرکت کی اور کہا کہ ورکشاپ کا انعقاد الحمرا کا احسن اقدام ہے ،یہ ورکشاپ نوجوان مصوروں کی سوچ پر مثبت اثرات مرتب کرائے گی،نوجوان شہرہ آفاق اساتذہ کی تکنیک اور تجربہ سے مستفید ہو سکیں گے۔
ورکشاپ میں 25نوجوان آرٹسٹ شرکت کررہے ہیں ۔ورکشاپ 21جون تک جاری رہی ڈائریکٹر آرٹس اینڈ کلچر ذوالفقار علی زلفی کہا کہ الحمراکے اقدامات کی بدولت ملک میں ادب ثقافت کی ترویج کے لئے فضاء ساز گار ہوگئی ہے ،اس ورکشاب میں ایسے مستند اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو فائن آرٹ کے ہر پہلو ،ہر جز اور ہر زاویے کو بڑی عمدگی سے بیان کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ مصوری میں ہر روز جدت آرہی ہے جن سے نوجوانوں کی مہارت کو ہم آہنگ کرنا لاہور آرٹس کونسل کی ذمہ داری ہے جس کا بھر پور مظاہرہ الحمراکے پلیٹ فارم مختلف پروگرامز کے انعقاد کی صورت کیا جارہا ہے ۔ورکشاپ میں شرکت کرنے والے نوجوانوں نے ورکشاپ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا۔ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں تمام شرکاء کو سرٹیفیکیٹ دےئے گئے۔
الحمرامیں ہم سے جدا ہوجانے والے ادیب و دانشور ڈاکٹر انور سجاد کی یاد میں ایک تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا ۔تقریب میں میاں اعجاز الحسن ،منیزہ ہاشمی،توقیر ناصر ،اصغر ندیم سید،خالد عباس ڈار اور پریا سجاد نے ڈاکٹر انور سجاد کے فن اور شخصیت پر اظہار خیال کیا۔
چےئرمین الحمراتو قیر ناصر نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر انور سجاد جیسے دانشور صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں ،انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنے فنکاروں کو وہ مقام دینا ہو گا جس کے وہ مستحق ہیں۔
خالد عباس ڈارنے ڈاکٹر انور سجاد کے ساتھ بیتے دن کی یادیں تازہ کیں اور کہا کہ ڈاکٹر انور سجاد نے سچی لگن اورجذبے سے کام کیا۔منیزہ ہاشمی نے ڈاکٹر انور سجاد کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر انور سجاد ایک عمدہ لکھاری ،متاثر کن ادیب اور رجحان ساز ڈرامہ نگار تھے،انھوں نے کئی شعبوں میں اپنی مہارت کا لوہا منوایا،نقاد بھی ان کے کام کے بے حد معترف تھے،انھوں نے افسانہ نگاری میں نئی تکنیک دریافت کی۔

ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل اطہر علی خان نے ڈاکٹر انور سجاد کو خوبصورت انداز میں یاد کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر انور سجاد ہماری زبان وادب میں ایک درخشاں باب ہیں ،ان کی شخصیت کے کئی پہلو ہیں، انھوں نے فنون لطیفہ کی جس صنف میں خود کو آزمایا پوری محنت اورجستجوسے کامیاب ہوئے ۔میاں اعجاز الحسن نے تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر انور سجاد کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،وہ بے حد منفرد پینٹر تھے ۔
نامور ادیب اصغر ندیم سید نے اپنے تاثرات میں کہا کہ ڈاکٹر انور سجاد نے ادب کی جس جس صنف میں کام کیا اسی کو جدیت سے ہم کنار کیا ،ان کی فکر معاشرتی ترقی کے خواں تھی،انھوں نے اپنے قلم کے ذریعے مسلمہ اقدار کی ترجمانی کی۔
بچوں کے لئے 17روزہ تھیٹر ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ورکشاپ میں 8سال سے 17سال تک کے بچوں کو سٹیج ڈرامہ اور اداکاری کی تربیت حاصل کررہے ہیں ،ورکشاپ کے پہلے روزایگز یکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل اطہر علی خان نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ بچوں کا اداکاری وتھیٹر کے شعبے میں دل چسپی دیکھ کر بہت اچھا لگا،بچوں کو اس تربیتی ورکشاپ کی اشد ضرورت تھی ،جس کا آغاز کردیا گیا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا ۔

انھوں نے کہا کہ بچوں کا ان کی صلاحیتوں کے مطابق عملی میدان کا انتخاب کروانا وقت کی ضرورت ہے ،الحمراکے پلیٹ فارم سے تربیت حاصل کرنے کے بعد انہی بچوں سے مستقبل کے سٹاربنے گے ،تھیٹر اور اداکاری میں پاکستان دنیا بھر میں اپنی ایک الگ اور منفرد پہچان رکھتا ہے ،ہمارے اداکاروں میں ملک وقوم کا نام روشن کیا ہے ،اس شعبہ کی ترویج وترقی میں الحمراکا کردار مثالی ہے جبکہ دوسری طرف الحمرامیں جاری ”آئل پیٹنگ ورکشاپ“میں نوجوان مصور بے حد محنت سے سیکھ رہے ہیں ،اساتذہ ورکشاپ میں شرکت کرنے والوں نوجوان مصوروں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ الحمراآرٹ کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات کررہا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔
لاہور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ہفتہ وارٹیلنٹ شو”الحمرا لائیو“کا انعقاد ہوا۔الحمرالائیو میں نئی سر یلی آوازیں فضاء میں گونجتی رہیں جنہیں حاضرین کی بڑی تعداد نے سراہا۔ایگر یکٹوڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے اس حوالے سے کہا کہ الحمرافنون لطیفہ کے ہر شعبہ میں نوجوانوں کو مواقعوں کی فراہمی میں خصوصی اقدامات کررہا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں، انھوں نے کہا کہ ہمارا نوجوا ن فائن آرٹ اور موسیقی،اداکاری کے علاوہ تمام شعبوں میں بے پناہ صلاحیتیں رکھتا ہے جس کے پیش نظر الحمرا میں الحمرا لائیو اور ورکشاپ کروائی جارہی ہیں جہاں اساتذہ بے حد محنت کررہے ہیں اور نوجوان بھی پوری دلچسپی ظاہر کررہے ہیں۔

الحمرالائیومیں پر فارم کرنے والوں نوجوانوں نے اپنے تاثرات میں کہا کہ سہ پہر کے وقت الحمرا کی عمارت کے سائے میں شائقین کی بڑی تعداد کی موجودگی میں اپنے فن کا مظاہرہ کرکے بے حد خوشی ہوتی ہے ،اپنے فن کو نکھارنے کا موقع ملتا ہے جس پر ہم الحمرا انتظامیہ کے بے حد شکر گزار ہیں۔الحمرالائیو میں نوجوان اپنے اساتذہ کے سامنے جب براہ راست پر فارم کرتے ہیں تو ان کا اعتماد دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے ۔علاوہ ازیں ایگز یکٹوڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے کنئیر ڈکالج کی طالبات کے فن پاروں کی نمائش کا افتتاح بھی کیا اور طالبات کا کام دیکھا۔

Browse More Articles of Other