2019ء کی شاہکار ہالی وڈفلمیں

پاکستانی سینما گھروں میں بھر پور پذیرائی بھارتی فلموں پر پابندی سے انہیں فائدہ ہوا

ہفتہ جولائی

2019 ki shahkaar hollywood filmy
 سماح علی
پاکستان میں بھارتی فلموں پر لگنے والی پابندی پاکستانی اور ہالی وڈ فلموں کیلئے یکساں مفید ثابت ہوئی ہے۔ہالی وُڈ کا چرچہ تو پاکستانی سینما گھروں میں شروع سے رہا ہے اور پاکستانی عوام ہالی وُڈفلموں میں استعمال ہونے والے دلچسپ وحیرت انگیز خیالات اور اس کی تصوراتی دنیا کو فلم کے پردے پر دکھانے کی قابلیت کی وجہ سے شروع سے ہی ان فلموں کے دلدادہ ہیں۔

ہالی وُڈ خوابوں کی وہ دنیا ہے جہاں ستارے جنم لیتے ہیں اور جہاں خوش قسمت اور قابل لوگ دنیا میں اپنے ہنر کی بنیاد پر راج کرتے ہیں ۔ان فلموں کے اچھوتے اور نت نئے موضوعات نیز حقیقت کے قریب تر اداکاری پاکستانی فلم بینوں کو سینما ہال میں کھینچ لاتی ہے ۔ہر سال ہالی وڈ کی بہت سی فلمیں سینما گھروں کی زینت بنتی ہیں جن میں سے کچھ باکس آفس پر بہت اچھا بزنس کر لیتی ہیں تو کچھ کو ناکامی کا منہ بھی دیکھنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

ذیل میں 2019ء کے دوران اب تک پاکستانی سینماؤں کی زینت بننے والی ہالی وڈ فلموں کا جائزہ پیش کیا جارہا ہے ۔
ونس اپون اے ٹائم ان ہالی وڈ:
اس فلم نے ریلیز سے پہلے ہی ریٹنگز کی دوڑجیت لی ہے جس سے اس بات کا اندازہ ہوتاہے کہ شائقین کو اس فلم کی ریلیز کابے صبری سے انتظارہے۔کونٹن ٹارنٹینو کی یہ نویں فیچرفلم ہے جو کہ1969ء کے لاس اینجلس کو ذہن میں رکھ کر بنائی گئی ہے۔

جب ہالی وڈ اپنے سنہرے دور سے گزر رہا تھا۔اس فلم کی کہانی دو مرکزی کرداروں رک ڈالٹن ،جوکہ1950اور1960ء کی دہائی میں مغربی ٹی وی سیریز کے مشہور اداکار تھے،اور ان کا اسٹنٹ ڈبل کلف بوتھ ہیں جو ہالی وڈ کی بدلتی ہوئی دنیا میں اپنا سابقہ مقام بنانے اور قدم جمانے کی کوشش میں ہیں،کے گردگھومتی ہے ۔رک ڈالٹن کا کردار لیو نارڈوڈی کیپریواور اُن کے اسٹنٹ ڈبل کا کردار براڈپٹ نبھارہے ہیں۔

رک ڈالٹن اپنے کیرئیر کا اختتام دیکھ کر دُکھی ہیں اور ہر جگہ اپنے دوست کلف بوتھ کے ساتھ جاتے ہیں جو کہ دوستی کا حق ادا کرتے ہوئے ہمیشہ اپنے دوست کے خود ترسی کے عالم میں بہنے والے آنسوؤں کو پونچھنے کے لیے تیار رہتے تھے۔فلم میں رک اس بات سے بہت متاثر تھے کہ مشہور اداکارہ شیرون ٹیٹ ان کے ہمسائے میں رہتی ہیں۔یہ فلم کامیڈی سٹائل میں لکھی گئی ہے اور اس میں بروس لی کاکردار بھی متعارف کروایا گیا ہے جس کے باعث فلم کے چرچے مزید بڑھ گئے ہیں۔

ابھی تک اس فلم کے بارے میں بہت مثبت خیالات سننے میں آئے ہیں اور شائقین اس فلم کی کاسٹ سے بہت خوش ہیں جیسے کہ لیونا رڈوڈی کیپریو اور براڈپٹ دونوں ہی عوام کے دل پر راج کرنے والے اداکار ہیں۔ ٹارنٹینو نے فلم کی بہت چیزیں ابھی راز رکھی ہیں جنہیں جاننے کے لیے لوگ بہت بے تاب ہیں ۔اس فلم کا باکس آفس پر بھی اچھا بزنس کرنے کا امکان ہے۔
ایونجرزاینڈگیم:
2018ء میں ریلیز ہونے والی فلم ایونجرز:انفینیٹی وارزمیں تباہ کن حالات دکھائے گئے تھے اور فلم کے آخر میں پوری دنیا کو بربادی کی حالت میں دکھایا گیا تھا۔

بچے ہوئے تمام ساتھیوں کو اکٹھا کرکے ایونجرز ایک بار پھر سے اکٹھے ہوئے تاکہ تھانس کی کی گئی غلطی کو سدھاراجاسکے اور دنیا میں توازن بر قرار رکھا جاسکے اور اسی کوشش میں نئی فلم ایونجرز اینڈ گیم وجود میں آئی۔2019ء میں ریلیز ہوئی اس فلم نے باکس آفس پر اپنے جلوے بکھیردیے ہیں ۔اس فلم میں رابرٹ ڈاؤنی(آئرن مین)کا کردار ٹونی سٹارک،کرس ایونس(کیپٹن امریکا)کا کردار سٹیوروجرز،تھوڑکاکردار کرس ہمز ورتھ نبھارہے ہیں اور ان کے علاوہ بھی اور بہت سے دلچسپ کردار ہیں جو شائقین کے پسندیدہ ہیں ۔

انتھونی اور جو روسو کی لکھی جانے والی یہ فلم2012ء میں ریلیز ہونے والی فلم ایونجرز2015ء میں ایونجرز:ایج آف الٹرون اور2018ء میں ریلیز ہونے والی ایونجرزانفینیٹی وارکا اگلا اور آخری حصہ ہے۔اس فلم کے بارے میں مختلف قسم کی رائے موصول ہوئی ہیں جن میں بیشتر کا خیال یہی ہے کہ اس فلم نے ایونجرز کا بہت بہترین طریقے سے اختتام کیا ہے ۔بعض لوگوں کا خیال یہ بھی تھا کہ یہ فلم ایونجرز سیریز کا بہترین اختتام ہے مگر یہ بذات خود ایک بہت بہترین فلم نہیں تھی کیونکہ اس فلم کا اپناکوئی مقصد نہیں دکھایاگیا سوائے اس کے کہ یہ اس سیریز کا اختتام ہے۔

چنانچہ شائقین کے اس فلم کے بارے میں ملے جلے تاثرات ہیں۔
دی لائن کنگ:
جون فاوریوز کی ڈائریکٹ کی گئی فلم دی لائن کنگ ہمیں افریقین سوانا کے جنگلوں میں لے جاتی ہے جہاں مستقبل کا ایک بادشاہ پیدا ہوتا ہے ۔سمبا کی پیدائش پر پورے جنگل میں جشن کا سمان ہوتا ہے اور یہ پیشین گوئی کی جاتی ہے کہ سمبا اپنے باپ مفا سا کو اپنا آئیڈیل مانے گا اور اپنی شاہی تقدیر لے کر اسی کے نقش قدم پر چلے گا۔

مگر سلطنت میں ہر کوئی اس کی پیدائش پر خوش نہیں ہے اور مفاساکابھائی جو کہ سمبا کی پیدائش سے پہلے تخت کاوارث تھا،اس کی پیدائش کے بعد بھی تخت وتاج اپنے پاس رکھنے کے لیے منصوبہ بندی کر چکا تھا۔پرائیڈروک جنگ کودھو کے بازی سے پامال کیا گیا جو سمبا کے جنگل سے نکالے جانے کا باعث بن گیا۔اب سمبا واپس اپنے دوستوں کی مدد سے اپنے تخت تک واپس کیسے پہنچے گا اس بات کا علم 19جولائی2019ء کو اس فلم کی دنیا بھر میں ریلیز کے بعد اسے دیکھنے والے جان چکے ہیں۔

والٹ ڈزنی کے بینر تلے بنائی جانے والی یہ فلم1994ء میں ریلیز ہونے والی اپنی ہم نام فلم کاریمیک ہے ۔اس فلم میں سمبا کا کردار ڈونلڈگلوور،نالہ کا کردار بیونسے نولسے ،سکار کا کردار چیوتل ایجیوفور،مفاساکاکردار جیمز ارل جو نزاورپمبا کا کردار سیتھ روجن نبھار ہے ہیں۔اس فلم کے بارے میں بھی مختلف قسم کی آراء موصول ہوئی ہیں جس میں اس میں شامل کیے گئےvisual effectsکی تعریف اور اس میں بولے جانے والی آوازوں کی ستائش شامل ہے مگر اسے اپنی پرانی فلم سے بہت زیادہ مشابہت رکھنے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے ۔

اس فلم کو ہندی زبان میں بھی بنایا گیا ہے جس میں شاہ رخ خان کی آواز استعمال کی گئی ہے اور بہت سے لوگوں نے اس پر تنقید بھی کی ہے۔
سپائیڈرمین․․․․فارفروم ہوم:
باکس آفس پر29ملین ڈالرز کا بزنس کرنے والی یہ فلم ایک امریکن سپر ہیروفلم ہے جو مارول کو مکس کے کردار سپائیڈرمیں پر مبنی ہے ۔سپائیڈرمین ہوم کمنگ کا اگلاحصہ ہے اور اسے جون واٹس نے ڈائریکٹ کیا ہے ۔

اس فلم میں پیٹرپارکر یعنی سپائیڈرمین کا کردار ٹوم ہو لینڈ نبھارہے ہیں۔اس فلم کی کہانی کچھ یوں ہے کہ ہم سب کے پسندیدہ کردار سپائیڈرمین اپنے دوست نیڈ،ایم جے اور باقی دوستوں کے ساتھ سیر کاارادہ کرتے ہیں اور پیٹرپار کر اس بات کا فیصلہ کرتا ہے کہ وہ کچھ عرصہ تک تمام سپر ہیروسرگرمیوں کو پیچھے چھوڑ کر صرف دوستوں کے ساتھ مزہ کرے گا مگر قدرت نے اس کے لیے کچھ اور ہی سوچ رکھا تھا کیونکہ جب فیوری نے اسے کچھ غیر مرئی مخلوقات کے حملوں کے بارے میں بتایا تو وہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے تیار ہو گیا۔

اس فلم کے بارے میں فلم بینوں کی مثبت آراء موصول ہوئی اور تنقید کرنے والوں نے بھی اسے مزے دار اورتسلی بخش قرار دیا ہے اور اس میں شامل کاسٹ کی تعریف کی گئی ہے۔
الہٰ دین:
الہٰ دین جس کے چرچے اس کی ریلیز سے پہلے ہی شروع ہو چکے تھے ریلیز کے بعد اتنا بزنس نہیں کر سکی جتنی امید تھی ۔اس فلم کی کہانی کچھ یوں ہے کہ گلیوں میں پھرنے والا ایک شخص ایک جادوئی چراغ سے ایک جن کو آزاد کر دیتا ہے جو کہ اس کی تمام خواہشات کو پورا کرنے کے لیے تیار رہتا ہے اور اسے ایک شہزادے میں تبدیل کر دیتا ہے ۔

دوسری طرف شہزادی جیسمین ہیں جو محل سے باہر نکل کر دنیا کو دیکھنا چاہتی ہیں۔الہٰ دین شہزادہ بن کر شہزادی کو متاثر کرنے کے لیے تحفے تحائف لے کر جاتا ہے اور سلطنت کے خلاف ہونے والی سازشوں کا پتا چلنے پر اس کے خلاف کھڑا ہوجاتا ہے اور سلطنت کے خلاف منصوبہ بندی کرنے والے وزیر جافر کو الہٰ دین ،جینی کی مدد سے گرفتار کر وادیتا ہے مگر جافر اپنے طوطے کی مدد سے آزاد ہو جاتا ہے اور الہٰ دین کا چراغ چُرا کر جینی کا ملک بن جاتا ہے اور جیسمین کو شادی کے لیے مجبور کرتا ہے مگر الہٰ دین جینی کو پھر سے قابو کرکے جافر کو جینی میں بدل کر اسے ایک چراغ سے منسلک کر دیتا ہے ۔


الہٰ دین اور جیسمین ملک کی بھاگ دوڑ سنبھال لیتے ہیں ۔اس فلم کو اتنی پذیرائی حاصل نہیں ہوئی جتنی اس کی اصل اینیمیٹڈ(animated)فلم کو حاصل ہوئی۔اس فلم نے ابھی تک باکس آفس میں صرف 57ملین کا بزنس کیا ہے ۔اس فلم میں جینی کا کردار ول سمتھ ،الہٰ دین کا مینا مسعود اور شہزادی جیسمین کا کردار نومی سکاٹ ادا کر رہے ہیں ۔اس فلم کے بارے میں یہ رائے دی جارہی ہے کہ اس میں فن کا مظاہرہ اچھے طریقے سے نہیں کیا گیا اور یہی چیز اس کی نامقبولیت کا باعث بن رہی ہے۔


انابیل کمزہوم:
انابیل کمزہوم ،ہاررسیریزانابیل کا حصہ ہے جس میں ایک آسیب زدہ گڑیا کو مزید تباہی سے بچانے کے لیے جینیات دان ،عامل جنات ایڈاور لورین وارن نے اسے ایک کمرے میں متبرک شیشے میں قید کر دیا تھا۔مگر ایک رات مالکان کی چھوٹی بیٹی نے اس عجیب چیز کو آزاد کر دیا جس سے نئے سرے سے تباہی شروع ہوتی ہے ۔اس فلم کے مرکزی کردار ویرہ فرمنگا اور پیٹرک ولسن ہیں جو کہ عامل جنات کے طور پر اس فلم میں جلوہ افروزہوں گے ۔

اس فلم نے باکس آفس پر 134ملین ڈالرز کا بزنس کیا ہے۔یہ2014ء میں ریلیز ہونے والی فلم انابیل اور2017ء میں ریلیز ہونے فلم انابیل :کریئیشن کے تسلسل میں آنے والی فلم ہے۔یہ فلم ہاررفلموں کے شوقین لوگوں کے لیے بہت اچھی فلم ہے۔
فروزن2:
بچوں میں بے حد مقبول ہونے والی فلم فروزن کا اگلا حصہ فروزن2کے ریلیز ہونے کا امکان نومبر 2019ء ہے۔فلم کی کہانی برف کی رانی السہ اور اس کی چھوٹی بہن ایناکے گرد گھومتی ہے جو کے ارینڈیل کی سلطنت سے دور مہم جوئی کے لیے جاتی ہیں جہاں انہیں ان کے کچھ پرانے دوست بھی مل جاتے ہیں۔

اس فلم کے ڈائریکٹرجینیفر لی اور کرس بک ہیں۔فلم میں السہ کا کردار ارینہ مینزنل اور اینا کا کردار کرسٹن بیل نبھارہی ہیں۔ٹریلرجاری ہونے کے باوجود اس فلم کی کہانی کے متعلق کوئی خاص معلومات حاصل نہیں ہوئی ہیں اور شائقین کو اس فلم کے ریلیز ہونے کا بے صبری سے انتظار ہے۔

مزید ہالی ووڈ کے مضامین :

Your Thoughts and Comments