Jennifer Aniston

Jennifer Aniston

جینیفر اینسٹن

ہالی ووڈ میں زائدمعاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں سے ایک

پیر 2 ستمبر 2019

لیاقت علی جتوئی
1994ء میں ٹیلی ویژن شو‘فرینڈز‘میں راشیل گرین کا کردار نبھانے کے بعد جینیفراینسٹن نے ٹیلی ویژن اور اس کے بعد فلم کے ناظرین کے دلوں میں اپنے لیے خاص جگہ بنائی ہوئی ہے۔چاہے وہ ان کے ڈرامائی کردار ہوں، ایکسر سائز روٹین ہو یا پھر ذاتی زندگی ،پر ستار بھی ان کی زندگی کے ہر پہلو میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
ہر چند کہ انھوں نے رواں سال فروری میں اپنی 50ویں سالگرہ انتہائی دھوم دھام سے منائی ہے،لیکن وہ اس عمر میں بھی جواں سال،خوبصورت اور پہلے سے زیادہ پر جوش اور توانا لگتی ہیں ۔
وہ ایپل ٹی وی سیریز ’دامار ننگ شو‘کے ذریعے شوبز کی دنیا میں شاندار واپسی کے لیے تیار ہیں۔
جینیفر اینسٹن جہاں اپنی خوبصورتی،ایکسر سائز روٹین اور اداکاری کے بل بوتے پر ہیڈ لائنز میں جگہ بناتی ہیں، وہاں اس سال اپنی سالگرہ کے موقع پر ہیڈ لائنز میں جگہ بنانے کی ایک وجہ اس پارٹی میں ان کے سابق شوہر بریڈ پٹ کی شرکت تھی ،جس کے بعد یہ افواہیں بھی سر گرم ہو گئیں کہ غالباً دونوں ایک بار پھر ایک ہونے والے ہیں ۔

(جاری ہے)

تاہم جینیفر اینسٹن نے ان افواہوں کی سختی سے تر دید کی ہے ۔’ہم دونوں گزشتہ تین سال سے ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں اور ٹیکسٹ پیغامات کے ذریعے ایک دوسرے سے باخبررہتے ہیں،ہمارے تعلقات خالصتاً دوستانہ نوعیت کے ہیں ‘وہ کہتی ہیں۔
جینیفر کی زندگی کے ابتدائی دن
ہر چند کہ جینیفر اینسٹن کے والدین شوبز انڈسٹری سے وابستہ تھے ،تاہم انھوں نے شوبزنس کی دنیا میں آنے کے لیے کبھی اپنی بیٹی کی حوصلہ افزائی نہیں کی تھی۔
یہی وجہ ہے کہ جینیفر کو ابتدا میں کئی دیگر کام کرنے پڑے۔اداکارہ بننے سے پہلے انھوں نے 19سال کی عمر میں نیو یارک میں بائیک رائیڈر کی نوکری کی،جسے وہ صرف دو دن تک جاری رکھ سکیں ،کیونکہ بقول ان کے وہ بہت بُری رائیڈر تھیں۔اس کے علاوہ انھیں ایک ایڈورٹائزنگ ایجنسی میں ریسیپشنسٹ کی نوکری بھی کرنی پڑی۔تاہم جلد ہی انھیں احساس ہو چکا تھا کہ انھیں ہالی ووڈ کی اداکارہ بنناہے۔
انھوں نے ٹیلی ویژن شو ’فرینڈز ‘کے لیے آڈیشن دیا اور اس طرح شوبز میں ان کے شاندار کیریئر کا آغازہو گیا۔امریکی ٹیلی ویژن کی تاریخ کے چند کامیاب ترین شوز میں شامل ’فرینڈز‘2004ء میں اختتام پذیر ہوا ،جس کے بعد جینیفر اینسٹن نے ہالی ووڈ کی کئی فلموں میں کام کیا۔
فلموں کی بڑی اداکارہ
جینیفر اینسٹن کا شمار صرف ٹیلی ویژن کی بڑی اداکاراؤں میں ہی نہیں ہو تا،بلکہ وہ ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کی چند مہنگی ترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔
2018ء میں وہ ہالی ووڈ کی تیسری مہنگی ترین اداکارہ قرار پائیں جبکہ 2017ء میں فوربز نے انھیں میڈونا اور اوپر اونفری کے ساتھ امریکی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی امیر ترین اداکاراؤں کی فہرست میں شامل کیا۔سیلیبر یٹی نیٹ ورتھ کے مطابق،جینیفر اینسٹن کے خالص اثاثوں کی مالیت 240ملین ڈالرہے۔
ٹیلی ویژن پر واپسی
ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے حال ہی میں اپنی اسٹریمنگ سروس لانچ کی ہے،جہاں کمپنی بڑے ناموں کے ساتھ’اور یجنل کانٹینٹ‘پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔
اسی سلسلے میں ایپل ٹی وی اپنے ٹائپ کا ایک مارننگ شو پیش کرنے کا منصوبہ بنا چکا ہے،جس کے لیے انھوں نے جینیفر اینسٹن،ریزی ودھر سپون اور اسٹیو کاریل کو سائن کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق،جینیفر شو کی ایک قسط کے لیے ایک ملین ڈالر معاوضہ وصول کریں گی۔ابتدائی طور پر یہ شودوسیزن پر مشتمل ہو گا اور ہر سیزن دس اقساط کا ہو گا۔اس طرح توقع ہے کہ شو کے ذریعے جینیفر اینسٹن کی دولت میں مزید 20ملین ڈالر کا اضافہ ہو جائے گا۔

فرینڈز سے آمدنی ابھی تک جاری
حالانکہ ٹیلی ویژن شو’فرینڈز ‘2004ء میں ختم ہو چکا ہے ،تاہم اس کے چھ مرکزی کردار شو کی دوبارہ ٹیلی کا سٹنگ سے ابھی تک آمدنی حاصل کررہے ہیں۔’ورائٹی‘کے مطابق ،2018ء میں فرینڈز سب سے زیادہBinge-watchedشو تھا۔2015ء میں یو ایس اے ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ اس شو کا ہر کردار سالانہ سنڈ یکیشن رائٹس کی مدمیں20ملین ڈالر کما تا ہے ۔
صرف یہی نہیں،ویب اسٹریمنگ سروسز بھی اس شو کواپنے پلیٹ فارم پر لانے کے لیے معاوضہ ادا کرتی ہیں۔نیٹ فلیکس نے2018ء میں اس شوکو مزید ایک سال کے لیے اپنے پلیٹ فارم پر رکھنے کے لیے100ملین ڈالر ادا کیے۔
جینیفر اینسٹن بطور انٹر پر ینیور
شوبزنس میں شاندار کیریئر کے علاوہ،جینیفر اینسٹن ’ایکو فلمز‘کے نام سے ایک پروڈکشن کمپنی بھی چلاتی ہیں،جس کی بنیاد انھوں نے 2008ء میں رکھی تھی۔
وہ اس پروڈکشن کمپنی کے تحت’داوچ‘اور ’ڈمپلین‘نامی فلمیں پروڈیوس کر چکی ہیں۔یہ ان کے سالانہ کروڑوں ڈالر کمانے کا ایک اور مستحکم ذریعہ ہے۔
جینیفر اینسٹن بطور برانڈایمبیسڈر
’فرینڈز‘کے ابتدائی زمانے سے ہی جینیفر اینسٹن کئی برانڈز کی ایمبیسڈر رہی ہیں۔وہ’اسمارٹ واٹر‘کی برانڈ ایمبیسڈررہنے کے علاوہ یورپ کے کئی بیوٹی برانڈز کے کمر شل اور اشتہارات میں کام کر چکی ہیں۔
امارات کی ایئر لائن کے ڈیجیٹل اور ٹی وی کیمپئن کے لیے وہ 5ملین ڈالر معاوضہ وصول کر چکی ہیں۔فوربز کا تخمینہ ہے کہ جینیفر اینسٹن اشتہارات اور برانڈایمبیسڈر شپ کے ذریعے سالانہ کم از کم 10ملین ڈالر کماتی ہیں۔
اعزازات
مشہور زمانہ سیریز فرینڈز جینیفر کی پہچان ہے،جس میں بے ساختہ اداکاری پر انھوں نے پرائم ٹائم ایمی،گولڈن گلوب اور اسکرین ایکٹرگلڈ ایوارڈز جیتے۔اس کے علاوہ باکس آفس پر ان کی کئی فلمیں کامیاب ہوئیں،جن پر انھوں نے مختلف اعزازات اپنے نام کیے۔اس کے علاوہ وہ خدمت خلق کا جذبہ رکھتے ہوئے فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں ،جس کیلئے وہ مختلف این جی اوز کی مدد کرتی ہیں۔

Browse More Articles of Hollywood