Sonam Kapoor Bollywood Ki Fashion Guru

Sonam Kapoor Bollywood Ki Fashion Guru

سونم کپور بالی ووڈ کی فیشن گرو

سونم کپور اپنی اداکاری سے بھلے کسی کا دل نہ جیت سکی ہوں لیکن اسٹائل اور فیشن سینس کے اچھے خاص گر جاننے کے سبب وہ نہ صرف فیشن گروکہلاتی ہیں بلکہ مختلف فیشن ٹپس کے ذریعے وہ سبھی کو اپنا گرویدہ بھی بنا چکی ہیں۔

پیر 7 اکتوبر 2019

 فاروق احمد انصاری
سونم کپور اپنی اداکاری سے بھلے کسی کا دل نہ جیت سکی ہوں لیکن اسٹائل اور فیشن سینس کے اچھے خاص گر جاننے کے سبب وہ نہ صرف فیشن گروکہلاتی ہیں بلکہ مختلف فیشن ٹپس کے ذریعے وہ سبھی کو اپنا گرویدہ بھی بنا چکی ہیں۔ شادی کے بعد ان کے منگل سوتر پہننے کے انداز کو ہی دیکھ لیجئے،شادی شدہ خواتین اسے گلے میں پہنتی ہیں تو سونم نے گردن کے بجائے کلائی میں ’منگل سوتر‘پہننے کا ایک نیا فیشن ایجادکیا ہے ،جس پر سوشل میڈیا پر کافی بحث ہوئی،کوئی ان کی حمایت میں بولتا نظر آیا توکسی نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا
۔

گزشتہ دنوں جب سونم فلم”ویرے دی ویڈنگ“کی تشہیرمیں مصروف تھیں تو فیشن میگزین ”فیمینا“کے نئے شمار ے کے سرورق کی زینت بن گئیں۔تصویر میں سونم کپور نے کالے رنگ کا لباس پہن رکھا ہے۔

(جاری ہے)


جن دنوں کترینہ کیف اور اداکاررنبیر کپور اپنی فلم جگا جاسوس کی پروموشن میں بہت مصروف تھے تو اس دوران ایک انٹرویو میں اداکار رنبیر سے جب کترینہ کے فیشن کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت میں فیشن کی بات کی جائے تو دوسرے لوگ جو فیشن بعد میں اپنا تے ہیں،سونم وہی فیشن 3مہینے پہلے کر چکی ہوتی ہیں۔

اس لیے شاید سونم کے بجائے کترینہ کو فیشن آئیکون سمجھا جاتا ہے جبکہ کترینہ اس حوالے سے بہت زیادہ شر میلی بھی ہیں ۔اس انٹرویو کے دوران کترینہ کیف بھی وہیں موجود تھیں اور انہوں نے سونم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سونم کے فیشن کا سینس بہترین ہے،میں تو وہ پہنتی ہوں جو مجھے پسند ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور کی جانب سے کترینہ کیف کو بہترین فیشن آئیکون کہنے پر اداکارہ سونم خاصی ناراض ہو گئی تھیں۔

ان کا کہنا تھاکہ انہیں فیشن کے بارے میں کترینہ سے زیادہ علم ہے۔سونم کپور نے مزید کہا کہ رنبیر کے اس طرح کے ریمارکس دراصل ان کی نئی آنے والی فلم جگا جاسوس کی پروموشن کا ایک طریقہ تھا۔سونم ہر سال فرانس میں منعقد ہونے والے کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کرکے فیشن کے حوالے سے خوب داد حاصل کرتی ہیں جبکہ ریڈ کارپٹ پر بکھیرے گئے ان کے جلووں کی بازگشت ہالی ووڈ میڈیا میں بھی سنائی دی۔
اس حوالے سے جب انٹرویو کے دوران سونم کپور سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف ریڈ کارپٹ پرواک کرتی ہیں اور کیمرے کے سامنے مسکراتی رہتی ہیں ،خوبصورت لگنے میں ان کا کوئی ہاتھ نہیں بلکہ یہ سارا کمال فیشن ڈیزائنرز ،میک اپ آرٹسٹ اور فوٹو گرافرز سمیت پوری ٹیم کا ہے۔
سونم اب تک کئی فلموں جیسے دہلی6،بھاگ ملکھا بھاگ ،نیر جا،رانجھنا ،پریم رتن دھن پایو،ویرے دی ویڈنگ میں اداکاری کے جلوے دکھا چکی ہیں۔
فلم ”خوبصورت “میں انہوں نے پاکستانی اداکار فواد خان کے ساتھ کام کیا اور دونوں ہی بہت خوبصورت دکھائی دیے۔حال ہی میں سنجے دت کی زندگی پر بننے والی سپر ہٹ فلم”سنجو“میں سونم نے سنجے دت کی بیوی کا کردار ادا کیا ہے۔تیکھے نقوش ،متناسب جسم اور لمبے قد کی وجہ سے فیشن کی دنیا اور سوشل میڈیا میں موضوع بحث رہنے والی سونم کپور کا ذکر اگر چہ بڑی اداکاراؤں میں نہیں ہوتا تاہم وہ پھر بھی سلمان خان سمیت بہت سے ہیروز کے ساتھ مرکزی کردار ادا کر چکی ہیں۔

بھارت کے دوسرے معروف ”کپور “خاندان میں آنکھ کھولنے والی سونم کپور کا شوق ایک ڈائریکٹراور رائٹر بننے کا تھا۔اس شوق کی آبیاری میں وہ سنگا پور یونیورسٹی میں تھیٹر اور آرٹس کی تعلیم بھی حاصل کرنے گئیں۔اس وقت سنجے لیلا بھنسا لی فلم”بلیک“بنا رہے تھے۔رانی مکھرجی کے کہنے پر سنجے نے سونم کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر بنانے کی آفر کردی ۔اس طرح سونم کو ایک بڑے ڈائریکٹر کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔
یہیں پر سنجے لیلا بھنسالی نے سونم کو فلم سانور یا میں کاسٹ کرنے فیصلہ کیا۔رنبیر کپور کے ساتھ ان کی یہ پہلی فلم فلاپ ثابت ہوئی ۔سونم کپور فیشن کی دنیا میں بھی اچھی سے اچھی ماڈلز کو پیچھے چھوڑ چکی ہیں۔ روائتی ساڑھی ہو یا گھا گرا،مشرقی لباس ہو یا پھر مغربی ،سونم ہر طرح کے لباس میں سب کی توجہ اپنی جانب متوجہ کر لیتی ہیں۔بہت سی اداکارائیں سونم سے فیشن ٹپس لیتی ہیں ۔وہ ملکی اور غیر ملکی فیشن میگزین کے سرورق پر اکثر نمودار ہوتی رہتی ہیں جبکہ فیشن شوز میں”شواسٹاپر“بھی بنتی ہیں۔

Browse More Articles of Bollywood