South Korean Movie Perasite Ne Tareekh Raqam Kar Di

South Korean Movie Perasite Ne Tareekh Raqam Kar Di

جنوبی کوریائی فلم پیرا سائیٹ نے تاریخ رقم کردی

26ویں سکرین ایکٹرز گلڈ ایوارڈز

پیر 3 فروری 2020

وقار اشرف
فنکاروں کے اعتراف فن کے لئے دنیا بھر میں انہیں ایوارڈز سے نوازا جاتاہے جو فنکاروں کے لئے ٹانک کا کام کرتے ہیں۔ایوارڈز کے حصول کے بعد فنکار کے فن کی پختگی اور بلندی پر گویا مہر تصدیق ثبت ہو جاتی ہے۔26ویں سکرین ایکٹرز گلڈ ایوارڈز کی تاریخ کئی برسوں پر محیط ہے۔26ویں سکرین ایکٹرز گلڈ ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب 19جنوری 2020ء کو لاس اینجلس کیلیفورنیا کے شرائن آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جو دنیا کے کئی بڑے چینلز سے براہ راست نشر ہوئی۔
ان ایوارڈز کے لئے نا مزد گیوں کا اعلان 11دسمبر2019ء کو ہی کر دیا گیا تھا۔ایوارڈز تقریب سے پہلے ریڈ کارپٹ پر بھی ستاروں نے جلوے بکھیرے جن میں جینیفر لو پیز،جینیفراینسٹن اور دیگر ہالی وڈ ستارے نمایاں تھے۔
 ان”ساگ“ایوارڈز میں پہلی بار جنوبی کورین فلم”پیرا سائیٹ“نے بہترین فلم کا ایوارڈ جیت کر ایک نئی تاریخ رقم کی،اس ڈارک کامیڈی تھرلر فلم کو بانگ جونہونے ڈائریکٹ کیا تھا،فلم کی کہانی اور سکرین پلے بھی انہوں نے ہان جن وون کے ساتھ مل کر لکھا تھا،اس فلم کے نمایاں ستاروں میں سانگ کانگ ہو،لی سن کیون،شوجیو جیانگ ،پارک سوڈیم اور دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

فلم کا 21مئی2019ء کو کانز فلم فیسٹیول میں ورلڈ پریمیئر ہوا تھا۔یہ سکرین ایکٹرز گلڈایوارڈز کی گزشتہ 26سال کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ اس میں انگریزی کے علاوہ کسی دوسری زبان کی فلم کو بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ایوارڈ وصول کرتے وقت فلم کی کاسٹ کے دس ارکان وہاں موجود تھے جنہوں نے سٹیج پر آکر ایوارڈ وصول کیا۔
اسکرین ایکٹر گلڈ ایوارڈز میں مجموعی طور پر فلم اور ٹی وی کے شعبوں کی پندرہ کیٹیگریز میں ایوارڈز دیئے گئے۔
فلم فیسٹیول کی ایک اور دلچسپ بات یہ تھی کہ اس بار ہالی وڈ کے مقبول اداکار براڈ پٹ اور ان کی سابقہ اہلیہ جینیفر اینسٹن نے بھی شرکت کی اور معاون اداکار اور اداکارہ کے ایوارڈز جیتے۔ایوارڈ تقریب کے دوران جب دونوں فنکاروں کا آمنا سامنا ہوا تو دونوں باقاعدہ ،بغل گیر ہوئے۔ایکشن ہیرو براڈپٹ کو گزشتہ برس ریلیز ہونے والی رومانٹک ہارر کامیڈی فلم”ونس اپون اے ٹائم ان ہالی وڈ“میں جاندار اداکاری پر معاون اداکار کا ایوارڈ دیاگیا ،اس فلم میں انہوں نے کلف بوتھ کا کردار ادا کیا تھا۔

جینیفر اینسٹن کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ”ساگ“2020ء ایوارڈز کو کبھی فراموش نہیں کر سکتیں اور یہ سب براڈپٹ کی وجہ سے ہے کیونکہ ایک طویل عرصے کے بعد وہ اپنے سابق شوہر کے ساتھ دوبارہ ملی ہیں ،اب ہم سب بڑے ہو گئے ہیں۔جینیفر اینسٹن اس موقع پر وائٹ ہاٹ سٹین گاؤن پہنے ہوئے تھیں۔جیمی فوکس ،ٹام ہینکس،الپکینو اور جوپیکی بھی سپورٹنگ ایکٹر میل کی کیٹگری کے لئے نامزد تھے۔
جینیفر اینسٹن کو ایپل ٹی وی کے ریالٹی شو ڈرامہ ”مارننگ شو“پر معاون اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔فلموں میں بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ”میریج اسٹوری“کی اداکارہ لاراڈیرن کو دیا گیا۔ اداکارہ سکارلٹ جو ہانسن ،نکول کڈ مین،جینیفر لوپیز اور مارگوٹ رولی بھی اس ایوارڈ کے لئے نامزد تھیں۔بہترین اداکار لیڈ رول کا ایوارڈ فلم”جوکر“کے ہیرو جیکوئن فونکس نے اپنے نام کیا۔
کرسٹن بیل،لیونارڈو ڈی کیپریو،عدنان ڈرائیور اور ٹیرن ایجرٹن بھی بہترین اداکار لیڈ رول فلم کے لئے نامزد تھے۔برطانوی اداکارہ رینی زیلو یگر نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔سکارلٹ جو ہانسن ،چارلیز تھرون،لو پتیا نیو نگو اور سنتھیا اریوو بھی بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لئے نامزد تھیں۔”ایو ینجرز اینڈ گیم“کو بہترین سٹنٹ فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔
دی آئرش مین،جوکر،ونس اپون اے ٹائم ان ہالی وڈ اور فورڈ بھی اس کیٹگری کے لئے نامزد تھیں۔”دی کراؤن“کو بہترین ڈرامہ کا ایوارڈ دیا گیا۔ٹی وی کے شعبے میں بھی نو مختلف کیٹگریز میں ایوارڈز دیئے گئے۔بہترین ٹی وی اسٹنٹ ڈرامہ کا ایوارڈ 2019ء میں اختتام کو پہنچنے والے شہرہ آفاق ڈرامہ”گیم آف تھرونز“کو دیا گیا،بہترین ڈرامہ اداکار کا ایوارڈ”گیم آف تھرونز“کے پیٹرڈنکلیج کے حصے میں آیا۔

Browse More Articles of Hollywood