62 Grammy Awards

62 Grammy Awards

62ویں گریمی ایوارڈز

بلی ایلیش نے نئی تاریخ رقم کر دی

ہفتہ 8 فروری 2020

وقار اشرف
جس طرح آسکر فلمی دنیا کا سب سے بڑا ایوارڈز ہے اسی طرح ایمی کو ٹی وی کا آسکر کہا جاتاہے۔ میوزک کی دنیا میں یہ اعزاز گریمی کو دیا جا سکتاہے جو مغربی موسیقی کی دنیا کے سب سے بڑے اور معتبر ایوارڈز سمجھے جاتے ہیں،یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے فنکار کے فن پر گویا مہر تصدیق ثبت ہو جاتی ہے۔گریمی ایوارڈز کی تاریخ کئی دہائیوں پر محیط ہے۔62ویں سالانہ گریمی ایوارڈز کی تقریب امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے سٹیپلز سینٹر میں منعقد ہوئی جس میں میوزک کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو اعزازات سے نوازا گیا جس میں بیسٹ ریکارڈ نگز ،کمپوزیشنز اور دیگر کیٹیگریز شامل تھیں۔
ایلیسیا کیز نے گزشتہ گریمی ایوارڈز کی طرح اس بار بھی تقریب کی میز بانی کی ۔

(جاری ہے)


گریمی ایوارڈز عموماً فروری میں ہوتے ہیں لیکن اس بار یہ روایت توڑ دی گئی اور جنوری کے آخری ہفتے میں انعقاد کیا گیا۔تقریب میں دنیا بھر سے نمایاں شوبز شخصیات شریک ہوئیں،نامور گلوکاروں اور پاپ بینڈز نے اپنی شاندار پر فارمنس سے تقریب کو چار چاند لگائے۔ تقریب کے دوران متعدد کیٹیگریز میں فنکاروں کو ایوارڈز سے نوازا گیا لیکن 62ویں گریمی ایوارڈز کا میلہ 18سالہ امریکی گلوکارہ بلی ایلیش نے لوٹ لیا جنہوں نے البم آف دی ایئر،سانگ آف دی ایئر اور بیسٹ نیو آرٹسٹ سمیت بیک وقت 5گریمی اپنے نام کرکے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔

ان کا گانا”بیڈ گائے“بھی سال کا بہترین گانا قرار پایا ہے۔اس طرح بلی ایلیش بیک وقت 5ایوارڈز حاصل کرکے پہلی کم عمر ترین گلوکارہ بن گئی ہیں۔اس تقریب میں جہاں بلی ایلیش نے 5ایوارڈ اپنے نام کئے تو وہیں ان کے 22سالہ بھائی گلوکار فینس اوکنیل بھی پیچھے نہ رہے انہوں نے بھی پانچ ایوارڈ اپنے نام کیے۔
 18دسمبر 2001ء کو پیدا ہونے والی بلی ایلیش نے دسمبر 2019ء میں اپنی 18ویں سالگرہ مناتے وقت معروف ہالی وڈ جاسوسی فلم ”جیمز بانڈ“کے ساتھ گانا تیار کرنے کا معاہدہ کرکے نیا ریکارڈ بنایا تھا اس طرح وہ پہلی خاتون گلوکارہ تھیں جنہوں نے 18سال کی عمر میں”جیمز بانڈ“سیریز کی 25ویں فلم کے لئے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر گانا بنانے کا معاہدہ کیا تھا،اس سے قبل وہ 17سال کی عمر میں بھی کئی ریکارڈ بنا چکی تھیں اور اب بیک وقت 5گریمی ایوارڈز جیتنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔
ان کا پہلا البم 2019ء میں ریلیز ہوا تھا۔بلی ایلیش سے قبل گلوکارہ واداکارہ ٹیلر سوئفٹ نے 20سال کی عمر میں بہترین فرسٹ میوزک البم کا ایوارڈ جیتا تھا تاہم انہوں نے صرف ایک ہی ایوارڈ اپنے نام کیا تھا لیکن بلی ایلیش محض 18سال کی عمر میں بیک وقت 5ایوارڈز اپنے نام کرکے تاریخ کی پہلی گلوکارہ بن گئی ہیں۔بلی جہاں بیک وقت 5ایوارڈز جیتنے والی پہلی گلوکارہ ہیں تو وہیں وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی اب تک کی دوسری بین الاقوامی شخصیت بن گئی ہیں،ان سے قبل گلوکار کر سٹو فرکراس نے 1981ء میں بیک وقت 5بڑے گریمی ایوارڈز جیتے تھے۔

ہائی لینڈ پارک لاس اینجلس میں پلنے بڑھنے والی بلی ایلیش نے گلوکاری کا آغاز کم عمری میں کر دیا تھا۔2016ء میں سنگل”اوشن آئیز“ ‘سے پہچان ملی جسے ان کے بھائی نے لکھا اور کمپوز کیا تھا۔2019ء میں آنے والا ان کا گاناBAD GUYبل بورڈ ہاٹ 100پر سر فہرست رہا تھا،وہ بگ فور گریمی ایوارڈ کے لئے نامزد ہونے والی کم عمر ترین آرٹسٹ ہیں ،انہیں بل بورڈ 2019ء وومن آف دی ایئر بھی قرار دیا جا چکا ہے جو ”بیڈ گائے“ہٹ میکرنے 12دسمبر کو لاس اینجلس میں منعقد ہونے والی تقریب میں وصول کیا تھا،بلی ایلیش یہ اعزاز حاصل کرنے والی سب سے کم عمر فرد ہیں۔

گریمی ایوارڈز کی تقریب میں مجموعی طور پر 84کیٹیگریز میں ایوارڈز دئیے گئے جس میں سے 11ایوارڈز ایک ہی خاندان کے 2 گلوکاروں نے اپنے نام کیے ۔تقریب میں لیڈی گا گانے بھی 2گریمی ایوارڈز جیتے۔ایوارڈز تقریب کے دوران لیزو،بلی ایلیش ،جوناز برادرز،ڈی جے خالد سمیت نامور گلوکاروں نے لائیو پر فارمنسز پیش کیں جس سے شرکاء محظوظ ہوتے رہیں۔تقریب میں امریکہ کے لیجنڈ باسکٹ بال پلیئر کو بے برائنٹ کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا جو کیلی فورنیا میں ہیلی کاپٹر حادثے میں اپنی بیٹی سمیت ہلاک ہو گئے تھے۔
گریمی ایوارڈز اس بار کئی حوالوں سے متنازعہ بھی رہے ہیں۔تقریب سے محض دو روز قبل ریکارڈنگ اکیڈمی چیف دیبورا دوگن کے استعفے نے ایوارڈز کے انعقاد کو مشکوک بنا دیا تھا۔اس کے علاوہ گریمی ایوارڈز کی تقریب لائیو دیکھنے والوں کی تعداد بھی گزشتہ بارہ سال کی کم ترین سطح پر رہی ہے ،حالیہ ایوارڈز کو 18.7ملین لوگوں نے براہ راست دیکھا۔

Browse More Articles of Music