Showbiz Main Taiz Bhagna Nahi Chahti

Showbiz Main Taiz Bhagna Nahi Chahti

شوبز میں بہت تیز نہیں بھاگنا چاہتی

با صلاحیت اداکارہ لائبہ خان سے خصوصی گفتگو

منگل 3 مارچ 2020

وقار اشرف
لائبہ خان ٹی وی کی ایک نو آموز لیکن بہت با صلاحیت اداکارہ ہیں ،انہیں اداکاری کی طرف آئے زیادہ عرصہ نہیں ہوا لیکن اس مختصر وقت میں ہی وہ اپنی پہچان بنا چکی ہیں اور آج کل بھی ان کے دو ڈرامے”مالا میر“اور ”میرا دل میرا دشمن“آن ایئر ہیں ورنہ انٹر ٹینمنٹ انڈسٹری میں اس وقت نئے لوگوں کے لئے جگہ بنانا بہت مشکل کام ہے کیونکہ نئے فنکاروں کی ایک بڑی تعداد کام کررہی ہے جو مختلف ذرائع سے مواقع تو تلاش کر لیتے ہیں لیکن ان کے لئے اپنا وجود قائم رکھنا مشکل ہوتاہے ۔
لیکن قدرتی طور پر با صلاحیت فنکاروں کو کسی سہارے کی ضرورت نہیں پڑتی بلکہ وہ اپنے ٹیلنٹ کے بل بوتے پر اپنا راستہ بناتے ہوئے آگے بڑھتے رہتے ہیں ۔لائبہ خان نے نہایت تیزی سے ٹی وی انڈسٹری میں جگہ بنائی اور صرف شائقین ہی نہیں بلکہ ڈرامہ انڈسٹری بھی حیران رہ گئی ۔

(جاری ہے)

ڈرامہ سیریل”عشق بے پناہ“سے کیریئر کا آغاز کیا جس کے بعد”دو بول“میں بھی ان کی اداکاری پسند کی گئی ۔

آج کل”مالا میر“اور”میرادل میرا دشمن“میں بھی وہ ناظرین کی توجہ اپنی طرف مبذول کروائے ہوئے ہیں ۔”میرا دل میرا دشمن “میں وہ یا سر نواز کی بیٹی عائشہ کا کردار ادا کر رہی ہیں جسے بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔
لائبہ خان نے شوبز کیریئر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مجھ سے پہلے میری فیملی سے کسی فرد کا شوبز سے تعلق نہیں ہے ۔ہم دو بہنیں ہیں اور اب میری چھوٹی بہن ایمان خان بھی شوبز میں کام کر رہی ہے انہوں نے حال ہی میں نجی چینل سے ختم ہونے والی ڈرامہ سیریل میں”دمسہ“کا ٹائٹل رول کیا تھا جو بہت زیادہ پسند کیا گیا۔
مجھے کبھی اداکاری کا شوق نہیں رہا بلکہ ہمیشہ سے ڈائریکٹر بننے کی خواہش تھی قسمت نے اداکارہ بنایا لیکن اپنا یہ خواب بھی ایک دن ضرور پورا کروں گی ۔میں نے کچھ عرصہ ماڈلنگ بھی کی لیکن اب پوری توجہ اداکاری پر ہے ۔میں ”میرا دل میرا دشمن“کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر ندیم صدیق کی ڈرامہ سیریل میں بھی کام کررہی ہیں جس کی کاسٹ میں حبا بخاری اور نوشین شاہ بھی شامل ہیں۔

لائبہ خان نے بتایا کہ میں سیکنڈ ایئر کی سٹوڈنٹ ہوں اور شوبز میں کام کے ساتھ ساتھ پڑھائی بھی جاری رکھے ہوئے ہوں اگر چہ کام کے ساتھ پڑھائی مشکل ہوتی ہے لیکن میں تعلیم مکمل کرنے کی خواہش مند ہوں ۔مجھے کام کی تلاش میں زیادہ جدوجہد نہیں کرنا پڑی کیونکہ ساری محنت میری والدہ نے کی ہے اور یہ انہی کا کریڈٹ ہے ۔میرے بہت سے آڈیشنز ہوئے ،میں نے بہت سے چھوٹے چھوٹے کام بھی کئے ہیں لیکن کسی جگہ بھی مجھے پریشانی یا ہر اسمنٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا کیونکہ جب آپ خود اچھے ہوتے ہیں تو پھر دوسرے بھی اچھے طریقے سے پیش آتے ہیں۔
ویسے بھی اب انڈسٹری میں زیادہ تعداد تعلیم یافتہ لوگوں کی ہے جو صرف کام کے لئے آئے ہیں اگر چند بُرے لوگ ہیں بھی تو آپ انہیں شٹ اَپ کال دیں۔لائبہ خان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ابھی میں نے بہت کچھ کرنا ہے یہ تو صرف آغاز ہے ۔سجل علی میری آئیڈیل اداکارہ ہے میں ان جیسی اداکاری تو نہیں کر سکتی لیکن ان کی پرفارمنس دیکھ کر بہت کچھ سیکھتی ہوں ۔
اس کے علاوہ مجھے سید جبران کی ایکٹنگ بھی بہت اچھی لگتی ہے ۔
میں سمجھتی ہوں کہ ابھی مجھے لیڈ رول نہیں کرنا چاہئے کیونکہ یہ میری ابتداء ہے جب نام بنالوں گی تو پھر لیڈ بھی کروں گی ۔مجھے سب کچھ آرام آرام سے کرنا ہے تیزی سے نہیں بھاگنا چاہتی ۔زیادہ تر سینئرز مجھے سمجھاتے ہیں ۔ڈی او پی سنی شاہ نے اس سلسلہ میں میری بہت مدد کی جبکہ”دو بول“کے دوران عفان وحید نے بھی گائیڈ کیا ،اسی طرح سید وجاہت حسین اور علی رضا اسامہ بھی بہت اچھے انسان ہیں جنہوں نے مجھے سکھانے میں اہم کردار ادا کیا ۔
جن دنوں”دو بول“آن ایئر ہوا تو لوگ پہچان لیتے تھے اور تصاویر بنانے کا کہتے تھے تو بہت اچھا لگتا تھا۔ لائبہ خان نے کیریئر کے انتخاب کے حوالے سے بتایا کہ والد کی خواہش تھی کہ میں آرمی میں جاؤں لیکن پھر انہوں نے مجھ پر چھوڑ دیا کہ تمہیں جو اچھا لگے وہ کرو،والدہ کی طرح والد بھی مجھے بہت سپورٹ کرتے ہیں۔ والدہ نے ایک بات سکھائی کہ انسان کو کبھی اپنی اوقات نہیں بھولنی چاہیے اور ہمیشہ تکبر سے دور رہنا چاہئیے۔
مجھے سوشل میڈیا کا زیادہ جنون نہیں البتہ کبھی کبھی ٹک ٹاک بنا لیتی ہوں۔اکثر ایسا بھی ہوتا ہے کہ ہم دونوں بہنیں تین تین دن نہیں ملتیں کیونکہ کبھی وہ مصروف اور کبھی میں۔سلور سکرین پر کام کرنے کے حوالے سے لائبہ خان نے بتایا کہ ابھی میرا فلموں میں کام کرنے کا ارادہ نہیں ہے کیونکہ اس وقت میری ساری توجہ صرف ٹی وی پر مرکوز ہے ،فلمیں ضرور کروں گی لیکن ابھی نہیں ۔

Browse More Articles of Television