Ertugrul Ghazi Ki Haleema Sultan

Ertugrul Ghazi Ki Haleema Sultan

ارطغرل غازی کی حلیمہ سلطان

ارطغرل غازی کی ہیروئن تنقید کی زد میں

بدھ 3 جون 2020

پوری دنیا میں مقبولیت حاصل کرنے والا اسلامی فتوحات پر مبنی ترک ڈرامہ ”دیر یلیش ارطغرل“ آج کل پاکستان میں ریاستی ٹی وی پر اُردو ڈبنگ کے ساتھ ”ارطغرل غازی “کے نام سے نشر کیا جا رہا ہے ،یکم رمضان المبارک سے نشر ہونے والے اس ڈرامے کو ملنے والی پذیرائی کا اندازہ آن ایئر ہونے سے لے کر اب تک سوشل میڈیا پر چلنے والے ٹرینڈز سے بھی لگایا جا سکتا ہے ۔
پاکستان میں ڈرامے کی مقبولیت کے ساتھ ساتھ اس کے کرداروں کو بھی پسند کیا جا رہا ہے ۔ڈرامہ سیریز جہاں ایک طرف مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے تو وہیں سوشل میڈیا پر ڈرامے کے مرکزی کرداروں حلیمہ خاتون اور ارطغرل غازی کے بھی خوب چرچے ہیں ۔ارطغرل کی بیوی حلیمہ خاتون کا کردار خوب صورت ترک اداکارہ اور ماڈل ایسرا بلجیک (Esra Bilgic) نے خوب صورتی اور مہارت سے نبھایا ہے اور آج کل ان کی خوب صورتی اور جاندار اداکاری کے ہر طرف چرچے ہیں ،وہ حسن اور اداکاری کا امتزاج لئے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)


حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی ایسرا بلجیک انسٹا گرام پر اپنی تصاویر شیئر کرنے کے بعد سے سوشل میڈیا پر بعض پاکستانی صارفین کی نفرت کا شکار ہیں اس تصویر میں انہوں نے مغربی لباس زیب تن کیا ہوا ہے جس پر ان کے مداحوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے کے بعد وہ یہ لباس کیسے پہن سکتی ہیں جو حلیمہ سلطان کی شخصیت کے خلاف ہے ۔
ان لوگوں کا خیال ہے کہ جس طرح وہ اس ڈرامے میں ایک مجاہد کی بیوی کا کردار ادا کر رہی ہیں اسی طرح انہیں حقیقی زندگی میں بھی اچھی مسلمان خاتون بننا چاہئے اور مختصر لباس کی بجائے مکمل لباس پہننا چاہئے ۔حالانکہ لوگ شاید بھول گئے ہیں کہ سکرین پر نبھائے جانے والے کردار اور حقیقی زندگی میں بہت فرق ہوتا ہے۔
14اکتوبر 1992ء کو انقرہ میں پیدا ہونے والی ایسرا کا شمار اس وقت ترکی کی مقبول ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے ،اگر چہ شوبز کا حصہ بنے زیادہ عرصہ نہیں ہوا لیکن اداکاری کے ساتھ ماڈلنگ میں بھی کافی نام کمایا ہے ۔
وہ اس تاریخی ترک ڈرامے کا 2014ء میں حصہ بنیں جس میں انہوں نے ترک قبیلے کے سردار ارطغرل کی بیوی اور عثمانی سلطنت کے عثمان اول کی ماں حلیمہ خاتون کا کردار بہت مہارت سے نبھایا ہے ۔2018ء میں آنے والے تاریخی ڈرامے کے نئے سیزن میں انہوں نے اداکاری نہیں کی تھی ۔اس کے علاوہ انہوں نے ”Bir Umut yeter“میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے ،2019ء میں ایک فلم ”ADANIS KUTSAL KAVGA“ میں بھی اداکاری کی جورواں سال مارچ میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن کورونا وائرس کے باعث اس فلم کی ریلیز آگے چلی گئی ہے ۔
آج کل ایسرا ایک کرائم ڈرامہ سیریز Ramo میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں ۔انقرہ کی بلکنٹ یونیورسٹی سے تعلقات عامہ میں ڈگری کی حامل ایسرا آج کل استنبول کی ایک یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم بھی حاصل کر رہی ہیں ۔ایسرا کی 2014ء میں ترک فٹ بالر گو کھن ٹور Gokhan Toreکے ساتھ دوستی ہوئی جو جلد ہی محبت میں بدل گئی جس کے بعد دونوں نے 21اکتوبر 2017ء میں شادی کرلی لیکن یہ شادی دیرپا ثابت نہ ہو سکی اور 17جون 2019ء کو دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی ۔

”ارطغرل غازی“ کو ترکی کا ”گیم آف تھرونز“ بھی کہا جاتا ہے ۔13ویں صدی میں اسلامی فتوحات کے حوالے سے اس ڈرامے کو انتہائی اہمیت حاصل ہے ۔”دیریلیش ارطغرل“ کی کہانی 13ویں صدی میں سلطنت عثمانیہ کے قیام سے قبل کی ہے جو ارطغرل نامی ایک بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ارطغرل غازی بھی کہا جاتا ہے ۔اس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں ،صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی فتوحات کا سلسلہ بر قرار رکھا ۔
اس میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی ،بہادری اور محبت کو خوب صورتی سے دکھایا گیا ہے ۔پاکستان میں اس ڈرامے کی مقبولیت نے ترکی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جہاں یہ ڈرامہ بنایا گیا تھا اور سب سے پہلے نشر ہوا تھا ۔ترکی ریڈیو اور ٹیلی ویژن (ٹی آر ٹی ) کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں یکم رمضان سے روزانہ نشر ہونے والا ”ارطغرل غازی“ ہر گزرتے دن کے ساتھ نیا ریکارڈ بنا رہا ہے اور اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔
ڈرامے کے یوٹیوب چینل پر صرف 15روز میں 15لاکھ سے زائد سبسکرائبرز ہو گئے اور پہلی قسط کو یوٹیوب پر ایک کروڑ 60لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے ۔اس کے برعکس ”ٹی آر ٹی “پر پہلی قسط کو 5سالوں کے دوران ایک کروڑ 20لاکھ بار دیکھا گیا جبکہ پاکستانی یوٹیوب چینل پر پہلی قسط کو صرف دو ہفتوں میں ایک کروڑ 13لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے ۔وزیر اعظم عمران خان نے چند ماہ قبل اس ڈرامے کو نشر کرنے کی خواہش اظہار کیا تھا جس کے بعد یکم رمضان سے پاکستان ٹیلی ویژن پر اسے نشر کرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔
جب پہلی قسط نشر ہوئی تو پی ٹی وی کے یوٹیوب چینل کو ایک ہی دن میں 40ہزار نئے صارفین نے سبسکرائب کیا اور اب پی ٹی وی اس ڈرامے کی عدد سے یوٹیوب پر عالمی ریکارڈ بنا سکتا ہے ۔8مئی کو پی ٹی وی ورلڈ کی جانب سے ایک ٹوئٹ کیا گیا تھا کہ ”چلیں ایک ماہ میں یوٹیوب پر نئے سبسکرائبرز کا عالمی ریکارڈ بناتے ہیں اس وقت کا ریکارڈ 66لاکھ کا ہے اور ”ارطغرل غازی “چینل اسے آپ کی محبت سے توڑ سکتا ہے ۔
“اس ٹوئٹ کے بعد یوٹیوب چینل پر ہزاروں سبسکرائبرز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 10لاکھ سے زائد ہو گئی جس کا اعلان دوسرے ٹوئٹ میں کیا گیا۔
یہ ڈرامہ پاکستان میں آن ایئر ہونے سے قبل اب تک دنیا کے 60ممالک میں مختلف زبانوں میں نشر کیا جا چکا ہے ۔پانچ سیزنز اور مجموعی طور پر 179قسطوں پر مشتمل اس ڈرامے کو ابتدائی طور پر 2014ء میں ٹی آر ٹی پر نشر کیا گیا تھا اور اب یہ نیٹ فلیکس اور دیگر آن لائن اسٹریمنگ چینلز پر بھی موجود ہے۔

سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین کی جانب سے ترک اداکارہ کی تصاویر لباس اور رہن سہن پر جس طرح تنقید ہو رہی ہے اس کو دیکھتے ہوئے پاکستانی شوبز فنکار بھی خاموش نہ رہ سکے ۔اس حوالے سے اداکارہ ارمینا خان نے ٹوئٹ کیا ہے کہ میں معذرت خواہ ہوں لیکن کیوں ؟یہ اتنا برا کافی نہیں ہے کہ پاکستانی اداکاروں اور اداکاراؤں کو مذہب کی آڑ میں تنقید کا نشانہ بنایا جا تا ہے اور اب ہم بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر بین الاقوامی اداکاروں کو مذہب کے حوالے سے تبلیغ کرکے خود کو مزید شرمندہ کر رہے ہیں ۔
یہ ناقابل یقین ہے ۔اسی طرح اداکار احسن خان نے بھی ٹوئٹ کیا کہ میں جانتا ہوں کہ پاکستان میں لوگ سوچتے ہیں کہ یہاں پر اداکاروں کو ٹرول کرنا اور انہیں جج کرنا ٹھیک ہے ،کم از کم ارطغرل کی کاسٹ کو بخشا جائے ،یہ شرمناک بات ہے ۔ان کے علاوہ شوبز کے دیگر افراد کی جانب سے ارطغرل غازی کے فنکاروں بالخصوص ایسرا پر تنقید بند کرنے کے لئے کہا گیا ہے ۔انوشے اشرف نے بھی ایسرا بلجیک سے پاکستانیوں کے رویے پر معذرت کرتے ہوئے ان کی خوبصورتی کی تعریف کی اور لکھا کہ پاکستانیوں کے رویے سے وہ تہہ دل سے معذرت خواہ ہیں ۔انہوں نے لکھا کہ وہ ایسرا بلجیک کے ڈرامے اسی شوق سے دیکھیں گی اور انہیں صرف شخصیت پر ہی پرکھیں گی نہ کہ کسی کردار سے جو انہوں نے بخوبی ادا کیا ہے ۔

Browse More Articles of Television