Jameel Bismil

Jameel Bismil

جمیل بسمل

نصف صدی تک فن کی خدمت کی

بدھ 12 مئی 2021

وقار اشرف
فلم،تھیٹر اور ٹی وی کے معروف اداکار مصنف اور ہدایتکار جمیل بسمل کو مداحوں سے بچھڑے 16 برس بیت گئے۔1942ء کو ہندوستان کے شہر میرٹھ میں پیدا ہونے والے جمیل بسمل تقسیم کے بعد ہجرت کرکے پاکستان منتقل ہو گئے اور فنی کیریئر کا آغاز تھیٹر سے کیا جس کے بعد ٹی وی اور فلموں میں بھی کام کیا جن میں نادان‘پہچان‘منجھی کتھے ڈانواں جیسی فلمیں شامل تھیں لیکن تھیٹر ان کا مضبوط حوالہ رہا۔

ان کا لکھا ہوا تھیٹر ڈرامہ”ہاؤس فل“عوام کی بھرپور پسندیدگی کا باعث بنا۔جمیل بسمل نے تقریباً 60 کے قریب اسٹیج ڈرامے لکھے جبکہ 600 اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ،اس کے علاوہ 360 کے قریب ٹی وی ڈراموں میں بھی اداکاری کی۔ان کے مشہور ڈراموں میں ہاؤس فل کے علاوہ شہر دی کڑیاں پنڈ وچ اور اندھیرے کے چور بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)


تھیٹر اور ٹی وی کے لئے ان کی خدمات کو کبھی بھلایا نہیں جا سکے گا۔

انہوں نے نصف صدی تک فن کی خدمت کی،اپنے ڈراموں میں عوام کو تفریح مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ مقصدیت کا بھی پیغام دیا۔بچوں کیلئے بھی بے پناہ کام کیا اور 1974ء میں چلڈرن تھیٹر کی بنیاد ڈالی اور اس حوالے سے بے پناہ کام بھی کیا۔جمیل بسمل کے شاگردوں کی ایک بڑی تعداد آج بھی کام کر رہی ہے جن میں شیبا بٹ اور حامد رانا بھی شامل ہیں۔جمیل بسمل کی فنی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے حکومت پاکستان نے انہیں 14 اگست 1989ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔اس کے علاوہ نیشنل ایوارڈ سمیت کئی دیگر اعزازات بھی انہیں دیئے گئے تھے۔جمیل بسمل 12 مئی 2005ء کو اس دنیا فانی سے رخصت ہو گئے تھے۔

Browse More Articles of Television