Pakistani Raj Kapoor Syed Kamal

Pakistani Raj Kapoor Syed Kamal

پاکستانی راج کپور سید کمال

سنجیدہ اور مزاحیہ کردار بخوبی نبھائے

ہفتہ 1 اکتوبر 2022

وقار اشرف
معروف اداکار سید کمال کو مداحوں سے بچھڑے 13 سال بیت گئے،وہ طویل عرصے تک عارضہ قلب میں مبتلا رہنے کے بعد یکم اکتوبر 2009ء کو 75 سال کی عمر میں راہی ملک ہو گئے تھے۔27 اپریل 1934ء کو بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر میرٹھ میں پیدا ہوئے اور تقسیم کے بعد 1957ء میں پاکستان آگئے جس کے بعد 1958ء میں بحیثیت اداکار پہلی فلم ”ٹھنڈی سڑک“ میں جلوہ گر ہوئے۔

وہ پاکستانی فلموں میں ساٹھ اور ستر کے عشرے کے کامیاب ترین اداکاروں میں شامل تھے اور اپنے دور میں لاتعداد مشہور فلموں میں کام کیا۔ان کی شکل بھارتی اداکار راج کپور سے کافی مشابہ تھی اسی لئے انہیں پاکستان کا راج کپور بھی کہا جاتا تھا۔سید کمال نے سیاست میں بھی قسمت آزمائی کی اور 1985ء میں جنرل ضیاء الحق کے غیر جماعتی انتخابات میں حصہ لیا تاہم کامیاب نہیں ہو سکے جس کے بعد فلم ”سیاست“ بنائی جو خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکی۔

(جاری ہے)

فلموں کے بعد ٹی وی پر بھی کام کیا اور پی ٹی وی کراچی سینٹر سے ”کمال کا شو“ کے نام سے ایک پروگرام کی میزبانی بھی کی۔انہوں نے سنجیدہ اور مزاحیہ ہر قسم کے کردار بخوبی نبھائے۔
ان کی مشہور فلموں میں ویرا،سہاگن،آشیانہ،جوکر،دال میں کالا،باپو،اپنا پرایا،ایاز اور مراد شامل تھیں۔1968ء میں ان کی فلم ”بہن بھائی“ ریلیز ہوئی جس پر انہیں نگار ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ان کے بیٹے غالب کمال نے بھی فلموں میں اداکاری کی ہے۔سید کمال نے آخری عمر میں اپنی شاعری کی ایک کتاب بھی تحریر کی جس کا نام ”کسب کمال“ تھا،انہیں بہترین فلمی خدمات پر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

Browse More Articles of Lollywood