Habib-ur-Rehman

Habib-ur-Rehman

حبیب الرحمن

فلم انڈسٹری کے خوبرو اور وراسٹائل اداکار

ہفتہ 25 فروری 2023

وقار اشرف
پاکستان فلم انڈسٹری کے خوبرو اور وراسٹائل اداکار حبیب الرحمن کو مداحوں سے بچھڑے 7 برس بیت گئے۔انہوں نے مجموعی طور پر 600 فلموں میں کام کیا جن میں 300 کے قریب پنجابی فلمیں تھیں۔ان کی اہم اردو فلموں میں آدمی،گمراہ،کالا پانی،ایاز،ماں کے آنسو،اولاد،غزالہ،وقت،دیوداس،سازش،شکریہ،آخری داؤ اور پردیس شامل ہیں جبکہ پنجابی فلموں میں موج میلہ،بابل دا ویہڑہ،میلہ دو دن دا،لنگوٹیا،بازی جت لئی،رنگو جٹ،اَت خدا دا ویر،پیار نہ منے ہار،چن چودھویں دا،ٹیکسی ڈرائیور،خلیفہ،دو مٹیاراں،مکھڑا چن ورگا اور چن شیر نمایاں ہیں۔
انہوں نے دو سندھی فلمیں پروڈیوس اور ڈائریکٹ بھی کی تھیں۔بطور ہیرو ان کی پہلی فلم ”معصوم“ تھی جو ان کی دوسری فلم تھی جس میں یاسمین ہیروئن تھی۔

(جاری ہے)

معصوم کے بعد آدمی‘زہر عشق‘اولاد اور دلہن بنی اور پھر فلمیں بنتی چلی گئیں۔ان کا شمار فلمی صنعت کے تعلیم یافتہ فنکاروں میں ہوتا تھا۔گورنمنٹ کالج لاہور سے ایم اے انگلش کرنے کے بعد اردو اور فارسی میں بھی ایم اے کیا تھا۔

وہ حادثاتی طور پر فلم انڈسٹری کا حصہ بنے تھے۔ان دنوں لاہور میں ایک ہی کہانی پر دو فلمیں ”لخت جگر“ اور ”حمیدہ“ بن رہی تھیں کہ وہ 1956ء میں دوستوں کے ہمراہ فلم ”لخت جگر“ کی شوٹنگ دیکھنے اسٹوڈیو گئے وہاں آڈیشنز ہو رہے تھے انہوں نے بھی آڈیشن دیا اور فلمی دنیا کا حصہ بن گئے۔
ہدایت کار لقمان نے انہیں فلم ”لخت جگر“ میں مختصر کردار دیا اور ان کا پہلا ہی سین ملکہ ترنم نور جہاں کے ساتھ تھا،یہ ان کے بھائی کا کردار تھا جس میں انہیں گھسیٹتے ہوئے کمرے سے باہر لانا تھا۔
اس کے بعد نذیر اجمیری کی فلم ”شہرت“ میں کاسٹ ہوئے اور یوں ان کا فلمی سفر شروع ہو گیا۔فلم ”شہرت“ کے بعد مسعود پرویز کی فلم ”زہر عشق“ میں مسرت نذیر کے مقابل کام کا موقع ملا اور فلم سپر ہٹ ہو گئی۔انہوں نے اس دور کی تمام ہیروئنز کے ساتھ کام کیا لیکن کیمسٹری نغمہ بیگم اور مسرت نذیر کے ساتھ زیادہ ملتی تھی۔وہ اپنی 600 فلموں میں ایس ایم یوسف کی ”دلہن“ میں اپنے کردار کو بہت پسند کیا کرتے تھے۔
انہیں 1958ء میں فلم ”آدمی“ اور 1961ء میں فلم ”سریا“ میں بہترین اداکاری پر نگار ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ 2002ء میں نگار لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا گیا۔
حبیب نے دو شادیاں کی تھیں۔دوسری شادی ماضی کی نامور اداکارہ نغمہ سے کی تاہم یہ شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی۔نغمہ سے حبیب کی ایک بیٹی ہیں جبکہ پہلی بیوی سے ان کے دو بیٹے اور چار بیٹیاں ہیں۔انہیں فالج کا حملہ ہوا تھا جس کے بعد دماغ کی شریان پھٹ گئی اور کئی روز تک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد 25 فروری 2016ء کو راہی ملک عدم ہو گئے تھے۔

Browse More Articles of Lollywood